Eid Ulfitr K Rang Qahqahe Bikharti Pakistani Filme

Eid Ulfitr K Rang Qahqahe Bikharti Pakistani Filme

عیدالفطر کے رنگ قہقہے بکھیرتی پاکستانی فلمیں

بھارتی فلموں پر پابندی سے پاکستانی سینما کو فائدہ ہوگا

پیر 3 جون 2019

 وقاراشرف
عیدین کو پاکستان میں فلموں کے لئے ایک بڑا تہوار سجھا جاتا ہے۔گئے وقتوں میں جب پاکستان فلم انڈسٹری اپنے جوبن پر تھی تو سالانہ سوسے زائد فلمیں بنتی اور ریلیز ہوتی تھیں ،اس وقت چھوٹی اور بڑی عید پر کئی فلموں کے درمیان خوب مقابلہ ہوتا تھا پھر وقت کے ساتھ فلم انڈسٹری کے رنگ پھیکے پڑ گئے تو عید پر ہونے والے”فلمی دنگل “میں بھی فلموں کی تعداد کم ہوگئی۔
اب پچھلے چند سالوں سے پاکستان میں فلم سازی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا ہے اور زیادہ ترفلمیں تو نوجوان بنارہے ہیں جن کا تعلق ٹی وی سے ہے ،اب سینما کلچر بھی تبدیل ہو گیا ہے اور پرانے سینما گھروں کی جگہ نئے ملٹی پلیکسز نے لی ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان ملٹی پلیکسز کا رُخ کررہی ہے۔
رواں سال عیدالفطر پر دوپاکستانی اُردو اور دوپنجابی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

اُردو فلموں میں ڈائریکٹریا سر نواز کی”رانگ نمبر 2“اور وجاہت رؤف کی ”چھلاوا“شامل ہیں۔پروڈیوسر عمارہ حکمت اور ڈائریکٹر بلال لاشاری کی فلم”دی لچنڈ آف مولاجٹ“بھی پہلے عید پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پرانی مولا جٹ کے پروڈیوسر محمد سروربھٹی کے ساتھ معاملات عدالت میں ہونے کے باعث یہ فلم عید دوڑ سے باہر ہو گئی ویسے یہ فلم آغاز سے ہی تنازعات کا شکار ہے ،پاکستان میں چونکہ بھارتی فلموں پر پابندی ہے اس لئے پاکستانی فلموں کو مقابلے کا سامنا نہیں ہے اور وہ اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں گی۔

ریلیز ہونے والی دونوں پاکستانی فلمیں بڑی کاسٹ اور بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں۔جہاں تک ”رانگ نمبر2“کا تعلق ہے تو یہ 2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”رانگ نمبر “کا سیکوئل ہے،اسے بھی یاسر نواز نے ہی ڈائریکٹ کیا ہے ۔شیخ امجد رشید اور حسن ضیاء فلم کے پروڈیوسر ہیں۔”مہر النساوی لب یو“بھی انہوں نے ہی پروڈیوس کی تھی۔”رانگ نمبر 2“میں سمیع خان اور نیلم منیر خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ پہلی فلم میں دانش تیمور اور سوہائی علی ابڑونے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن اس بار مرکزی کاسٹ تبدیل کردی گئی ہے۔
”رانگ نمبر2“کے دیگر فنکاروں میں جاوید شیخ،محموداسلم،نےئر اعجاز،دانش نواز،ثناء فخر ،شفقت چیمہ ،احمد حسن ،فریحہ جبیں شامل ہیں۔
فلم کا پہلا ٹیزر13اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا ۔فلم کی کہانی یا سر نواز اور دانش نواز نے لکھی ہے ،سکرین پلے یا سر نواز اور محسن علی کا ہے ۔ڈسٹری بیوشن کلب کے بینرتلے ریلیز ہونے والی اس رومانٹک کامیڈی فلم کی کہانی کے ساتھ ساتھ میوزک بھی پسند کیا جارہا ہے ۔
پہلا گانا”یاریاں“ہرش دیپ کورنے گایا ہے ۔فلم کا دوسرا گانا”تو ہی ہر رنگ میں“بھی سوشل میڈیا پر پسند کیا گیا ہے ۔ٹیزر سے فلم کی کہانی کاکسی حد تک اندازہ لگایا جا سکتا ہے جو ایک امیرزادی زویا(نیلم منیر)کے گرد گھومتی ہے وہ اپنے سے معاشرتی حیثیت میں کم نوجوان سمیع خان کی محبت میں گرفتار ہوجاتی ہے ۔اس لواسٹوری میں کئی نشیب وفراز بھی آتے ہیں لیکن آخرمیں ہیپی اینڈنگ پر فلم ختم ہوتی ہے،یہ فلم اردس انٹر نیشنل کے بینر تلے بین الاقوامی سطح پر ریلیز کی جائے گی جس کا باقاعدہ معاہدہ ہو چکا ہے۔

دوسری فلم وجاہت رؤف کی ڈائریکشن میں بننے والی”چھلاوا“میں مہوش حیات اور اظفر رحمان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔یہ دونوں فن کار اس سے قبل پاکستان کی پہلی ویب سیریز ”عنایا“میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں،اگر چہ وہ ویب سریز اپنے بولڈموضوع کی وجہ سے زیادہ متاثر نہیں کر سکی تھی لیکن دونوں فنکاروں کی کیمسٹری پسند کی گئی تھی ،اب چھلاوا میں بھی دونوں کی کیمسٹری اچھی لگ رہی ہے ۔
چھلاوا کی دیگر کاسٹ میں زارانور عباس صدیقی ،اسد صدیقی اور محمود اسلم شامل ہیں ۔اس طرح محمود اسلم عید پر ریلیز ہونے والی دونوں فلموں میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔عدنان شاہ ٹیپو ،عاشر وجاہت اور محسن فیض بھی فلم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
شیرازاُپل فلم کے میوزک ڈائریکٹر اور وہاب شاہ کو ریوگرافر ہیں،فلم کی کہانی وجاہت رؤف نے لکھی ہے اور وہی پروڈیوسرہیں۔
وجاہت رؤف اس سے قبل دو فلمیں”کراچی سے لاہور “اور”لاہور سے آگے“بنا چکے ہیں اور دونوں فلمیں نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا تھا۔اس فلم کا پہلا ٹیزر 29مارچ کو سامنے آیا تھا جس میں دیسی شادی اور ڈانس نظر آیا جس سے اندازہ ہورہاہے کہ اس میں روایتی شادی بیاہ کو بھی دکھایا جائے گا ۔زارانور عباس صدیقی اور اسد صدیقی حقیقی میاں بیوی ہیں اور فلم میں پہلی بار ایک ساتھ اداکاری کررہے ہیں۔

دونوں اُردو فلموں کی پروموش بھی بھر پور انداز میں کی گئی ہے ۔کراچی اور لاہور کے بڑے مالز کے علاوہ”چھلاوا“کی ٹیم نے گزشتہ دنوں گلبرگ لاہور میں واقع ایک کیفے میں تشہیری مہم کے سلسلے میں میڈیا اور بلاگرز سے ملاقات کی۔اس موقع پر مہوش حیات ،اظفر رحمان ،زارانور عباس اور اسد صدیقی کے علاوہ فلم کے ڈائریکٹر وجاہت رؤف بھی موجود تھے۔
فلم کی کاسٹ نے اس موقع پر فلم کے حوالے سے گفتگو کی اور سوالات کے جوابات بھی دےئے۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ ”چھلاوا“ایک بالکل منفرد کہانی پر مبنی فلم ہے جو بھر پور انٹرٹیمنٹ لئے ہوئے ہے اس لئے فلم بینوں کو ضرور پسند آئے گی۔ہالی و‘ڈ فلم”الہ دین“24مئی سے سینماؤں میں ہے اور عید پر بھی یہ فلم سینماؤں میں ہوگی۔سلمان خان کی فلم”بھارت “عید الفطر پر بھارت میں تو ریلیز ہورہی ہے لیکن پاکستان میں ریلیز نہیں ہورہی جس کی کاسٹ میں سلمان خان ،کترینہ کیف ،جیکی شروف،سونالی کلکرنی نمایاں ہیں۔
عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پنجابی فلموں میں مسعود بٹ کی ”پیشی گجراں دی“اور ”شریکے دی اگ“شامل ہیں ۔پیشی گجراں دی کے نمایاں فنکاروں معمر رانا ،حیدر سلطان ،نواز خان آفرین خان ،اشرف خان ،شفقت چیمہ،اچھی خان ،جہانگیرجانی اور سینئر اداکارشاہد حمید شامل ہیں ۔ناصر ادیب اس فلم کے مصنف،طافوموسیقار اور شاعر الطاف باجوہ ہیں۔

Browse More Articles of Lollywood