سکیورٹی وجوہات :190 ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 17 مئی تک ملتوی

بدھ 15 مئی 2024 22:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاویدرانا نے جیل میں سکیورٹی وجوہات پر تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم کے خلاف 190ملین پاؤنڈ کے مالیاتی سکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر17مئی تک ملتوی کر دی کیس کی سماعت جیل انتظامیہ کی استدعا پر ملتوی کی گئی جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے احتساب عدالت کو تحریری درخواست میں استدعا کی گئی کہ چونکہ سینٹرل جیل اڈیالہ پنجاب کی ایک حساس ترین جیل ہے جس میں اس وقت گنجائش سے کہیں زیادہ 7ہزار کے لگ بھگ قیدی و حوالاتی موجود ہیں جن میں نہ صرف دہشت گردی اور توہین رسالت و مذہب سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان و مجرمان بلکہ سیاسی طور پر بھی ہائی پروفائل ملزمان بھی اس جیل میں ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض کالعدم تنظیمیں اڈیالہ جیل کے علاوہ میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور اٹک سمیت پنجاب کی کسی بھی جیل پر دہشت گردانہ حملہ کر سکتی ہیں جس پر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے 12مئی کو تحریری طور پر جیلوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے اشتراک سے ماک ایکسرسائز، دھماکہ خیز مواد کا کھوج لگانے اورسرچ آپریشنز سمیت جیل کے اطراف میں مختلف نوعیت کی سکیورٹی مشقیں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے جیل میں پرائیوٹ افراد اورگاڑیوں کا داخلہ بند رکھا گیا ہے لہٰذا آئندہ ہفتے تک مقدمات کی سماعت ملتوی کی جائے آئندہ ہفتے سے قبل جیل کی سکیورٹی کے لئے جاری قدامات مکمل کر لئے جائیں گے جس پر عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت ملتوی کر دی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ریفرنس میں نیب کے مزید گواہوں کے بیان قلمبند ہونا تھے یاد رہے کہ القادر ٹرسٹ کے نام پر190 ملین پاؤنڈکے مالیاتی سکینڈل ریفرنس میں مجموعی طور پر30 گواہان کے بیانات ہو چکے ہیں جبکہ ملزمان کے وکلا نے 19 گواہان پر جرح مکمل کر لی ہے واضح رہے کہ نیب نے اس ریفرنس میں 10گواہان کے نام پہلے ہی واپس لے لئے ہیں قبل ازیں نیب نے 59گواہوں کی فہرست ریفرنس کے ساتھ منسلک کی تھی تاہم 10گواہوں کے نام ترک کرنے کے بعد اب یہ فہرست 49گواہان پر مشتمل ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں