کمشنر سکھر کی جانب سے سٹی پوائنٹ سے ائیرپورٹ روڈ تک گرین بیلٹ بنانے اور ڈی مارکیشن کی ہدایت

ڈی سی سکھر ، آبپاشی اور نیشنل ہائی ویز کے افسران مشترکہ سروے کے بعد ایک ہفتے کے اندر حد بندی کی مارکنگ کریں گے

جمعرات 25 اپریل 2019 19:46

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے سٹی پوائنٹ سے ائیر پورٹ روڈ تک اربن فاریسٹری کے تحت گرین بیلٹ اور واکنگ ٹریک بنانے کے ساتھ حد بندی کا تعین کرنے کے لئے ڈی مارکیشن کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے روڈ کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے بھی ہدایات جاری کیں ۔ انہوںنے یہ ہدایات اپنے آفس کے کانفرنس روم میں سٹی پوائنٹ سکھر سے ائیر پورٹ روڈ تک چار کلو میٹر کے فاصلے کو سر سبز اور شاداب بنانے کے سلسلے میں منعقد کردہ ایک اجلاس کی صدارات کے دوران کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیشن ہائی وے مینٹیننس عرفان احمد نے بتایا کہ روڈ کا تاخیری کام مئی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا ، آئندہ ریجنل بجٹ میں روڈ کو مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے بتایا کہ میڈیکل کالج کے نزد یک مذکورہ یوٹرن نہیں بلکہ کٹ دیا گیا ، جو کہ خطرناک ہے اس کو بہتر طریقے سے بنایاجائے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ روڈ کا تاخیری کام جلد مکمل کیا جائے اور یوٹرن کی انجینئرنگ سولیوشن اور ہائی وے سیفٹی کے تحت بہتر نمونے سے بنائی جائے ، جبکہ یوٹرن کے قریب رمبل اسٹرپس لگانے کے ساتھ سائن بورڈ بھی آویزاں کیے جائیں تا کہ عوام کو آگاہی مل سکے اور حادثات سے بچا جا سکے ، بعد ازاںٹریفک پولیس کو یوٹرن پر عملدر آمد کاپابند بنایا جائے اور عوام میںآگاہی فراہم کی جائے ۔

کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ دادو کینال پر روڈ مٹیریل اور ملبے کی ڈمپنگ کو فوری طور پر بند کیا جائے اور ماحول سازگار بنایا جائے ۔ انہوں نے ڈی سی سکھر کو ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنر سکھر، ایریگیشن انجینئر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو ایک ہفتے کے اندر سٹی پوائنٹ سے ایئرپورٹ روڈتک دادو کینال کے کنارے سے نیشنل ہائی وے کے دونو ں اطراف کی ازسر نو پیمائش کرکے ڈی مارکیشن کریں اور رپورٹ فراہم کریں ۔

کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے دادو کینال کے کنارے پر سٹی پوائنٹ سے ایئرپورٹ روڈ تک چار کلو میٹر کے فاصلے پر واکنگ ٹریک اور گرین بیلٹ کی پلاننگ کے لیے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ، ڈسٹرکٹ ایگزیکیوٹو انجینئر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ آبپاشی کے انجینئر پرمشتمل کمیٹی بھی بنائی اور انہیں ہدایت کی کہ مشترکہ سروے کے بعد پلاننگ کی جائے اور ترقیاتی اسکیم بھی تیار کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں