سرگودہا شہر میں سیوریج کے پرانے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے گئے ، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 18 اکتوبر 2019 16:00

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہفتہ صفائی منانے کا فیصلہ کیاگیاہے جبکہ شہر سے تجاوزات کے خاتمہ مویشیوں کے انخلاء اور ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔ وہ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ریونیو کے معاملات کو درست کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ریونیو افسران اپناقبلہ درست کرلیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے متعلق بندیوں کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے ۔میڈیانمائندگان کے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرگودہا شہر میں سیوریج کے پچاس سالہ پرانے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اس ضمن میں تخمینہ جات تیار کر لئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوالہ کالونی میں بجلی کے ٹرانسفارمر کی تنصیب جلد ہونے کے بعد شہر سے تمام مویشیوں کو کالونی میں منتقل کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہفتہ صفائی شروع کرنے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی روشنی میں مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے او راس مہم میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کیاجائیگا ۔ ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے شہر میں بند فلٹریشن پلانٹ کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا گیاکہ اس معاملہ پر انکوائری کر وائی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سرگودہا میں ڈینگی کنٹرول میں ہے اور صرف ایک مقامی شہری ڈینگی بخار میں مبتلا ہوا ہے جبکہ یہاں کے ہسپتالوں میں زیر علاج 60فیصد مریض اسلام آباد جبکہ 40 فیصد راولپنڈی سے آئے جو سب صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اندرون شہر ٹریفک کے مسائل کو بہتر بنانے کیلئے ڈی ایس پی ٹریفک کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ تمام غیر قانونی رکشہ سٹینڈ ز کو ختم کروایاجائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ میونسپل سروسز کے فنڈز بھی جلد فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ تعمیر وترقی کا سلسلہ برقرار رکھا جاسکے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کنو کے فی من نرخ مقرر ہونے پر کاشتکار بہت خوش ہیں او رایکسپورٹرز نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوپن ڈور پالیسی کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے ۔ عوام کے مسائل حکومتی نمائندگان اورسرکاری اداروں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ بھی ہے ۔ انہوںنے میڈیا نمائندگان پر زور دیاکہ وہ حکومت اور سرکاری اداروں کے مثبت اقدامات سے بھی عوام الناس کو آگاہ کریں۔پریس کانفرنس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ اے ڈی سی جی بلال فیروز ‘ سی او میونسپل کارپوریشن طارق پرویا کے علاوہ ٹریفک ‘ صحت اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں