یورپ جانے کے خواب نے زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

جمعہ 17 مئی 2024 22:56

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) یورپ جانے کے خواب نے زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، سمبڑیال کے علاقہ سیدووالی کے ایران جانے والے 3 نوجوان ایران ائیرپورٹ سے انسانی سمگلروں کے ہاتھوں اغواء ہوگئے، اغوائکاروں کی طرف سے ورثاء سے مغویوں کی رہائی کے عوض 80،80 ہزار تاوان کا مطالبہ، نوجوانوں پر بدترین تشدد، جسم سگریٹ سے جھلسانے کی وڈیوز گھر والوں کو بیجھ دیں، نوجوانوں کے گھروں میں ماتم کی فضاء، ویڈیوز دیکھ کر اہل خانہ غم سے نڈھال، تنویر احمد نامی مغوی نوجوان کی والدہ صدمے سے ہسپتال جا پہنچی، والدین کا وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت ارباب اقتدار سے بیٹوں کی دیار غیر میں انسانی سمگلروں سے بازیاب کروانے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق سمبڑیال کے علاقے سیدووالی سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان تنویر عباس شہروز علی اور لقمان علی انسانی سمگلروں کے ہتھے چڑھ گئے۔

(جاری ہے)

یہ تینوں نوجوان لاہور کے ایجنٹ سے ایران کا ویزہ لے کر ایران پہنچے تو ائیرپورٹ سے اترتے ہیں ان کو اغوا کر لیا گیا ان تینوں نوجوانوں پر تشدد کی ویڈیو ان کے اہل خانہ کو بھیج کر 80 80 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے اور تاوان ادا نہ کرنے کی صورت میں ان نوجوانوں کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

ان نوجوانوں پر تشدد کی ویڈیو دیکھ کر ان کے اہل خانہ کی حالت غیر ہو چکی ہے تنویر احمد کی والدہ پر بیٹے پر تشدد کی ویڈیو دیکھ کر فالج کا اٹیک ہو گیا ہے جنہیں مقامی ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی متعدد بار پاکستانیوں کو زیارات کے بہانے ایران لے جا کر اغوا کیا جا چکا ہے ان تینوں نوجوانوں کے اہلخانہ نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ارباب اختیار سے پرزور اپیل کی ہے کہ ان کے بچوں کو بازیاب کروایا جائے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں