حاجی کیمپ میں ون ونڈو حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے،انچارج حج آپریشن سیالکوٹ

ہفتہ 18 مئی 2024 18:04

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) انچارج حج آپریشن سیالکوٹ سید مجیب اکبر شاہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، ڈائریکٹر حج سنٹرل پنجاب محمد رضوان شریف، انچارج حج آپریشنز سید مجیب شاہ، ایئرپورٹ انتظامیہ، پی آئی اے اور اے ایس ایف کے نمائندوں کی پہلی پرواز اتوار کو عازمین حج کو رخصت کرے گی۔

انچارج حج آپریشن سیالکوٹ نے بتایا کہ ابتک حاجی کیمپ سیالکوٹ سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ رن وے کی تعمیر کے باعث 605 عازمین کو لے کر 3 پروازیں پہلے ہی لاہور سے سعودی عرب روانہ ہو چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کل سیالکوٹ سے 12 فلائٹس 3450حجاج کرام کو لے کر ارض مقدس روانہ ہوں گی جن میں 3 ائیر سیال اور9پی آئی اے کی پروازیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حاجی کیمپ سیالکوٹ میں ون ونڈو حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔سیالکوٹ میں حجاج کرام کی سہولت کے لیے حاجی کیمپ ایئرکنڈیشنر مارکی میں قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور کی خصوصی ہدایات پر حجاج کرام کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ہمارا عملہ ،اسکاؤٹس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ،ضلعی انتظامیہ،کمرشل بینکس،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن،پولیس،ریسکیو1122 اور مخیرحضرات کے تعاون سے حجاج کرام کو بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

پہلی دفعہ پاکستان میں ملٹی میڈیا کے ذریعے ٹریننگ دی گئی جس میں وزرات مذہبی امور کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی اور حجاج کرام کو ٹریننگ دی ، اس کے علاوہ سیالکوٹ حاجی کیمپ کے ریسورس پرسنز اور عملہ موجود تھا جس میں بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ انچارج آپریشن نے بتایا کہ اس ٹریننگ میں بہت اچھا اور معیاری مواد فراہم کیا گیا جو کہ مناسک حج کے دوران حجاج کرام کی معلومات میں اضافے کا باعث بنے گا، پہلی دفعہ پاک حاجی ایپ متعارف کروائی گئی جو نا صرف پاکستان بلکہ مکہ اور مدینہ میں بھی حجاج کرام کے لیے مددگار ثابت ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی حاجی مکہ یا مدینہ میں گم جائے تو پاک حاجی ایپ کی مدد سے اسے ٹریس کیا جا سکے گا اور لوکیشن بھی دستیاب ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یہ حج آپریشن 19 مئی سے 8 جون تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ سعودی عرب میں بھی حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کرام کی خدمت کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں ، ہمیں سعودی عرب سے بھی حجاج کرام کی جانب سےمثبت ردعمل مل رہا ہے۔سعودی عرب میں حجاج کرام کو بہترین رہائش فراہم کی گئی ہیں حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں