Gher Ki Aloda Fiza Ko Saaf Kijye - Article No. 2233

Gher Ki Aloda Fiza Ko Saaf Kijye

گھر کی آلودہ فضا کو صاف کیجیے - تحریر نمبر 2233

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں آلودہ ہوا کے نتیجے میں ہر سال تقریباً70لاکھ اموات ہوتی ہیں۔

جمعرات 12 دسمبر 2019

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں آلودہ ہوا کے نتیجے میں ہر سال تقریباً70لاکھ اموات ہوتی ہیں۔صحت مند فضا میں سانس لینے کے آسان طریقوں کی مدد سے دس میں سے نوا فراد مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں جن میں فالج،پھیپھڑوں کا کینسر اور سانس کی بیماریاں شامل ہیں۔آلودگی کے خورد بینی ذرات ہمارے اطراف موجود ہوتے ہیں اور ہمیں نقصان پہنچاتے رہتے ہیں خاص کر اگر یہ ذرات گھر کے اندر ہوں۔
ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی امریکی ایجنسی کی ایک تحقیق کے مطابق اکثر اوقات گھروں کے اندر آلودگی باہر کے برعکس دو سے پانچ گنا زیادہ ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر کے اندر فضا میں اتنی آلودگی ہوتی ہے جتنی کے باہر لیکن اس کے ساتھ گھر کے اندر دیگر آلودہ عناصر بھی شامل ہوتے ہیں جس میں مکان کی تعمیر میں استعمال ہونے والا مواد،کھانا پکانا اور صفائی کے لیے استعمال ہونے والی اشیاء کے بعض اجزاء شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چند ایسی چیزیں ہیں جن کی مدد سے گھر کے اندر کی فضا کو صحت مند بنایا جا سکتاہے۔
ہوا کی نکاسی کے راستے
گھر میں تازہ ہوا کے داخلے کے لیے نا مناسب راستوں کے نتیجے میں آلودہ ہوا گھر کے اندر ہی موجود رہتی ہے۔گھر میں تازہ ہوا کے لیے کھڑکیوں اور دروازوں کو دن میں دو سے تین مرتبہ کھولا جائے۔ باورچی خانے اور باتھ روم میں ہوا باہر نکالنے والے فین کا استعمال کیا جائے تاکہ مضر صحت ذرات اور ضرورت سے زیادہ نم ہوا کو باہرنکلا جاسکے۔

گھر کے اندر پودے رکھیں
ہوا صاف کرنے والے مہنگے فلٹرز کے بجائے گھر کے اندر پودوں کو رکھا جا سکتاہے۔بعض پودے ہوا کے مضر صحت اجزاء کو صاف کرسکتے ہیں ،یہ پودے گھر کے اندر کی فضا میں آلودگی کم کرنے کے لیے ایک موثر ذریعہ ہوتے ہیں۔گھر میں کس قسم کے پودے رکھے جائیں۔درج ذیل میں دیے گئے چند پودوں سے شروعات کی جاسکتی ہے۔

منی پلانٹ
اس پودے کو اگانا اور دیکھ بھال کرنا آسان ہے۔یہ پودا قالین اور روغن سے نکلنے والے مضر صحت کیمیکلز کو فضا سے ختم یا کم کرنے میں مفید ہے۔
ڈریگن ٹری
یہ درخت مشرقی افریقہ میں پایا جاتاہے اور اسے گھروں اور دفاتر میں آرائش کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔یہ درخت بھی مضر صحت کیمیکلز سے فضا کو صاف کرنے میں مدد دیتاہے۔

اسنیک پلانٹ
یہ پودا رات کے وقت کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتاہے۔گھر میں پودے رکھنے کے لیے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ یہ پودے قدرتی طور پر فضا کو صاف کرتے ہوں۔
ماحول دوست طریقے سے بوکا خاتمہ
تعمیراتی سامان میں استعمال ہونے والے مواد کی بوکو مصنوعی خوشبو سے ختم کرنے کی کوشش سے مزید کیمیکلز کا اخراج ہوتاہے۔
مثال کے طور پر گھروں میں صفائی کے لیے استعمال ہونے والا ایسا سامان یا آلات جو ماحول دوست نہیں ہوتے اور ان کے استعمال سے فارمل ڈی ہائیڈ کیمیکل کا اخراج کر سکتے ہیں جس کا تعلق کینسر جیسے مرض سے ہوتاہے۔
اس کا حل کیا ہے․․․․؟
کپڑوں کی دھلائی کے لیے ایسی مصنوعات کا استعمال کیا جائے جن میں زیادہ کیمیکل آمیز خوشبو نہیں ہوتی ہے اور اس کے ساتھ پریشر سے نکلنے والے اسپرے کا استعمال ترک کر دیا جائے جس میں قالین کو صاف کرنے اور ہوا سے بوختم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے اسپرے بھی شامل ہیں۔

گھر کے اندر سگریٹ نوشی سے اجتناب
سگریٹ نوشی بذات خود نقصان دہ ہے اور گھر میں کی جائے تو زیادہ نقصان دہ ہوتاہے۔گھر میں اجتماعی سگریٹ نوشی کے نتیجے میں گھر کے اندر کی فضا پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور خاص کر ایسی صورت میں جبکہ ہوا کی نکاسی کا انتظام غیر مناسب ہو۔سگریٹ کا دھواں قریب میں بیٹھے افراد کے لیے بھی نقصان دہ ہوتاہے اور یہ انہیں خطر ناک بیماریوں سے دوچار کر سکتاہے۔
گھر میں نوازئیدہ بچوں کے قریب سگریٹ نوشی کے نتیجے میں ان کی اچانک موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
الرجی سے نجات حاصل کریں
پولن اور مٹی کے ذرے کے نتیجے میں بیمار ہونے کا خدشہ ہوتاہے اور خاص کر سانس کی بیماری ،پولن الرجی اور دیگر اقسام کی الرجی ہو۔ہوا میں نمی کی وجہ سے یہ ذرات ہوا میں تیزی سے پھیلتے ہیں اور ان لوگوں کو متاثر کر سکتے ہیں جن کو پھیپھڑوں کی بیماری لاحق ہو۔

اس صورت حال میں کیا کیا جائے․․․․․؟
ماہرین کے مطابق آسان طریقوں سے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔
بستر کو باقاعدگی سے صاف کیا جائے۔
قالین کو صاف کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ ماحول دوست ویکیوم کا استعمال کریں۔
کپڑوں کو کھڑکی کے قریب خشک کریں۔
داخلی دروازے پر میٹMatڈالیں تاکہ باہر سے آلودگی اندر نہ آئے۔ہوا سے اضافی نمی صاف کرنے والے آلے کا استعمال کیا جائے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Gher Ki Aloda Fiza Ko Saaf Kijye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.