غیر قانونی ایل پی جی و پٹرول ایجنسیاں سر بمہر کر دی گئیں

جمعرات 17 جنوری 2019 23:55

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) محکمہ سول ڈیفنس راولپنڈی نے ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 08غیر قانونی ایل پی جی و پٹرول ایجنسیوں کو سر بمہر کر دیا ۔چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس راولپنڈی طالب حسین نے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر سول ڈیفنس راولپنڈی نے ضلع بھر میں ایل پی جی و پٹرول کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈائون شروع کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

اس آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور غیر قانونی ری فلنگ پر 05ایجنسیوں کو سر بمہر کیا گیا ۔انہوںنے بتایاکہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے یہ آپریشن اڈیالہ روڈ ،پیرودھائی، گوجر خان اور دیگر علاقوں میں کیا ۔دوران آپریشن ٹیموں نے 5ایل پی جی ری فلنگ ایجنسیوں اور 3دکانوں پر ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ و کھلے پٹرول و ڈیزل کی بلالائسنس فروخت ہوتے پائی ۔ اس صورتحال پر محکمہ سول ڈیفنس نے پٹرولیم ایکٹ کے تحت کارروائی کی ۔انہوںںے بتایاکہ یہ آپریشن جاری رہے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کی دکانیں سر بمہر کر دی جائیں گی اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کرایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں