ملک سے اندھیرے ختم ،ترقی اور خوشحالی مقدر بنے گی ،خواجہ سعد رفیق

منگل 31 جنوری 2017 16:32

ملک سے اندھیرے ختم ،ترقی اور خوشحالی مقدر بنے گی ،خواجہ سعد رفیق
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کول پلانٹ کے لئے کوئلے کی پہلی ٹرین پہنچ گئی، انشاء اللہ اندھیرے مٹیں گے اور ترقی و خوشحالی پاکستان کا مقدر بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ساہیوال میں 1320میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ قومی ترقی کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف دیکھے گئے خوابوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں انہوں نے اپنی محنت، لگن اور جوش سے قومی اداروں کی بہتری اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے کٹھن اور نا ممکن کام کو ممکن بنا دیا ہے ، قومی ترقی میں دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر تعمیری کام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ریلوے پر جو اعتماد کیا ہم اس پر پورا اتر رہے ہیں اور قومی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے منگوائے گئے 55ریلوے انجنوں کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے اور ریلوے انجنوں کی تیاری کے لئے دونوں فیکٹریاں دن رات کام کر رہی ہیں۔ محکمہ ریلوے توانائی منصوبوں کی تکمیل اور معاونت میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہم ثابت کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے صرف سیاست نہیں بلکہ قومی تعمیر کے کام بھی کرتی ہے جس سے مخالفین کو سبق سیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی منصوبوں کے لئے ریاستی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں اور پڑوسی ملک چین پاکستان کی ترقی کے لئے ہمارا بھرپور ساتھ دے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جچینی قوم بہت محنتی، پر عزم اور وعدے پورے کرنے والی قوم ہے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں