دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی منصوبہ جات وقت کی اہم ضرورت ہیں،صوبائی وزیر منصور قادر

جمعرات 30 مارچ 2023 19:17

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم وسکول ایجوکیشن پنجاب منصور قادر نے کہا ہے کہ جامعات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تحقیق کو فروغ دے کر ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی منصوبہ جات وقت کی اہم ضرورت ہیں جبکہ جامعات اس بات کی صلاحیت رکھتی ہیں کہ اپنی مدد آپ کے تحت عملی تعلیم و تحقیق کی داغ بیل ڈالیں تاکہ جامعات اپنے حصے کی شمع روشن کر کے ملک و قوم کو اندھیروں سے نکال سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے ملاقات کے موقع پر ڈینز، پرنسپلز اور مختلف شعبہ جات کے تعلیمی وانتظامی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

منصور قادر نے کہا کہ میں تعلیمی اداروں کا بطور وزیر دورہ کرتا ہوں لیکن جوخوشی، مسرت اور اطمینان یونیورسٹیوں کا دورہ کرکے محسوس ہوتی ہے اس پر مجھے بہت فخر ہے کہ میں ایک نسل کو عملی طور پر تیار کرنے والے اساتذہ سے مخاطب ہوتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا آ کر اور یہاں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں جان کر بہت خوشی محسوس ہوئی اور جو پراجیکٹس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مجھے بتائے وہ اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں اور وطن عزیز کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے۔ صوبائی وزیر منصور قادر نے مزید کہا کہ ہمیں باقی دنیا کا مقابلہ کرنے اور ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہونے کے لئے باقاعدہ واضح حکمت علمی اپنانا ہو گی اور یہ ذمہ داری ہمارے اساتذہ پر عائد ہوتی ہے کہ وہ موجودہ نسل کی آبیاری تعلیمی وعملی تربیت کے ساتھ اخلاقی حوالے سے بھی کریں اور اساتذہ اپنا فرض پہچانتے ہوئے تعلیمی اداروں میں علمی شمع روشن کریں اور اسی میں ہماری بقاہے۔

صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا اہم ترین ملک ہے اور اس کے ہمسایہ ملک چائنہ کے ساتھ معاشی اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں چائینز زبان کو فروغ دینا ہو گا اور سرگودھا یوینورسٹی کا چائینز سنٹر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں