Aayeen Ghar Chamkayeen - Article No. 2588

Aayeen Ghar Chamkayeen

آئیں گھر چمکائیں - تحریر نمبر 2588

کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش کے منفرد خیالات

منگل 4 مئی 2021

راحیلہ مغل
عید ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب گھر پر دوستوں،رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کی آمد کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔گھر پر مہمانوں نے آنا ہو تو ہمیں گھر کی صفائی کی فکر بھی لگ جاتی ہے کہ اگر گھر کی اچھی صفائی نہ کی گئی تو مہمان کیا کہیں گے دوسروں طرف اس بار عید ایک بار پھر کورونا وبا ء میں آرہی ہیں لہٰذا گھر کو پہلے سے زیادہ صاف کرنا ہو گا،کچن سے لے کر بیڈ روم تک ہر چیز کو شیشے کی طرح چمکانا ہو گا اس سے جہاں گھر خوبصورت لگے گا وہیں صاف ماحول میں سانس لینے سے سکون ملے گا اور ایک دوسرے کے گھروں میں بھی کم جانا ہو گا کیونکہ عید ایک بار پھر کورونا وباء کے دوران آرہی ہیں لہٰذا اپنا اور دوسروں کا خیال رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ بھی سچ ہے ایک صاف ستھرا گھر سب ہی کو اچھا لگتا ہے،گوکہ اس میں محنت تو ہوتی ہے مگر جب آپ کی اس محنت کو گھر والوں سے تعریفی جملوں کی صورت میں داد ملتی ہے تو آپ کا دل باغ باغ ہو جاتا ہے اور آپ کی ساری تھکن دور ہو جاتی ہے۔
دوسری طرف یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ عید ایک ایسا روایتی مذہبی تہوار ہوتا ہے کہ جس کا نام سنتے ہی سب کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔
نئے کپڑے،نئے جوتے،تحفے تحائف،میٹھی میٹھی مزے دار ڈشز،کئی پرانی اشیاء کی جگہ نئی دیدہ زیب چیزوں کی خریداری وغیرہ وغیرہ۔یہ ساری چیزیں عید کا لطف اور مزہ دوبالا کر دیتی ہیں۔اس کے علاوہ عید،گھر کو نیا پن اور تازگی دینے کا بھی ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔گھر کی تزئین و آرائش کا منصوبہ بناتے وقت آپ کا دل چاہے گا کہ ہر وہ چیز جو آپ کو پسند آئے،اسے لا کر اپنے گھر میں سجا دیں۔
تاہم ایسا کرنا ناصرف آپ کے بجٹ پر بہت بھاری پڑے گا بلکہ یہ بات بھی نہ بھولیں کہ محض زیادہ سے زیادہ سامان بھر دینے سے گھر کی دیدہ زیب سجاوٹ کبھی نہیں ہوتی۔اصل خوبصورتی اس وقت آتی ہے جب سامان ترتیب سے رکھا جائے۔اس لئے اگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ چیزیں خریدیں گے تو گھر بھی سج جائے گا اور خوب صورت بھی لگے گا۔تو پھر آئیے اس عید پر‘کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش‘کے کچھ منفرد خیالات پر نظر ڈالتے ہیں۔

باورچی خانہ
باورچی خانہ کو ہر وقت تروتازہ رکھنے کے لئے ایک بات کو اپنے معمول میں شامل رکھیں کہ برتن صاف کرنے والا اسفنج جیسے ہی خراب ہونے لگے،اسے نئے کے ساتھ تبدیل کر دیا کریں۔اگر آپ کو کچن کیبنٹس پرانے لگ رہے ہیں تو تبدیل کرنے کے بجائے انھیں دوبارہ پینٹ کرنے یا ان کی بالائی شیٹ تبدیل کرنے سے بھی آپ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ بوسیدہ اور ناکارہ چیزوں کو باورچی خانہ سے ہٹائیں اور اسے کشادہ،دلکش اور خوبصورت انداز میں ترتیب دیں۔
ہال کی تزئین و آرائش
گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کا ہال یا انٹرنس روم ہوتا ہے،جس کی سیٹنگ اور ڈیکوریشن سب سے پہلے متاثر کرتی ہے۔ایک منفرد انداز کا فرنیچر آپ کے اس ہال کے لئے ضروری ہے۔فرنیچر ہال کی دیوار کے ساتھ رکھیں اور کمرے میں متضاد کلرز استعمال کریں۔
روشنی کے لئے لائٹ کا عمدہ انتظام ہال کی خوبصورت میں اضافہ کرے گا اور یہ ایک بہترین ویلکم روم ہو گا۔کوشش کریں کہ ہال میں آپ کے جوتے اور چابیاں رکھنے کے لئے بھی ایک جگہ مختص ہو۔
ڈرائنگ روم
عید کے موقع پر آپ کا ڈرائنگ روم سب سے زیادہ استعمال میں آتا ہے اور آپ کے گھر کا یہی حصہ مہمانوں کے سامنے سب سے زیادہ رہتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو سب سے زیادہ توجہ بھی ڈرائنگ روم کی تزئین و آرائش پر ہی دینی چاہیے۔ڈرائنگ روم کے لئے صرف پردے اور فرنیچر ہی کافی نہیں ہوتے،بلکہ مختلف قسم کی نمائشی اشیاء(شوپیس)ڈرائنگ روم کی رونق کو چار چاند لگانے کے لئے ضروری ہیں۔مختلف قسم کے شوپیس مارکیٹ اور بازار میں با آسانی اور کم قیمتوں پر دستیاب ہوتے ہیں۔چاہیں تو کئی شوپیس آئٹمز آپ آن لائن بھی خرید سکتے ہیں۔

حسین خواب گاہ
خواب گاہ کی تزئین و آرائش کے لئے آپ مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کر سکتے ہیں۔
بیڈ پر رکھنے کے لئے دیوار کے ہم رنگ تکیوں کو استعمال کریں۔یہ بیڈ روم کی خوبصورتی میں اچھا اضافہ ہو گا۔
کسی بھی خواب گاہ میں روشنی کا مناسب انتظام کرنا بہت ضروری ہے اور اگر اس کے لئے چھوٹے چھوٹے بلبوں کے ساتھ مرکز میں ایک جدید طرز کے فانوس کو لگایا جائے تو روشنی کے ساتھ اس کی خوبصورتی کو بھی چار چاند لگ جائیں گے۔

بیڈ کے دونوں طرف لیمپ کا استعمال خوبصورت لگتا ہے۔
سونے کے کمرے میں بیڈ کے ساتھ،میچنگ اسٹول اور کرسی رکھنے سے ناصرف اس میں بیٹھنے کے لئے جگہ کا انتظام ہو گا بلکہ اس سے کمرہ خوبصورت بھی لگے گا۔
پورے کمرے میں خوبصورت اور ہلکے پردوں کا استعمال کیجیے۔یہ آپ کے بیڈ روم کو بہت خوبصورت بنا دے گا۔
بچوں کا کمرہ
بچے عید کا سب سے زیادہ بے صبری سے انتظار کرتے ہیں اس لئے جب آپ عید پر گھر کی تزئین و آرائش کا سوچیں تو بچوں کے کمرے پر خاص توجہ دیں۔
آپ بچوں کی عمر کے لحاظ سے پیلا،نیلا،سبز یا اور کوئی شوخ رنگ منتخب کر سکتے ہیں۔کمرے میں زیادہ فرنیچر نہ رکھیں تاکہ بچوں کو چہل پہل،کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں کے لئے کھلی جگہ زیادہ سے زیادہ دسیتاب ہو سکے۔مزید یہ کہ ،جو مٹیریل بچوں کے کمرے میں استعمال ہو،وہ اس قسم کا ہو کہ اس کی صفائی کرنا آسان ہو۔بہتر ہے کہ بچوں کے کمرے میں چیزیں رکھنے کے لئے آپ اچھے مٹیریل کی باسکٹس یا کپڑے کے بیگ استعمال کریں۔
ان کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ ان چیزوں کو لٹکا بھی سکتے ہیں۔
پھول،موم بتیاں اور دیگر تفصیلات
چھوٹی آرائشی تفصیلات جیسے پھول،پودے،موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوش گوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔آپ ان آرائشی اشیاء کو گھر میں کرسی،صوفے،ٹیبل،روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں،سجا سکتے ہیں۔نتائج حیران کن ہوں گے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Aayeen Ghar Chamkayeen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.