French Country Aaraish - Article No. 2911

French Country Aaraish

فرنچ کنٹری آرائش - تحریر نمبر 2911

کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش کے منفرد خیالات

جمعہ 24 جون 2022

راحیلہ مغل
عید ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب گھر پر دوستوں،رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کی آمد کا ایک لا متناہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔گھر پر مہمانوں نے آنا ہو تو ہمیں گھر کی صفائی کی فکر بھی لگ جاتی ہے کہ اگر گھر کی اچھی صفائی نہ کی گئی تو ”مہمان کیا کہیں گے‘!لہٰذا گھر کو پہلے سے زیادہ صاف کرنا ہو گا،اس سے جہاں گھر خوبصورت لگے گا وہیں صاف ماحول میں سانس لینے سے سکون ملے گا۔
یہ بھی سچ ہے ایک صاف ستھرا گھر سب ہی کو اچھا لگتا ہے،گوکہ اس میں محنت تو ہوتی ہے مگر جب آپ کی اس محنت کو گھر والوں سے تعریفی جملوں کی صورت میں داد ملتی ہے تو آپ کا دل باغ باغ ہو جاتا ہے اور آپ کی ساری تھکن دور ہو جاتی ہے۔تو پھر آئیے اس عید پر ’کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش‘ کے کچھ منفرد خیالات پر نظر ڈالتے ہیں۔

(جاری ہے)


فرنچ کنٹری اسٹائل ایک سادہ اور باذوق طرز زندگی کا نام ہے!اس میں زمانہ قدیم کی جمالیات اور دور حاضر کی آرام دہ سہولیات کا امتزاج آپ کو زندگی اس کی رنگا رنگی کے ساتھ گزارنے کا احساس دلاتا ہے۔

دراصل یہ دیہی اور شہری طرز زندگی کا ملاپ ہے۔آج کے دور میں جہاں ہم ہر چیز مہین،باریک اور فنشنگ کے ساتھ استعمال کرتے ہیں لیکن اگر اس کے متضاد ان چیزوں کو کمال خوبی سے تھوڑا آرٹسٹک انداز سے سجائیں تو یہ فرنچ کنٹری اسٹائل دیکھنے والے اور رہائش پذیر افراد کی طبیعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے۔
نیلگوں دیوار
تاریخی طور پر،جنوبی فرانس میں ایک دیوار ڈسٹمپر سے رنگی جاتی تھی،جو کہ چونے یا سفیدی کی ایک شکل تھی اور بہت سے رنگوں میں دستیاب تھی۔
اگرچہ ڈسٹمپر اب اپنی اہمیت کھوتا جا رہا ہے،لیکن اگر آپ آسمانی رنگ کی ایک دیوار ڈبل اسٹروک کے ساتھ رنگ دیں تو آپ کا کمرہ منفرد ہو جائے گا۔
کلر فُل سریمکس
صدیوں پہلے مٹی کے برتنوں کا خصوصی طور پر استعمال ہوتا تھا۔یہ کھانے پکانے،اسٹور کرنے اور مہمانوں کو پیش کرنے کیلئے استعمال ہوتے تھے۔آج مٹی کے بجائے یہ برتن سریمکس سے بنتے ہیں۔
پالش شدہ ان نفیس برتنوں میں آپ کو مرتبان،برنیاں،پلیٹیں،جگ،پیالے،طشتریاں اور کٹوریاں سب ملیں گی،ان برتنوں کو سجا کر آپ گھر کو دلکش بنائیں گے۔
ٹیرس بنائیں
آؤٹ ڈور ایریا کا ہونا اگر ہماری ضرورت نہیں تو چاہت تو ضرور ہوتی ہے۔یہ آپ کے اندرونی کمروں اور گارڈن کے درمیان ایک جگہ ہوتی ہے۔آپ گھر کے آؤٹ ڈور میں گرمیوں کیلئے ایک لونگ روم ٹیراکوٹا یا اسٹون ٹائلز یا پھر گول پتھروں کی مدد سے بنا سکتے ہیں۔
اس میں سادہ سا بستر،ایک ٹیبل اور چار کرسیاں،ایک جالی دار جھولا اور ایک لاؤنج چیئر لگا کر موسم گرم کے مزے لوٹیں۔
ٹیراکوٹا ٹائلز
فرنچ کنٹری اسٹائل میں ٹیراکوٹا ٹائل بھی استعمال ہوتا ہے۔17 ویں صدی میں دراصل یہ پیتل یا پیتل جیسے رنگ کا ہوتا تھا،جسے پالش شدہ مربع کی شکل میں دیواروں اور فرش میں لگایا جاتا تھا۔
آپ شطرنج کے چیکرز کی طرح بلیک اینڈ وائٹ ٹائلز بھی لگا سکتے ہیں،کمرے یا صحن میں نہیں تو کچن میں لگا کر اسے نیا لُک دے سکتے ہیں۔
پھول اور بیلیں
ایک خوبصورت فرنچ کنٹری اسٹائل میں گارڈن اور گارڈن میں بیلیں اور بیلوں میں لگے پھول آپ کے لئے نہ صرف سائبان کا کام کرتے ہیں بلکہ طبیعت پر اچھا اثر چھوڑ جاتے ہیں۔آپ ایک پرگولا (Pergola) بنا کر اسے پھولوں اور بیلوں سے ڈھک سکتے ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ روشنی اندر آئے تو اس میں خلا بھی چھوڑا جا سکتا ہے،بعد میں پھولوں سے ڈھک جانے کے بعد یہ ’پرگولا‘ بہت رومانوی احساس دے گا۔
ونٹیج اسٹائل
ڈائننگ روم میں لکڑی اور شیشے کے امتزاج سیبنا ٹیبل انیسویں صدی کی یاد دلاتا ہے۔جس کے اردگرد اینٹیک کرسیاں پیرس کے لائف اسٹائل کو اُجاگر کرتی ہیں۔آپ کو کھانا کھانے کا نہ صرف لطف آئے گا بلکہ آپ اپنے ذوق کو خود داد دیں گے۔

کلاک شو
داخلی راستے میں رکھا ہلکے نیلگوں اور گرے رنگ سے بنا پینڈولم کلاک اور مرکز میں لگا سویڈش فانوس ایک عمدہ امتزاج بناتا ہے۔نیلگوں پینڈولم کلاک سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کر لیتا ہے،اگر اس قسم کا پینڈولم کلاک مل جائے تو آپ خوش قسمت ہوں گے۔
پھول،موم بتیاں اور تصاویر
چھوٹی آرائشی تفصیلات جیسے پھول،پودے،موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوشگوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔آپ ان آرائشی اشیاء کو گھر میں کرسی،صوفے،ٹیبل،روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں،سجا سکتے ہیں۔نتائج حیران کن ہوں گے۔تو پھر اس عید پر اپنے گھر کو فرنچ کنٹری اسٹائل سے سجائیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "French Country Aaraish" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.