سوات ،ٹمبر مافیا اورمنشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ ،غیر قانونی رہائش پذیر خاندانوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائیگی

جمعرات 16 مئی 2024 20:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) سوات میں ٹمبر مافیا اورمنشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ غیر قانونی طورپر رہائش پذیر خاندانوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات ڈاکٹر زاہد اللہ خان کی صدارت میں ڈی پی او آفس میں پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔ جس میں ایڈیشنل ایس پی سوات غلام صادق خان، ایس پی اپر سوات عطاء اللہ شمس ، ایس پی انوسٹی گیشن حبیب اللہ خان ، ایس پی ہیڈ کوارٹر امیر نواز خان سمیت ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جرائم کے حوالے سے تمام تھانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ان میں مزید بہتری لانے کے بارے میں تجاویز پیش کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سوات ڈاکٹر زاہد اللہ خان نے تمام آفیسرز کو مختلف مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں، ٹمبر و لینڈ مافیا، غیر قانونی طور پر رہائش پزیر لوگوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے زیر حراست ملزمان پر تشدد کرنے اور ان کی عزت نفس مجروح کرنے کی سختی سے ممانعت کی۔ انہوں شرکائے اجلاس کو امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ اینڈ سٹرائیک کرنے اور اپنے علاقوں میں اہم چیک پوائنٹس بنانے، پبلک مقامات اور ضلع ہذا کی تمام داخلی راستوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے کیلئے ناکہ بندیوں کے احکامات جاری کئے ۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں