راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اورسادگی سے منائی گئی

اتوار 24 مئی 2020 19:50

راولپنڈی 24مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور سادگی سے منائی گئی ۔دن کا آغاز عید کے خصوصی خطبات سے کیا گیا جن میں امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پرزور دیا گیا، ملکی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائوں کے ساتھ ساتھ کورونا وباء سے چھٹکارے کی دعائیں کی گئیں ۔

عید الفطر کے موقع پر کورونا ایس او پیز مدنظر رکھتے ہوئے بیشتر کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہو ئے ۔ راولپنڈی میں عید کے بڑے اجتماعات عید گاہ شریف ،لیاقت باغ ،مرکزی عید گاہ گوالمنڈی ،صادق آباد ،مدنی مسجد ،خیابان سرسید ،ریلوے گرائونڈ ڈھوک حسو،جامعہ اسلامیہ صدر ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال اور علی مسجد سیٹیلائٹ ٹائون میں منعقد ہوئے ۔

(جاری ہے)

لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے ۔اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء اور خطیب حضرات نے خصوصی خطبات دیئے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دن کی اہمیت کو بیان کیاجبکہ ملک وملت کی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور دنیا کو کورونا وباء سے نجات کے لیے بھی دعا کی گئی ۔

نماز عید کے بعد شہریوں نے اپنا وقت دوست احباب ،عزیزوں کے ساتھ گذارا اور مستحقین کی مدد کی ۔عید کے پر مسرت موقع پر مہمانوں کو پیش کرنے کے لیے سویاں اور دیگر میٹھی ڈشز کا خاص اہتمام کیا گیا تھا جبکہ لوگوں نے اس موقع پر تحائف کا تبادلہ بھی کیا ۔ترجمان راولپنڈی پولیس نے اے پی پی کو بتایاکہ عیدالفطر کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں 873مساجد50امام بارگاہ اور63کھلے مقامات پر نمازعید ادا کی گئی ۔

ذرائع نے قومی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے 4000سے زائد افسران وملازمان نے ڈیوٹی سرانجام دی ان میں سے 2500سے زائد اہلکار چاند رات اور عید پر ون ویلنگ روکنے کے لیے مامور رہے جبکہ دیگر نے نماز عید کے اجتماعات کی سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیئے ۔ عیدالفطر پر پولیس فورس کے علاوہ ایلیٹ فورس، گھڑ سوار پولیس، موٹر سائیکل سوار ،کوئیک ریسپانس فورس، رضاکاراور لیڈیز پولیس نے بھی ڈیوٹی سر انجام دی ۔ اس کے علاوہ فٹ پٹرولنگ بھی جاری رہی ۔تھانوں کی موبائلز اور موٹر سائیکل سوار پولیس نے عیدالفطرکے موقع پر اپنے اپنے علاقہ جات میںگشت کی ڈیوٹی سرانجام دی۔ ضلع راولپنڈی کے تمام داخلی و خارجی راستوںپر خصوصی پکٹس لگائی گئیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں