Sonam Kapoor Bolywood Fashion Guru

Sonam Kapoor Bolywood  Fashion Guru

سونم کپور : بالی ووڈ فیشن گُرو

فیشن کی دنیا میں راج کرنے والی سونم کپور خود کئی نامور بالی ووڈ اداکاراؤں کو بیوٹی ٹپس دیتی ہیں

ہفتہ 16 ستمبر 2017

حنا جاوید:
اونچی لمبی،متناسب جسم اور تیکھے نقوش کی مالک سونم کپور کو بالی ووڈ فیشن ورلڈ اور سوشل میڈیا کی مہارانی کہا جاتا ہے۔ سونم واحد اداکارہ ہیں۔ جنہوں نے بالی ووڈ کے سپر سٹار ، سلمان خان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ لالی ووڈ کے سپر سٹار ، فواد خان کے ساتھ بھی ” لیڈنگ رول“ کیا۔ سونم کپور کا شمار اگرچہ بڑی اداکاراؤں میں نہیں ہوتا لیکن وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ”سٹائل آئیکون“ مانی جاتی ہیں۔
سنیتا اور انیل کپور کی بیٹی، ریا اور ہرش وردن کی بہن ، بونی اور سنجے کپور کی بھتیجی اور ارجن کپور کی کزن ، سونم کا تعلق بالی ووڈ کے دوسرے بڑے معروف ”کپور“ خاندان سے ہے فلمی گھرانے میں پرورش پانے والی سونم کا بچپن ہی سے ڈائریکٹر رائٹر بننے کا شوق تھا۔

(جاری ہے)

اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے وہ سنگاپور کی ایک یونیورسٹی میں تھیٹر اور آرٹس کی تعلیم حاصل کرنے بھی گئیں۔

اسی دوران رانی مکھرجی نے، جو سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ”بلیک“ کی عکسبندی میں مصروف تھیں، سنجے کو مشورہ دیا کہ وہ سونم کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے کا موقع دیں اور یوں سونم کو سجے لیلا بھنسالی جیسے بڑے فلمساز کی فلم میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقعہ مل گیا۔ یہ وہ وقت تھا جب رنبیر کپور بھی بطور معاون ہدایت کار اسی فلم سے منسلک تھے۔
سنجے نے ان دونوں کی پیشہ ورانہ سنجیدگی کو بھانپتے ہوئے اپنی نئی فلم ”سانوریا“ میں سونم اور رنبیر کو مرکزی کردار نبھانے کی پیش کش کردی۔ سونم نے اس فلم سے بالی ووڈ میں تو انٹری مارلی لیکن فلم بُری طرح فلاپ ہوگئی۔ البتہ لوگوں کو یہ جوڑی بھاگئی․․․․ بعد میں رنبیر نے تو اپنی آئندہ فلموں میں اپنی منفرد اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لئے لیکن سونم کی دہلی 6 ،عائشہ، موسم اور پلیئرز جیسی فلمیں بزنس نہ کرسکیں۔
جلد ہی سونم کی قسمت نے بھی پلٹا کھایا اور انھوں نے رانجھنا، بھاگ ملکھا بھاگ، خوبصورت ،پریم رتن دھن پایو اور نیرجا جیسی فلمیں دے کر لوگوں سے خوب داد وصول کی ۔ سونم بھارتی اور غیر ملکی اشتہارات میں بھی اپنی خوبصورت اداؤں کے جلوے دکھاتی رہتی ہیں۔ فلم ” نیرجا“ میں بہترین اداکاری پر بھارتی اور غیر ملکی اشتہارات میں بھی اپنی خوبصورت اداؤں کے جلوے دکھاتی رہتی ہیں۔
فلم نیرجا میں بہترین اداکاری پر بھارتی حکومت نے انھیں قومی ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔
سونم ․․․ انیل کی پریشانی: سونم 9 جون 1985 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ ایک بڑے فلمی گھرانے سے تعلق رکھنے کے باوجود سونم کی ماں نے ان کی تربیت عام بچوں کی طرح ہی کی۔ سونم جب پندرہ سال کی تھیں تو کم جیب خرچ ہونے کی وجہ سے انھوں نے ایک ہفتہ ویٹرس کی نوکری بھی کی۔
وہ اکثر اپنی ماں سے مہنگی چیزوں کا مطالبہ کرتیں لیکن ان کی ضد کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی۔ سونم اور ان کے باپ انیل کپور کے درمیان ہمیشہ کشیدگی رہی ہے۔ بظاہر تو یہی لگتاہے کہ انیل سونم کی حرکت پر نظر رکھتے ہیں لیکن سچائی کچھ اور ہی ہے ۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کے انیل کس قدر پریشان ہیں۔انیل کے مطابق سونم کو اداکاری میں محنت کی ضرورت ہے اور وہ ان کی باتوں پر کان نہیں دھرتی اور اپنی من مانی کرتی ہے۔
انیل کو یہ بھی شکوہ ہے کہ سونم اپنے کام کے سلسلے میں ان سے مشورہ نہیں کرتی اوربغیر سوچے سمجھے پراجیکٹ سائن کردیتی ہے جس کی وجہ سے بعد میں انہیں نقصان اُٹھانا پڑتا ہے ۔ شاید یہی وہ وجہ ہے جس نے سونم کو بالی ووڈ میں وہ کامیابی نہیں دلوائی جوان کے باپ کو حاصل ہے۔
دوستی ہو تو ایسی: سونم اور ارجن کی دوستی کے چرچے بالی ووڈ میں آئے روز ہوتے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ سونم ارجن سے پندرہ دن بڑی ہیں اسی لئے وہ ارجن کو بھائی سے زیادہ دوست کہلوانا پسند کرتی ہیں۔
ارجن کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا” سونم میرے بارے میں بہت حساس ہیں اور وہ ماں کی طرح میرا خیال رکھتی ہیں۔ وہ ہفتے میں ایک دفعہ فون کرکے لازمی میری خیریت معلوم کرتی ہیں۔ “ بچپن میں یہ دونوں ایک ہی سکول میں ہونے کی وجہ سے سارا وقت اکھٹے گزارتے تھے۔ چونکہ ارجن بچپن میں بہت بھاری بھرکم جسامت رکھتے تھے اس لئے سونم کو چھیڑنے کا کوئی سوچتا بھی نہیں تھا۔
بقول سونم ، ایک دن سکول میں کسی لڑکے نے مجھ سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی تو میں نے اس دھمکی دی مگر پھر بھی باز نہ آیا تو میں نے ارجن کو بتا دیا جو فوراََ اسے مارنے پیٹنے چلا گیا۔ سونم ارجن کو اپنا راز دار بھی سمجھتی ہیں۔ اسی لیے وہ اپنے لڑکپن میں جب کسی لڑکے سے ملنے جاتی تو ارجن کا اس شرط پر ساتھ لے جاتی تھیں کہ وہ انھیں برگر کھلائیں تاکہ وہ کسی کو بتائے بھی نہ اور گھر والوں کو شک بھی نہ ہو کہ وہ کسی سے ملنے جارہی ہیں۔
سونم کی ایک حیران کن دوستی جیکو لین فرنینڈ ز سے ہے۔ عموماََ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اداکارائیں ایک دوسرے کی کامیابیوں سے جلتی ہیں۔ لیکن سونم اور جیکولین کی دوستی نے سب کہ منہ بند کردیئے ہیں ۔ ایک انٹرویو میں جیکو لین نے یہاں تک کہہ دیا کہ “ میں اگر بالی ووڈ میں کسی سے متاثر ہوں تو وہ سونم ہیں، میں ہی نہیں بلکہ پوری انڈسٹری انھیں اپنا”فیشن گرو“ مانتی ہے۔

سٹائل کی ملکہ: سونم کو چیخل اور شوخ اداؤں کے علاوہ ان کے منفرد سٹائل نے بھی لوگوں میں بے پناہ مقبولیت دی۔ بعض فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ سونم محض ان کو خوبصورتی کی وجہ سے فلموں میں لیا جاتا ہے لیکن سونم نے رانجھنا خوبصورت اور نیرجا جیسی کامیاب فلموں میں اپنی شاندار ادا کاری کے جوہر دکھا کر خود کو ایک اچھی اداکار بھی ثابت کردیا۔
اب اگر دیکھا جائے تو سونم نے فیشن کی دنیا میں بھی اچھی اچھی ماڈلز کی چھٹی کردی ہے۔ ریمپ پر سونم روایتی ساڑھی یا گھاگھرا چولی میں ہوں یا مغربی ملبوسات میں․․․ ان کا خوبصورت انداز دیکھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتا ہے۔ سونم کا کہنا ہے” میں ہمیشہ سے شاپنگ کا شوق رکھتی ہوں اسی لئے میں اپنے سارے پیسے کپڑوں اور جوتوں کی خریداری میں خرچ کردیتی ہوں۔
“ بالی ووڈ کی کئی بڑی اداکارائیں سونم کے فیشن سے متاثر ہوکر ان سے بیوٹی ٹپس لیتی ہیں جبکہ وہ اکثر اپنے پہننے اوڑھنے کے معاملات میں اپنی چھوٹی بہن ریا سے جو مشہور ڈیزائنر بھی ہیں ، مشورہ لیتی ہیں۔سونم نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی کئی میگزینز کے سرورق پر شائع ہوتی رہتی ہیں بلکہ ایوارڈ شوز ہوں یا فیشن شوز․․․ کیمرے کی آنکھ انہی کو تلاش کرتی ہے۔

محبت کی تلاش میں:سونم اور رنبیر کو جب فلم”سانوریا“ میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقعہ ملا تو پردے پر اگرچہ سونم نے رنبیر کی محبت کودھتکار دیا مگر پردے کے پیچھے سنجیدہ ہوگئیں لیکن جب رنبیر اور دپیکا کی دوستی کے چرچے عام ہوئے تو سونم کا دل ٹوٹ گیا۔ دلبرداشتہ ہوکر سونم نے یہ تک کہہ ڈالا کہ ”رنبیر کسی بھی لڑکی سے شادی کرنے کے قابل نہیں“۔
رنبیر کے بعد سونم ایک اور محبت کی تلاش میں فلم ”آئی ہیٹ لوسٹوری“ کی عکسبندی کے دوران فلم کے ڈائریکٹر پونیت ملہوترا کو دل دے بیٹھیں، معاملات شادی تک پہنچ گئے لیکن کہانی نے پھر ایک نیا موڑ لیا․․․ ہوایوں کہ کام کی مصروفیات کی وجہ سے ایک دوسرے کو وقت نہیں دے پاتے تھے اور پھر یہ کہانی بھی ادھوری رہ گئی محبت میں پے در پے ناکامیوں کے بعد سونم نے اداکاری پر توجہ دینا شروع کردی اور واضح الفاظ میں بتا دیا کہ” اب میں شوبز سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص سے شادی نہیں کروں گی۔
اسی دوران سونم کی سالگرہ پر ان کے ساتھ بھارتی ماڈل ساحر بیری کو دیکھا گیا کہا جاتا ہے کہ ان کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی دو سال کے اندر سونم اور ساحر بیری کی دوستی پیار میں بدل گئی لیکن سونم کے اس پیار کو بھی منزل نہ مل سکی۔ بہر حال آج کل سونم کی زندگی میں بھارتی کینڈین بزنس مین آنند آہو جا آگئے ہیں ۔ ان دونوں کو کئی تقریبات میں اکھٹے دیکھا گیا ہے۔
کچھ عرصے قبل سونم کی سالگرہ کی تصاویر جب سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تو سونم کے گھر والوں کے ہمراہ آنند بھی موجود تھے۔ ہوسکتا ہے کہ سونم کو جس محبت کی تلاش ہے وہ آنند ہی ہوں۔
انسان دوست کا اداکارہ: جہاں آج کل دنیا بھر میں کئی تنظیمیں معاشرتی مسائل کی آگاہی کے لئے کام کررہی ہیں جن کے ساتھ نامور اداکارائیں بھی منسلک ہیں، ان میں سے ایک سونم کپور بھی ہیں۔ وہ ایلی بریسٹ کنیسرفاؤنڈیشن کی سفیر ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی فلم ”پریم رتن دھن پایو“ میں ایک رانی کا کردار نبھایا تھا جو مستحق لوگوں کے لئے چندہ اکٹھا کرتی ہے۔ لیکن حقیقی زندگی میں بھی معروف خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود اپنے مداحوں سے چیرٹی کا مطالبہ کرتی ہیں۔

Browse More Articles of Bollywood