سول ڈیفنس معاشرتی ترقی کیلئے ہمارے تمام شعبہ جات میں لازم ہو چکی ہے ،بارک اللہ خان

ہفتہ 18 مئی 2024 18:06

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس پنجاب بارک اللہ خان نے کہا ہے کہ سول ڈیفنس معاشرتی ترقی کیلئے ہمارے تمام شعبہ جات میں لازم ہو چکی ہے جس کے تربیت یافتہ رضا کار وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیںیہی وجہ ہے کہ ملک کی دونوں جنگوں میں تنظیم شہری دفاع کا کردار بڑا فعال رہا ہے اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ خصوصی طور پر ہمارے لیے اہمیت کا حامل بن چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس پنجاب بارک اللہ خان نے سرگودھا آمد پر سول ڈیفنس میں مردوخواتین رضاکاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تنظیم شہری دفاع زمانہ امن اور زمانہ جنگ میں یکساں خدمات انجام دیتی ہے ، اس لئے ان رضاکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،یہ وہ لوگ ہیں جو اللہ کی رضا کے لیے کام کرتے ہیں، پاکستان کے ہر گھر میں ایک رضا کار اور ایک فرسٹ ایڈ باکس کا ہونا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

چیف وارڈن ہارون رشید تبسم نے کہا کہ شاہینوں کے شہر سرگودھا میں سول ڈیفنس کی اہمیت بہت زیادہ ہے وارڈن پوسٹوں کی تعمیر الیکشن ڈیوٹی کا اعزازیہ ، وردیوں کی فراہمی، اور تنظیم شہری دفاع سے پیڈ رضاکاروں کی تعیناتی بہت ضروری ہے ، سرگودھا کے رضا کار بے لوث، خدمات انجام دے رہے ہیںجس کے گواہ اہلِ سرگودھا ہیں۔ سول ڈیفنس آفیسر سائرہ خان نے کہا کہ تنظیم شہری دفاع ہلالِ استقلال کی پیشانی پر اپنی خدمات پیش کر چکی ہے، قلیل وقت میں بہت زیادہ رضاکاروں کا جمع ہو جانا تنظیم شہری دفاع کے فعال ہونے کی دلیل ہے ،رضا کاروں کو ہر قسم کی سہولیات مہیاکرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

یہاں آمد ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس پنجاب بارک اللہ خان نے ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس کیپٹن (ر)اورنگ زیب خان سے ملاقات کی جس میں طے پایا کہ سول ڈیفنس کو تربیت کے مواقع دئیے جائیں گے اور نامساعد حالات سے نبردآزما ہونے کے لئے رضا کاروں کے لیے آگاہی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ کیپٹن(ر) اورنگ زیب خان نے یقین دہانی کی کہ وہ سول ڈیفنس کے مخلص رضاکاروں کے مسائل حل کرنے کی بھرپورکوشش کریں گے۔اس موقع پر ڈی جی سول ڈیفنس اور کنٹرولر سول ڈیفنس کے درمیان پھولوں کا تبادلہ ہوا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں