عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا

اتوار 19 مئی 2024 12:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ۔پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 717 301 عازمین حج کو لے کر روانہ ہوگئی۔صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے عازمین حج کو رخصت کیا، عازمین کو پھولوں کے ہار پہنائے گئےاور وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعائوں کی درخواست کی گئی ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان نے بہترین انتظامات کئے ہیں،پاکستان میں کروڑوں لوگوں میں سے آپ خوش نصیب لوگ ہیں کہ روضہ رسولؐ پر حاضری اور بیت اللہ کا حج کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں ،پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھانا اور سعودی قوانین پر عمل درآمد کرنا آپ کی ذمہ داری ہے اور مناسک حج عاجزی و انکساری اور خشوع و خضوع سے ادا کریں۔

(جاری ہے)

وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حجاج کرام مقامات مقدسہ کی زیارات کے دوران ملک پاکستان کی خوش حالی، ترقی اور اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کی دعائیں کریں۔اس موقع پر ڈائریکٹر حج آپریشن وسطی پنجاب محمد رضوان نے حجاج کرام کو مبارک دی اور کہا کہ وزارت مذہبی امور نے بہت اچھے انتظامات کیے ہیں،پہلی دفعہ پاک حاجی ایپ متعارف کروائی گئی ہے ، حجاج کرام کو یو فون کی سم دی گئی ہے ، حجاج کرام کو مناسک حج اور انتظامات و مینجمنٹ کو حوالے سے ٹریننگ دی گئی ہیں۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ سے مجموعی طور پر پندرہ پروازوں کے ذریعے 4055 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے ان میں سے 12 پروازیں پی آئی اے جبکہ تین پروازیں ائیر سیال چلائے گی، حج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا ۔ ڈائریکٹر حج آپریشن وسطی پنجاب محمد رضوان ، انچارج حج آپریشن سیالکوٹ سید مجیب شاہ،ارکان اسمبلی رانا عبدالستار ، رانا عارف ہرناہ ، چوہدری فیصل اکرام، چوہدری نوید اشرف ،چیئرمین سیالکوٹ ائیر پورٹ سہیل سعید برلاس، چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی ، ایف آئی اے، اینٹی نارکوٹکس اور اے ایس ایف کے افسران بھی موجود تھے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں