مون سون کے دوران استعمال ہونے والی ہیوی مشینری چالو حالت میں ہونی چاہیے،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

منگل 24 مئی 2022 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران استعمال ہونے والی ہیوی مشینری چالو حالت میں ہونی چاہیے۔ واسا کے دفاتر اور عملہ کو الرٹ رکھا جائے۔شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ مون سون کے دوران تمام ادارے مل کر کام کریں ضلعی انتظامیہ مسلسل نگرانی کرے گی۔

ان خیالا ت کا اظہارڈپٹی کمشنر لیاقت باغ میں واسا مشینری کی انسپکشن اورگوالمنڈی پل پر نالہ لئی کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوں نے مون سون سے پہلے واساکی طرف سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیااور کہا کہ نالہ لئی کی صفائی کے کام کو مزید تیز کیا جائے۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے کہا کہ واسا نے تمام اپریشنل مشینری کی اوورہالنگ مکمل کر لی ہے اور تمام مشینری چالو حالت میں ہے۔

(جاری ہے)

مشینری میں ڈی واٹرنگ سیٹ، جیٹنگ و سکر مشینیں اور واٹر باؤزر شامل ہیں۔واسا کے ہیوی ڈیوٹی 28 ڈی واٹر سیٹ جن کی کپیسٹی 4 کیوسک بھی شامل ہیں۔نالہ لئی کی سالانہ بھل صفائی 30ملین روپے کی لاگت سے کام شروع کردیا گیاجو کہ30 جون تک مکمل کر لیاجائے گی۔ جس میں کٹاریاں پل سے گوالمنڈی پل تک نالے کی صفائی کی جائے گی۔پانی کے بہاؤ میں رکاوٹوں کو دور اور پلوں کے نیچے بننے والے رکاوٹ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نالے سے نکلنے والے ملبے کو ڈمپرز کے ذریعے شہر سے باہر منتقل کیا جارہا ہے۔شہر بھر کی سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔واسا تین ذرائع راول ڈیم، خان پور ڈیم اور شہربھر واسا کے 400 سے زائد ٹیوب ویل شامل ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے میگا پراجیکٹس بھی شروع کیے گئے ہیں۔جن میں چہان ڈیم کا منصوبہ حکومت پنجاب نے منظور کردیا ہے جس پر جلد ہی کام شروع ہوجائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں