Jiddat Apnain - Article No. 2676

Jiddat Apnain

جدت اپنائیں میورلز کی طرف آئیں - تحریر نمبر 2676

”وال میورلز“ حقیقت کا گمان لیے خوبصورت نقش و نگار

جمعہ 3 ستمبر 2021

آمنہ ماہم
کمرے سجانے کیلئے وال پیپرز استعمال کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے جبکہ تھری ڈی میورلز نے کمروں کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا دیئے ہیں۔17 ویں صدی سے پہلے ہاتھوں کے ذریعے پینٹ کرنے اور لکڑی کے ٹکڑوں سے پرنٹنگ کا رجحان تھا،وقت کے ساتھ جدت آتی گئی اور پھر وال پیپرز استعمال کئے جانے لگے،عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ وال پیپر سے گھر چھوٹا نظر آتا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ دیکھنے والے خوبصورت ڈیزائن کی دلکشی میں کھو جاتے ہیں۔
اب وال پیپرز رول یا ٹکڑوں میں فروخت کئے جاتے ہیں جنھیں دیوار پر لگانا اور دل بھر جانے پر اتار لینا انتہائی آسان ہے۔تھری ڈی وال پیپرز نے قدرتی حسن کے متوالوں کی مشکل مزید آسان کر دی۔ انسانی ذہن نے تصور کو تصویر کیا اور حقیقت کے رنگ بھرتے تو کمروں میں حسین مناظر کا احساس ممکن ہو گیا۔

(جاری ہے)

کمروں کے بیک گراؤنڈ میں وال پیپرز نہ صرف خوبصورتی کا باعث بنتے ہیں بلکہ تصویر کی ڈیپتھ کمرہ چھوٹا ہونے کا احساس بھی ختم کر دیتی ہے۔

دیواریں ہی نہیں کاریگروں نے چھت پر سمندر کا نظارہ بھی ممکن بنا دیا ہے۔
وال میورلز اپنے مرکزی خیال،موضوع اور اسٹائل پر منحصر ہوتے ہیں اور کمرے میں ایک شاندار اور خصوصی ماحول بناتے ہیں۔دراصل یہ ایسی بڑی تصویریں ہوتی ہیں جن کو دیکھ کر حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔اگر آپ قدرتی ماحول کے دلدادہ ہیں تو آپ کے کمرے کی ایک پوری دیوار کسی جنگل کا حصہ دکھائی دے سکتی ہے یا آپ کسی خوبصورت آبشار کے ساتھ بستر لگا کر سو سکتے ہیں۔

بیڈ روم ہو یا ڈرائنگ روم،آپ کسی بھی ایک دیوار پر خوبصورت اور ٹرینڈی وال میورل لگا سکتے ہیں،جو نہ صرف آپ کے مزاج کے مطابق ہو بلکہ ایک تھکا ہوا دن گزارنے کے بعد ذہن کو تازگی بھی بخشے۔بہت زیادہ سامان سے بھرا ہوا اور گہرے رنگوں سے پینٹ کیا گیا بیڈ روم دماغ پر بوجھ محسوس ہوتا ہے۔یہ خیال بھی غلط ہے کہ بیڈ روم کو سجانے کے لئے بہت سارا پیسہ چاہیے۔
آپ اپنے محدود بجٹ میں بھی اپنے ذوق کے مطابق اس کی سجاوٹ کر سکتے ہیں۔اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اگر آپ کا کمرہ مستطیل یا مربع شکل کا نہیں ہے تو اسی مطابقت سے آپ وال میورلز کا انتخاب کرکے اس کی اس خامی کو خوبصورتی میں ڈھال سکتے ہیں۔کمرے میں کسی قدرتی منظر، جیسے سمندر یا سورج کا کوئی میورل یا وال پیپر آپ کے کمرے کو منفرد بنا دے گا۔
آپ وال میورل کے طور پر کسی جزیرے،آسمان پر اُڑتے پرندوں،پاپ اسٹار،سمندر میں آدھے ڈوبے گلیشیئر،خزاں رسیدہ جنگل،ماضی کی یاد دلاتے خستہ حال قلعے یا محل،کسی تجریدی آرٹ،میوزیکل تھیم،سلہٹ میں بنے پُراسرار کردار،سمندر کیا ندی تیرتی مچھلیاں یا جیلی فش، کہکشاؤں سے سجا عنابی اور نیلا آسمان،سیاروں سے سجا فلک،قد آدم بوگن ویلا کے پھول،سمندر کی لہروں میں سرفنگ کرتے ہوئے لوگ، لامتناہی روشنی دکھاتے دلچسپ غار،بندرگاہ پر لنگر انداز بحری جہاز،اسکائی اسکریپرز،آرٹسٹک بس اسٹاپ (ٹائمز اسکوائر ہو تو کیا بات ہے)، چاند کی سطح پر کھڑے ہو کر نظر آنے والی زمین،پہاڑی چٹانوں پر بنا لائٹ ہاؤس،وغیرہ اپنے کمرے کیلئے منتخب کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آپ کا تخلیقی ذہن جو بھی بنوانا چاہے،جو آپ کے مزاج پر اچھا اثر ڈالتا ہو وہ میورل بنوا لیں،اس سے آپ کے گھر کو ایک نیا انداز بھی ملے گا اور آپ کے مہمانوں کیلئے دلچسپی کا باعث بھی بنے گا۔
زمانہ بدل رہا ہے اسی لئے ہمارے رہنے سہنے کے رنگ ڈھنگ بھی بدل رہے ہیں۔ہم ایک دوسرے سے متاثر ہوتے ہیں،اسی لئے اگر کسی کے گھر میں کچھ دیکھتے ہیں تو چاہتے ہیں کہ ہمارے گھر میں بھی کچھ ایسا ہی ہو۔
ہاتھوں میں پکڑے اسمارٹ فونز میں 24 گھنٹے چلنے والے انٹرنیٹ کی مدد سے آپ گوگل کرکے کسی بھی اسٹائل،پرودکٹ یا سیلیبریٹی کے بارے میں معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔اسی لئے جو چیز یا اسٹائل ہمارے معاشرے میں عام ہونے میں کئی سال لیتا تھا،اب چند دنوں کے اندر ہی مقبول ہو جاتا ہے۔اور تو اور آن لائن شاپنگ نے یہ مشکل مزید آسان کر دی ہے۔اِدھر آرڈر دیا اور اُدھر مطلوبہ چیز حاضر،یعنی اگر آپ کو کوئی بھی وال میورل(دیوار پر نقش و نگار) یا وال پیپر درکار ہوں تو فون اُٹھائیں اور منگوا لیں۔ساتھ ہی آن لائن ویڈیوز یا ٹیوٹوریل کی مدد سے انہیں لگا بھی لیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Jiddat Apnain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.