پی ڈی ایم تحریک انصاف کے بجائے حکومتی اتحادیوں سے بات چیت پر رضامند

وزیراعظم عمران خان جب بھی باتیں کرتے ہیں تو بونگیاں ہی مارتے ہیں ، وہ بیرونی ممالک کے ایجنٹ ہیں اور اس ایجنٹ کا مقصد پاکستان کو نقصان پہچانا ہے ، مولانا فضل الرحمان کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 اکتوبر 2020 17:08

پی ڈی ایم تحریک انصاف کے بجائے حکومتی اتحادیوں سے بات چیت پر رضامند
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف یا عمران خان سے نہیں لیکن ان کے اتحادیوں سے بات چیت کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جب بھی باتیں کرتے ہیں تو بونگیاں ہی مارتے ہیں ، وہ بیرونی ممالک کے ایجنٹ ہیں اور اس ایجنٹ کا مقصد پاکستان کو نقصان پہچانا ہے ، اس بناء پر پی ٹی آئی یا عمران خان سے نہیں لیکن ان کے اتحادیوں سے بات چیت کرسکتے ہیں ، تاہم جلسوں اور احتجاج کا سلسلہ ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ ہم اس وقت تک احتجاج کریں گے جب تک ووٹ کی امانت عوام تک نہیں پہنچ جاتی ، ہم اس حکومت کو سلیکٹڈ کہتے ہیں اس لیے عوام کی حقیقی ترجمانی کرنا چاہتے ہیں ، جب کہ ہمارے ساتھ وہ لوگ آئے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ عوام پس رہے ہیں ، ملک میں جو حالات اس وقت ہیں اس کے باعث یہ حکومت دسمبر تک ختم ہوجانی چاہیے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری میں پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کا ’بوریا بستر گول‘ ہو جائے گا ، اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو کیا گھر بھیجنا ہے بلکہ ان کی پوری قیادت خود گھر چلی جائے گی ، وقت گزرنے کے ساتھ ہی اپوزیشن کا بیانیہ کمزور ہوتا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ان کے باہمی اختلافات بھی بڑھتے جائیں گے ، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے جنوری تک ملک واپس آنے کے بعد ان کی تحریک میں سے جان نکل جائے گی ، جس کے بعد اپوزیشن کی موجودہ تحریک زیادہ لمبےعرصے تک نہیں چل سکے گی ، جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں اپنے اندر ہی پھوٹ پڑ جائے گی ، کیوں کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں