تھانہ صادق آباد پولیس کی کارروائی ،آشنا کیساتھ ملکر شوہر کو قتل کرنیوالی ملزمہ گرفتار کرلی

ملزم جتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ،ملزمہ کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے ، سی پی او

بدھ 27 جنوری 2021 23:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) تھانہ صادق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آشنا کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کو قتل کرنے والی ملزمہ گرفتار کرلی،مقتول کے قتل کا مقدمہ اس کے بہنوئی کی مدعیت میں درج کیاگیاتھا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کا سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے ،تھانہ صادق آباد پولیس کو سکندر حیات نے درخواست دی تھی کہ اسے اطلاع ملی کہ اس کے سالے کو فائر لگے ہیں جس پر وہ اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ ہسپتال پہنچا جہاں فرحان الحق کی نعش پڑی ہوئی تھی ،مقتول فرحان الحق اوراس کی بیوی کے مابین اکثر لڑائی جھگڑا رہتاتھاجس پر صادق آبادپولیس نے مقدمہ درج کیا،ایس پی راول رائے مظہر اقبال کی زیرنگرانی ایس ایچ اوصاد ق آباد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تفتیش مقدمہ کرتے ہوئے فرحان الحق کے قتل میں ملوث اس کی اہلیہ آمنہ کو گرفتارکرلیا،جس نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس نے اپنے آشنا ندیم کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کو قتل کیا، ملزم ندیم کی گرفتاری کیلئے تما م تروسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تحرک جاری ہے جسے جلد گرفتار کرلیاجائیگا۔

(جاری ہے)

سی پی اومحمد احسن یونس نے ایس پی راول ،ایس ایچ اوصادق آباد اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ ملزم جتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ،ملزمہ کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں