Ghar Sajaiye - Article No. 2833

Ghar Sajaiye

گھر سجائیے - تحریر نمبر 2833

تھوڑی سی ذہانت سے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کیجیے

ہفتہ 12 مارچ 2022

ذرا اپنے گھر کا بغور جائزہ لیجیے،کیا آپ یہ محسوس کرتی ہیں کہ صرف روزمرہ صفائی ہی گھر کی ضرورت ہے یا اسے خوبصورتی سے دوبارہ سجانا․․․․؟جب کوئی مہمان آپ کے گھر آتا ہے تو وہ صرف آپ کے لباس کو ہی نہیں دیکھتا بلکہ وہ گھر کو بھی گہری نظروں سے دیکھتا ہے۔اپنی ذہانت سے گھر کو خوبصورتی سے سجائیے۔
گھر کی سجاوٹ کے لئے مہنگی اشیاء کی خریداری اور زیادہ وقت صرف کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ کم وقت اور کم خرچ میں اپنے گھر کو ایک نیا دلکش انداز دیا جا سکتا ہے۔
اس کے لئے صرف تخلیقی سوچ،خریداری کا طریقہ اور آرائش کے جذبات پر توجہ دینے کی ضرورت ہو گی۔
پردے
پردے کسی بھی کمرے کا اہم ترین جزو ہوتے ہیں،ان کی وجہ سے کمرے کا ماحول اور تاثر یکسر تبدیل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بازار میں ان کی مختلف اقسام دستیاب ہیں۔اپنے ذوق اور بجٹ کے مطابق بازار سے ضرور کچھ مل جائے گا۔
روشنی
کمرے کو فوری طور پر نیا روپ دینے کے لئے روشنی بہت ضروری ہے اپنے کمرے کے لئے کچھ لیمپس اور لائٹ کے شیڈز لے آئیے۔

ٹیبل لیمپس اور سجاوٹی لیمپس کی سینکڑوں خوبصورت اقسام ان دنوں بازار میں دستیاب ہیں ان میں سے آپ اپنے لئے ایک ایسا لیمپ منتخب کر سکتی ہیں جو سجاوٹ کے بھی کام آئے اور روشنی کے لئے بھی مناسب ہو۔ڈرائنگ اور ڈائننگ رومز کے لئے وارم لائٹس اور لاؤنج کے لئے تیز روشنی کا انتخاب کیجیے۔لائٹ بلب پر تھوڑی سی رقم خرچ کرکے آپ کمرے کے ماحول کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

آرٹ ورک
آرٹ ورک سے اہل خانہ کے ذوق کا اظہار ہوتا ہے۔ایک دو پینٹنگز کو تبدیل کرنے سے گھر کو ایک نیا لُک دے سکتے ہیں بلکہ یہ فوری طور پر توجہ بھی مبذول کروائے گا۔بھاری قدیم قسم کے قیمتی فریمز خریدنے کے بجائے لکڑی والے فریم منتخب کرکے انہیں شوخ رنگ دے کر کمرے کی دلکشی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔آپ خود بھی آرٹ تخلیق کر سکتے ہیں۔
بازار سے کینوس کے چار اسکوائرز خریدیے اور انہیں مختلف رنگ کرکے ایک لائن میں یا پھر دو اوپر اور دو نیچے کی ترتیب سے دیوار پر لگا دیں۔اس طرح بہت کم قیمت میں آپ جدید آرٹ سے کمرے کو سجا لیں گے۔فیملی فوٹوز اکثر گھروں میں لگائے جاتے ہیں جو وقت کے ساتھ دھندلا جاتے ہیں آپ ان میں نئے فوٹوز لگا کر ایک مرتبہ پھر دیدہ زیب بنا سکتے ہیں۔کچھ پینٹنگز کو غیر متوقع جگہوں پر بھی لگا کر دیکھیے،مثلاً ایک چھوٹا سا فریم اپنے باتھ روم میں یا پھر ایک چھوٹی پینٹنگ کچن کاؤنٹر پر۔

گملے اور پودے
سبزہ کسی بھی مقام کو دلکشی اور جاذبیت بخشتا ہے۔اپنے کمرے کا ماحول بہتر بنانے کے لئے خاص جگہوں پر پودوں کے گملے رکھیے۔مٹی کے بنے ہوئے مختلف پوٹس کی مدد سے بھی اپنے کمرے کے کارنرز کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے ان مٹی کے پوٹس کو سرخ رنگوں سے سجائیں اور ان میں مصنوعی یا تازہ پودے لگائیے۔
کشنز
ان دنوں کشنز فیشن میں اِن ہیں۔
گھر کو تازگی کا تاثر دینے کے لئے اس سے زیادہ سستا اور آسان طریقہ اور کوئی نہیں کہ آپ کاؤچز پر کشنز پھیلا دیں۔بازار میں انواع و اقسام کے مختلف فیبرکس،ڈیزائن اور کلر کے کشنز دستیاب ہیں جو آپ کے کمرے کو ایک نیا خوبصورت روپ دے سکتے ہیں․․․؟اگر آپ اپنے کمرے کو شوخ بنانا چاہتے ہیں تو شوخ رنگوں میں خوبصورت کام والے کشنز خرید سکتے ہیں اور اگر آپ اسے مقامی روایتی روپ دینا چاہیں تو پھر علاقائی پرنٹس استعمال کیجیے۔
رنگوں کے درمیان ہم آہنگی کو ضرور مدنظر رکھیں لیکن مختلف رنگوں اور پرنٹس کی مدد سے اپنے کمرے کو ایک نیا دیدہ زیب روپ دیجیے۔اس کے علاوہ مختلف سائز کے کشنز استعمال کیجیے۔کچھ لوگ کشنز کو صرف کاؤچز کے لئے استعمال کرتے ہیں لیکن انہیں صرف اسی حد تک مخصوص نہ کیجیے بلکہ بیڈ روم اور ڈائٹنگ چیئرز میں بھی استعمال کیجیے۔
سجاوٹ کے انداز بے شمار
اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو کچھ اضافی رقم خرچ کرکے آپ گلدان،ٹیبل میٹس اور کینڈلز خرید کر انہیں پرانی اشیاء کے ساتھ شامل کرکے کمرے کا روپ بدل سکتی ہیں۔
اگر اس پر رقم خرچ کرنے کا ارادہ نہیں ہے تو اپنے پرانے ٹیبل میٹس اور ٹیبل رنرز کو جامہ وار اور لیس کی مدد سے نیا انداز دے سکتی ہیں۔
آئینے
خالی سادہ دیواروں پر مختلف سائز اور شیپ کے آئینے لگائیے اس سے بھی کمرے میں ندرت کا احساس ہو گا،سادہ فریم والے شیشوں کے فریمز کو شوخ رنگ دیجیے پھر دیکھیے ان کی دلکشی۔
فرش
کمرے میں ایک خوبصورت رگ کا اضافہ اسے یکسر نیا رنگ دے دیا کرتا ہے۔
علاقائی یا جدید اسٹائل کا رگ لیجیے اور دیکھیے کمرے کا روپ ہی بدل جائے گا۔رگ لیتے ہوئے سائز کا ضرور خیال رکھیں۔اگر آپ کا بجٹ اور کمرے کا سائز اجازت دے تو ایک ہی قسم کے دو رگ لے کر انہیں کمرے میں دو مختلف جگہوں پر بچھا دیں۔
بنا خرچ تبدیلی
اگر آپ گھر کی سجاوٹ پر زیادہ خرچ کرنا نہیں چاہتے تو پھر اپنی پینٹنگز اور سجاوٹی اشیاء کو دوبارہ سے ارینج کریں۔چیزوں کی جگہیں تبدیل کر دیں اور مختلف ترتیب دے کر دیکھیے اس طرح بھی کمروں کے لُک میں تبدیلی محسوس ہو گی۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Ghar Sajaiye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.