ضلعی رابطہ کمیٹی نے شہر کے 17 داخلی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری دے دی

ہفتہ 18 مئی 2024 21:13

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) ضلعی رابطہ کمیٹی نے شہر کے 17 داخلی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری دے دی ہے ، اس اقدام سے مویشی چوری سمیت دیگر جرائم فوری ٹریس ہوں گے اور جرائم میں 40فیصد تک کمی ہو گی۔رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینئر ممبر صوبائی اسمبلی سردار عاصم شیر میکن کی زیر صدارت ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا منور غوث،بیرسٹر تیمور خان بلوچ، منور اعظم سندھو، میاں اکرام الحق، مسلم لیگ ن کے ڈویژنل سیکریٹری اطلاعات طارق قاسمی،ڈپٹی کمشنر اورنگزیب حیدر خان اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول،ستھرا پنجاب، شادی ایکٹ،امن عامہ کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت، ایرانی آئل کی سمگلنگ، گندم، کھاد اور چینی کی ذخیرہ اندوزی اور عطائیت کے خاتمہ کیلئے کی گئی کارروائیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں مختلف محکموں کی 272 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جس میں 177 جاری اور 95 نئی سکیمیں ہیں، ان سکیموں کے لیے رواں سال کے لیے مختص 80 فیصد فنڈز استعمال ہو چکے ہیں۔ ڈی پی او نے عید الاضحیٰ اور محرم کے سیکورٹی پلان بارے بریفنگ دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ سی آئی اے نظام کو بحال کر کے انہیں مویشی اور موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کا ٹاسک دیاگیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم شیر میکن نے کہا کہ افسران دفاتر میں عوام کے مسائل کو زیادہ وقت دیں۔اُنہوں نے تمام محکموں میں دفتری اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہاکہ عوام کے جائز کاموں میں التوا کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ضلعی رابطہ کمیٹی نے افسران کے پاس ایڈیشنل چارج کو ختم کرنے، مستقل افسر تعینات کرنے، 47 پل کے فنڈزکیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کرنے کے ساتھ ستھرا پنجاب کے تحت فیس وصولی کا ڈیجیٹل سسٹم نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی نے ہر یونین کونسل میں سیکرٹری کی تعیناتی یقینی بنانے کے ساتھ بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کاپتہ چلا کر انہیں فارغ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کمیٹی ممبران نے ضلع کونسل کے استعمال شدہ فنڈز کی تفصیلات طلب کرنے کے ساتھ جیل روڈ، یونیورسٹی روڈ اور سیشن روڈ کی خوبصورتی اور ٹریفک سگنلز کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ممبران کمیٹی نے کھاد کی مقرر کردہ نرخوں پرہر صورت یقینی بنانے کے علاوہ ایرانی تیل کی سمگلنگ کے خلاف مہم مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ضلعی رابطہ کمیٹی میں کیے جانے والے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد اور ممبران پارلیمنٹ کے بعض تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈاکو سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے اے ایس پی فتح شیر میکن کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کے نمائندہ احمد نواز بھی موجود تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں