پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تمام چیلنجز اور مسائل کا جوانمردی سے سامنا کیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

پیر 18 جنوری 2021 15:09

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تمام چیلنجز اور مسائل کا جوانمردی سے سامنا کیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2021ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تمام چیلنجز اور مسائل کا جوانمردی سے سامنا کیا۔مشکل حالات کے باوجود ایسی پالیسیا ں بنائی گئی جس سے ملک کاخسارہ ختم ہوا۔ آج پاکستان معاشی خود انحصاری کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے گھمبیر صورتحال سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ کیا۔

اڑھائی سال بہت کم عرصہ ہونے کے باوجود وہ اقدامات آٹھائے جو40سالوں کے ادوار میں حکومتوں نے نہیں کئے۔وہ اپنے مختصر دورہ سرگودہا کے موقع پر چک نمبر 50شمالی میں سبابق ضلع ناظم و ایم این اے انعام الحق پراچہ کی رہائشگاہ پر پارلیمنٹرین اور مقامی پارٹی قائدین سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجید خان ،صوبائی پارلیمانی سیکریٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن چوہدری فیصل فاروق چیمہ،ڈویژنل چیئرمین وزیر اعلی شکایات سیل حسن انعام پراچہ ، ندیم افضل چن ،ڈاکٹر نادیہ عزیز ، ،ضلعی صدر پی ٹی آئی انصر اقبال ہرل اور نعیم الحق سیالوی کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین اور کارکنوں سمیت ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور ڈی پی او ذوالفقار احمد بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی انقلابی پالیسیوں سے آج ملکی سٹاک مارکیٹ بلند سطح پر پہنچ چکی ہے۔ تاجروں میں سکون و اطمینان پایا جاتا ہے۔ پورے پنجاب سے شہریوں کو صحت کارڈز تقسیم کئے جارہے ہیں۔ کوئی بھی فرد کسی بھی اعلی ہسپتال کی علاج معالجہ کی سہولتوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب رہی ہے اور اگلے اڑھائی سالوں میںمہنگائی، گڈگورنس اور انفراسٹرکچرپر خاص توجہ دی جائے گی۔

آئندہ پنجاب بجٹ میں سڑکوں کی تعمیر مرمت سمیت دیگرترقیاتی منصوبوں کیلئے ریکارڈفنڈز مختص کئے جائیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ اب پاک اتھارٹی شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے متحرک ہو چکی ہے۔ ہر ایک کو پینے کے صاف پانی فراہم کیا جائے گااور عام آدمی کے مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے سرگودہا کے پارلیمینٹیرین اور مقامی پارٹی قائدین کی سفارش پر پینے کے صاف پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گورنر پنجاب نے مقامی پارٹی قائدین کی سفارش پر میٹروپولٹین کارپوریشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اورتمام وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جلد اجلاس طلب کرے بیل آئوٹ پیکج کیلئے اقدامات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کروائی ۔ انہوں نے پارلیمنٹرین اور مقامی پارٹی قائدین کی جانب سے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کو بغور سنا اور ان کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی ۔

قبل ازیں سرگودہا آمد پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اپنے دیرینہ دوست مرحوم چوہدری بشیر احمد ہرل کی رہائش واقع کوئین روڈ پر گئے جہاں انہوں نے پسماندگان چوہدری ناصر ہرل ، چوہدری افتخار ہرل ،چوہدری راشد ہرل ،رانا ذیشان احمد ، رانا عبدالغفار اور چوہدری حسن محمد سے تعزیت اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔\932

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں