سعودی وفد کے دورہ کے موقع پرشیرافضل مروت نے متنازع بیان دیا، عمران خان

سیاسی جماعت میں دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے، شیر افضل مروت کو کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے، گفتگو

پیر 13 مئی 2024 22:40

سعودی وفد کے دورہ کے موقع پرشیرافضل مروت نے متنازع بیان دیا، عمران خان
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازع بیان دیا۔اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لیے زبردست کام کیا مگر سیاسی جماعت میں دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے، شیر افضل مروت کو کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے۔

بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ شیر افضل مروت ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا، شیر افضل کو سمجھایا کہ جنگ باہر والوں سے ہوتی ہے پارٹی میں لڑائی نہیں ہوتی۔عمران خان نے کہا کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازع بیان دیا جبکہ محمد بن سلمان نے میرے کہنے پر 2 مرتبہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس کروائی تھی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے بتایا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لیے بہت کام کیا لیکن ان کو پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے، شیر افضل مروت اب بھی پارٹی پالیسی کے مطابق چلیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، ان کو نوٹس جاری کیا ہے جواب دیں گے تو ٹھیک ہے، کوئی پارٹی ڈسپلن میں رہے تو ٹھیک، خلاف ورزی کرے تو پورس کا ہاتھی بن جاتا ہے۔عمران خان صحافی کے شیر افضل مروت کو ملاقات کے لیے بلوانے سے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر ہی روانہ ہوئے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں