Aaye Gher Tameer Kareen - Article No. 2459

Aaye Gher Tameer Kareen

آیئے گھر تعمیر کریں - تحریر نمبر 2459

ایک اسمارٹ سا،اپنے جیسا

بدھ 4 نومبر 2020

ایک ایسا سائبان جسے محبت اور پر خلوص جذبوں سے سنوارا جائے وہی در حقیقت گھر کہلاتا ہے۔ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر اہل خانہ کی ضرورت اور موجودہ دور کی تمام تر سہولتوں سے آراستہ ہو۔اپنا ذاتی گھر نہ ہوتو عمر کے تیسرے عشرے یعنی 30 ویں برس میں شدت سے گھر بنانے یا خریدنے کی خواہش سر اٹھاتی ہے۔ہماری نوجوان نسل بھی اپنی ترجیحات اور ضروریات کے مطابق ایسا گھر بنانا پسند کرتی ہے جو قدرے جدید نظریات پر مشتمل ہو۔
روایتی طرز کے گھر خریدنے کے مقابلے میں وہ اپنی ضروریات کے مطابق ازخود گھر کی تعمیر میں دلچسپی رکھتی ہے۔تاکہ اسٹیٹ ایجنٹس کے ہمراہ مارے پھرنے کی جھنجھٹ سے بھی بچ سکیں۔تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ ایسی کیا ترجیحات یا ضروریات ہیں جن کی بنیاد پر وہ اپنے گھر کی تعمیر یا انتخاب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذیل میں انہی عوامل پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
تکنیکی مہارتوں سے لیس
موجودہ دور میں گھروں میں تکنیکی مہارتوں کو شامل کرنا آسائش نہیں بلکہ ضروریات زندگی بن چکا ہے۔

نوجوان نسل اب”اسمارٹ گھر تعمیر کرنا چاہتی ہے جہاں توانائی کی بھی بھرپور فراہمی ہو۔یہی وجہ ہے کہ وہ گھروں میں سولر پینلز،انٹیلی جینٹ لائٹس،اسمارٹ نلکے اور سیکورٹی آلارم سسٹم لگانے کو ترجیح دیتے ہیں۔یہی نہیں توانائی کے ضیاع سے بچنے کے لئے وہ ایسی ایپلائنس کا انتخاب کرتے ہیں جن سے بجلی کا بل کم سے کم آئے اور سرمائے کے ساتھ ساتھ توانائی بھی محفوظ کی جا سکے۔

کھلی وضع کے رنگین گھر
کشادہ وضع اور چھوٹے رقبے پر بنے گھر جن میں کم سے کم دیواریں اور قدرتی روشنی کے حصول کے لئے بڑی بڑی کھڑکیاں موجود ہوں نوجوانوں کو خوب بھاتی ہیں ۔Sunken(آس پاس کی زمین سے نشیب میں واقع)لاؤنج،صحن،ٹیرس،چھوٹے باتھ روم اور کچن ان کے مثالی گھر کی نمایاں خصوصیات ہیں۔علاوہ ازیں شوخ رنگوں کے کیبنیٹس،سینکس،وال پیپرز اور جمالیاتی تنصیبات کا ہونا بھی ایک اہم پہلو ہے۔

سر سبز و شاداب ماحول دوست
نوجوان نسل ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے جدوجہد میں مصروف ہے جس کی ایک بڑی مثال گھروں کی تعمیر کے دوران ماحول دوست اشیاء کے استعمال پر زور دینا ہے۔ساتھ ہی ساتھ نامیاتی سبزیوں اور پھلوں کے علاوہ آلودگی کم کرنے والے پودوں سے لیس باغات گھروں میں خصوصی طور پر تعمیر کئے جاتے ہیں۔
یہی نہیں فضاء کو شفاف بنانے کے لئے اندرونی پودوں کا اہتمام بھی کیا جا سکتا ہے۔ اگر پودے بڑے حجم کے ہوں تو انہیں دیواروں کی جگہ ٹی وی لاؤنج اور کھانے کے کمرے کو علیحدہ کرنے کے لئے بھی استعمال کرنا پسندکیا جا تا ہے۔اس کے علاوہ فرش کے لئے لکڑی یا بڑے بڑے Terracotta ٹائلز کا انتخاب کیا جاتا ہے جو نہ صرف دیکھنے میں بھلے لگتے ہیں بلکہ ان کی صفائی کرنا بھی انتہائی آسان ہوتا ہے۔ایسے تمام افراد جو گھروں کی تعمیر یا خرید و فروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں،امید ہے یہ تحریر ان کو نوجوان نسل کی گھروں سے متعلق ترجیحات اور ضروریات کو سمجھنے میں مدد دے گی۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Aaye Gher Tameer Kareen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.