وزیراعظم کادورہ، انتظامیہ کی پھرتیاں، سمبڑیال چمک اٹھا

بدھ 9 دسمبر 2020 23:05

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2020ء) وزیراعظم کے ایک روزہ دورہ پر انتظامیہ کا’’ چمتکار‘‘سمبڑیال ایک دن کے لیے چمک اٹھا ،آمد سے قبل ایئرپورٹ روڈ، مین روڈ پالش، روڈ کنارے تجاوزات اچانک ختم ،پھل فروٹ کی ریڑھیاں غائب ، شہریوں نے انتظامیہ کی پھرتیوںکو ’’ایک دن کی چاندنی‘‘کے مترادف قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان ،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کی افتتاحی تقریب میں شرکت اورسیالکوٹ آمد کے موقع پر تحصیل سمبڑیال کی انتظامیہ نے دن رات ایک کرتے ہوئے ایئرپورٹ روڈ اور مین روڈ کو صفائی ستھرائی کرتے ہوئے پالش کردیا وہاں پر عرصہ سے باربار عوامی احتجاج کے باوجود سمبڑیال موڑ سے ڈرائی پورٹ چوک تک تجاوزات کے خلاف کاروائی سے گریزاں آنکھیں بند کر کے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے والی تحصیل انتظامیہ نے ’’چھومنتر‘‘ کرکے عارضی طورپر تجاوزات کو فوری ختم کروادیا مین روڈ کنارے پھل ودیگر اشیاء کی فروخت کے لیے کھڑی ہونے والی ریڑھیوں کو غائب کروادیا گیا اندرون شہر گلیوںمحلوں میںگندگی کی بدترین صورتحال جوں کی توں منہ چڑا تی رہی ۔

(جاری ہے)

شہریوں کا وزیراعظم عمران خان کی آمد پر تحصیل انتظامیہ کے مذکورہ اقدامات کو اعلیٰ حکومتی شخصیات سمیت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور’’ایک دن کی چاندنی پھر اندھیر ی رات ‘‘ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سمبڑیال میں ایک دن کی صفائی کا ’’چمتکار ‘‘صرف وزیراعظم عمران خان سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات کیآمد پر نظرآیا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ دورہ کے بعد حسب روایت پھر لمبی نیند سوجائے گی ۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں