گرین ٹاسک فورس کے زیراہتمام ’’پاکستان ڈے‘‘کے سلسلے میں ینگ ڈاکٹرز کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ

اتوار 26 مارچ 2017 16:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء)پاکستان گرین ٹاسک فورس کے زیراہتمام ’’پاکستان ڈے‘‘کے سلسلے میںراولپنڈی میڈیکل کالج کے ینگ ڈاکٹرز کی ٹیموں کے درمیان فلڈ لائٹ کرکٹ میچ ایوب نیشنل پارک اسپورٹس گراؤنڈ میں ہوا جس میں پاکستان گرین ٹاسک فورس ، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال کی کرکٹ ٹیموں کے مابین 20اوور کا میچ ہوا،جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔

اس میچ میںپاکستان گرین ٹاسک فورس کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ،ٹیم کے کپتان ڈاکٹرخرم کلیم ونر ٹرافی کے حقدار ٹھہرے اور انہیں ’’مین آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا ۔جبکہ بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہے ، ڈاکٹر عمران ارشد ، ڈاکٹر عدنان زاہداور داکٹر طارق نیازی نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جنید رحمان نے کمپیئرنگ کے فرائض سرانجام دئیے میچ کے اختتام پرمہمان خصوصی چیئرمین پاکستان گرین ٹاسک فورس ،سی پی ایس پی کے وائس پریذیڈنٹ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل انسانی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے ، ینگ ڈاکٹر ز تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں جو لائق تحسین ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان گرین ٹاسک فورس نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس قسم کے پروگرام کراتی رہتی ہے ، صحت مند جسم اور دماغ کے لیے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصّہ لیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں