شہید ڈولفن اہلکار آبائی گائوں چکری میں سپردخاک،وارث خانہ میں مقدمہ درج

منگل 30 اپریل 2024 21:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) راولپنڈی میں گزشتہ شب فرار ہوتے ملزمان کی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والے ڈولفن اہلکاروں کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل جبکہ شہید اہلکار کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کیساتھ پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں ادا کر دی گئی ، شہید ڈولفن اہلکار اسماعیل رؤف کی نماز جنازہ میں ایس ایس پی آپریشنز، کمشنر راولپنڈی، فوجی افسران اور قانون نافظ کرنے والے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی شہید ڈولفن اہلکار اسماعیل رؤف کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

شہید کے جسد خاکی کو تدفین کیلئے انکے آبائی گاؤں چکری میں سپرد خا ک کر دیاگیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں زخمی ڈولفن اہلکار محمد اعظم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ متن مقدمہ کے مطابق ملزمان کو مشکوک جان کر راولپنڈی صدر میں واقع ٹیکسلا سٹینڈ کے قریب روکنے کی کوشش کی گئی تاہم ملزمان موقعہ سے فرار ہوگئے جس پر ان کا تعاقب کیا گیا اور مریڑ چوک کے قریب ملزمان نے ہم پر فائرنگ کی۔

کمیٹی چوک کے قریب پہنچنے پر رش کے باعث ملزمان نے اپنی گاڑی وہی چھوڑ دی اور دوران فرار فائرنگ کی جسکے نتیجہ میں ڈولفن اہلکار اسماعیل گولیاں لگنے سے شہید ہوا جبکہ گولیاں لگنے سے مدعی مقدمہ محمد عاصم اور ایک راہگیر بھی شدید زخمی ہوا تھا۔ ملزمان کیخلاف مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں