سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن کا پنجاب کانسٹیبلری راوت کا دورہ

بٹالین ii میں تعینات افسران اور جوانوں کو کمیونٹی پالیسنگ اور اچھے اخلاق پر لیکچر دیا

منگل 15 جنوری 2019 21:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن نے پنجاب کانسٹیبلری راوت کا دورہ کیا۔سی پی او راولپنڈی نے دورے کے دوران بٹالین ii میں تعینات افسران اور جوانوں کو کمیونٹی پالیسنگ اور اچھے اخلاق پر لیکچر بھی دیا۔تفصیلات کے مطابق سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے پنجاب کانسٹیبلری پی سی iiروات کا دورہ کیا۔

سی پی او راولپنڈی کو پی سی iiروات پہنچنے پر بٹالین کمانڈر ایس ایس پی عابد عباس شاہ نے استقبال کیا،اور پولیس کے چاقو چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔سی پی او راولپنڈی نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور اپنے نام کا پودا بھی لگایا۔سی پی او راولپنڈی نے پی سی ii روات میں تعنیات افسران اور جوانو ں کو کمیونٹی پالیسنگ اور اچھے اخلاق پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا کام عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، ہم لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے بہت موقع اور طاقت دی ہے ،جس سے ہم لوگوں کی خدمت کر سکتے ہیں اور معاشرے سے جرائم کا خاتمہ کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

لوگوں کو پولیس کے ساتھ بہت ساری شکایات صرف رویہ اور اخلاق کی ہیں اس لئے پولیس کو عوام کے درمیان حائل خلیج کو پر کرنے کے لئے اپنا رویہ اور اخلاق بہتر کرنا چاہئے۔عوام کے ساتھ اچھے رویے سے پیش آنے پر عوام کے زیادہ تر مسائل بآسانی حل ہو سکتے ہیں۔کمیونٹی پالیسنگ کا مطلب ہی یہی ہے کہ عوام سے آچھا تعلق ہو اور کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو ، اس سلسلے میں ہمارے حضور ؐ ہمارے لئے اخلاق کا بہترین نمونہ ہیں وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔

اس لئے ہم سب کو چاہئے کہ ہم اپنا رویہ آچھا رکھتے ہوئے دل جمعی کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہوں ۔ آخر میں سی پی او راولپنڈی نے بٹالین iiمیں قائم دفاتر کا دورہ بھی کیا ، اور بٹالین iiراولپنڈی کے کمانڈر ایس ایس پی عابد عباس شاہ نے سی پی او راولپنڈی عباس احسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں