’21 اکتوبر کو جو لاہور جائیں گے وہ سیدھا جنت میں جائیں گے‘

نوازشریف کے استقبال کیلئے سابق ن لیگی رکن قومی اسمبلی کی کارکنوں کو انوکھی آفر

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 اکتوبر 2023 17:09

’21 اکتوبر کو جو لاہور جائیں گے وہ سیدھا جنت میں جائیں گے‘
ٹوبہ ٹیک سنگھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2023ء ) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے استقبال کیلئے سابق ن لیگی رکن قومی اسمبلی نے کارکنوں کو انوکھی آفر پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے اسد الرحمان رمدے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ پارٹی کی ایک کارنر میٹنگ میں شریک نظر آرہے ہیں، جہاں خطاب کرتے ہوئے انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جارہا ہے کہ ’ماضی میں ایک بار ہماری پارٹی پر بہت مشکل وقت آگیا تھا تو کچھ لوگ ایسے اکٹھے ہوئے جیسے یہاں بیٹھے ہیں تو میں نے ان سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو حکم دیا ہے کہ جو یہاں پر ہیں ان سب کے نام لکھ دو یہ بغیر حساب کے جنت میں جائیں گے۔

ویڈیو میں سنائی دیئے جانے والے اپنے خطاب کو آگے بڑھاتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی یہ بھی کہتے ہیں کہ ’اب جتنے آپ لوگ یہاں آگئے ہیں وہ تو جنت میں جائیں گے، میں آپ کو سرٹیفکیٹ دیتا ہوں کہ جو یہاں آگئے ہیں وہ تو جائیں گے ہی اور جو لاہور جائیں گے 21 اکتوبر کو وہ بھی سیدھے جنت میں جائیں گے‘۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مسلم لیگ ن ہی کے ایک مقامی رہنماء مختار سندھو جٹ کی جانب سے رواں ماہ کے اوائل میں لاہور کے علاقہ شاہدرہ میں ہونے والے ایک جلسے کے دوران 21 اکتوبر کو پارٹی قائد نوازشریف کے استقبال میں کارکنوں کی شرکت بڑھانے کے لیے ان میں موٹرسائیکل تقسیم کرنے کی بھی پیشکش کی گئی، اس حوالے سے وائرل ویڈیو میں ن لیگی رہنماء نے کہا کہ ’21 تاریخ کو جو نوازشریف کے استقبال کے لیے زیادہ بندے لے کر آئے گا اس کو 125 موٹر سائیکل دیا جائے گا‘، یہ منفرد پیشکش دینے والے مختار سندھو جٹ کی اردوپوائنٹ سے گفتگو آپ بھی ملاحظہ فرمائیں؛

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں