قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا ،نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرواناہماری اولین ذمہ داری ہے،ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی

پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کرہ ارض پر اسلام کے آفاقی و غیر فانی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آنیوالی پہلی مملکت خدا داد ہے،امید ہے طالبات ملکی ترقی و خوشحالی اور اس کے نظریئے کی حفاظت میں کوشاں رہیں گی ،وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی صوابی

جمعہ 12 اگست 2022 21:39

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی صوابی پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا ہے کہ قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا ،نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرواناہماری اولین ذمہ داری ہے، پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کرہ ارض پر اسلام کے آفاقی و غیر فانی نظریہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والی پہلی مملکت خدا داد ہے۔

تفصیلات ک ے مطابق جمعہ کو ویمن یونیورسٹی صوابی میں چودہ اگست کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا ہے کہ قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرواناہماری اولین ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کرہ ارض پر اسلام کے آفاقی و غیر فانی نظریہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والی پہلی مملکت خدا داد ہے، پاکستان کا قیام بلاشبہ بیسویں صدی کا عظیم ترین معجزہ ہے،اس عطیہ خداوندی کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔

کیونکہ قومیں اپنے نظریات کی بنا پر زندہ رہتی ہیں،اپنے اسلاف کے طے کردہ نشانات منزل کو گم کردینے اور اپنے نظریات کو فراموش کر بیٹھنے والوں کا وجود کائنات زیادہ دیربرداشت نہیں کرتی۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ نسلوں کو قیام پاکستان کے اعلیٰ و ارفع مقاصد سے ہم آہنگ کرنے اور مملکت خداد کوایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم دامے درمے سخنے تحریک پاکستان اور پاکستان کے حصول کیلئے دی گئی بے مثال قربانیوں کی یاد کو زندہ جاوید رکھیں۔

کیونکہ لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون پیش کرکے یہ عظیم ملک حاصل کیا،پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہمیں اس کے بنیادی مقاصد کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ہے اور ملکی خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود اسی بنیاد سے وابستہ ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ میری طالبات ملک کی ترقی و خوشحالی اور اس کے نظریے کی حفاظت میں کوشاں رہیں گی اور ہمارے اساتذہ ان کی تعلیمی اور اخلاقی تربیت میں برسرپیکار رہیں گے۔ اس موقع پر فیکلٹی سمیت یونیورسٹی کی ایلومینائی اور سٹوڈنٹس سوسائٹیوں کی عہدیدران سمیت طالبات نے شرکت کی اور وطن عزیز کی 75ویں یوم آزادی کے حوالے سے تقاریراور ملی نغموں کے مقابلے میں شرکت کی۔اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا ۔

متعلقہ عنوان :

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں