Nafees Aur Munfarid Lounge Kaise Bane Ga - Article No. 3037

Nafees Aur Munfarid Lounge Kaise Bane Ga

نفیس اور منفرد لاؤنج کیسے بنے گا - تحریر نمبر 3037

روشنی اور اشیاء کا توازن برقرار رہنا ضروری ہے

پیر 26 دسمبر 2022

گھرداری کے اس سلسلے میں ہم آپ کو گھر کے مختلف حصوں کی آرائش،تعمیر اور نگہداشت سے متعلق آراء دیا کرتے ہیں۔لاؤنج کی سجاوٹ سے متعلق بھی چند مضامین آپ کی نظر سے گزرے ہوں گے۔آج چند اور تجاویز پیش کی جا رہی ہیں۔
گھر میں ہمارا زیادہ تر وقت اسی مرکزی حیثیت کے کمرے میں گزرتا ہے۔بے تکلف مہمانوں کو بھی آپ لاؤنج میں بیٹھا دیتے ہیں۔
چنانچہ اس کمرے کی صفائی،نگہداشت اور آراستہ کرنے سے متعلق مختلف تصورات ذہن میں آتے رہتے ہیں۔ذرا سا بجٹ کشادہ ہو اور خانہ دار خاتون یا تو گھر کے پردے یا صوفے بدلنے کی سوچتی ہیں۔آپ صوفے نہ بدلیں ان کا غلاف اور کپڑا بدل دیں تو یہ نئے لگیں گے۔غیر دلچسپ دقیانوسی اشیاء موڈ خراب کرتی ہیں لہٰذا بہتر ہے کہ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے۔

(جاری ہے)

مختلف تصورات،اشکال،رنگوں اور میٹریل سے بنا فرنیچر خریدا جائے تاکہ آپ کا ذوق عمدہ کہلائے اور ایک نفیس و منفرد لاؤنج سامنے آ سکے۔
آج کل کم سے کم اشیاء رکھنے کا دلچسپ رجحان ابھر رہا ہے یہ Minimalist کہلاتا ہے۔سادہ اور کم جگہ گھیرنے والی چیزوں کے ساتھ آراستگی کا یہ فن خود آپ کو تازہ دم رکھتا ہے اور آپ کے گھر کو روشن،ہوا دار اور شائستہ ظاہر کرتا ہے۔
لاؤنج کے صوفوں کو گداز اور آرام دہ ہونا چاہئے۔شوخ رنگوں کا استعمال کم سے کم کیا جائے تو کمرے میں قدرتی حرارت معتدل رہے گی۔تاہم اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ آپ قطعاً شوخ رنگ استعمال کرنا ترک کر دیں۔
بھورے اور سرمئی رنگوں کی سجاوٹ عمر رسیدہ مکینوں کے لئے مخصوص سمجھی جاتی ہے اگر آپ ان رنگوں سے بیزار نہیں تو یہ استعمال کئے جا سکتے ہیں وگرنہ دھیمے رنگوں کے ساتھ سرخ رنگ کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

ٹی وی جس دیوار پر نصب ہو گا ظاہر ہے کہ فرنیچر کا رخ بھی اسی طرف ہو گا تاکہ آپ آرام سے بیٹھ کر ٹی وی دیکھ سکیں۔
اگر لاؤنج کا رقبہ مختصر ہے تو فرنیچر کو دیوار سے ملا کر رکھا جا سکتا ہے۔مگر دیوار پر نشان نہیں پڑنا چاہئے۔سارا فرنیچر دیوار سے جوڑ کے رکھ دیا تو باقی جگہ خالی اور عجیب سی لگتی ہے۔
تصاویر خواہ فیملی کی ہوں یا مصورانہ تخلیقات‘انہیں آئی لیول پر لگانا درست رہے گا۔
بہت اونچی جگہ پر لگانے سے کمرے کا مجموعی تاثر صحیح نہیں ہو گا۔
قالین یا غالیچے پر سامان نہ رکھا جائے تو بہتر ہے۔آپ کے قالین پر گھڑا سا پڑ جائے گا۔سجاوٹی اشیاء کو فرش پر بھی رکھا جائے تو جچتی ہیں۔
جدید دور میں اوپن کچن ہوتے ہیں کچھ لوگ پارٹیشن کر لیتے ہیں۔دیوار نہ ہو تو لکڑی کی خوبصورت پارٹیشن رکھ لیتے ہیں اور اگر یہ بھی نہ ہو تو رنگوں کے انتخاب میں ماہرانہ رائے ضرور لینی چاہئے۔
سیاہ اور سفید رنگوں کا انتخاب مہارت سے کرنے کی ضرورت ہے۔
لاؤنج کو کشادہ دکھانے کے لئے آئینے کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔یہ آرائشی آئینے مختلف ڈیزائنوں میں لکڑی اور دوسری دھاتی میٹریل کے فریموں کے ساتھ دستیاب ہوتے ہیں۔اسی طرح دیواری گھڑیاں بھی بہت حد تک جدت آمیز تصورات کے ساتھ مل رہی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ فرش ہو یا دیواریں آپ کو ہر چیز کے لئے بہتر انتخاب کرنا ہے۔

دیواروں کے لئے مدھم رنگوں اور خالصتاً سفید رنگوں کا استعمال اسے کشادہ ظاہر کرے گا۔
کرسیوں کا رنگ گہرا ہو تو یہ امتزاج دلکش ہو گا۔ایک آدھ چمڑے کا صوفہ بھی ہو تو دیدہ زیبی بڑھ جائے گی۔
کلاسیکی طرز کا فن پارہ مصوری کی شکل میں یہاں ہو تو اور بھی دلکشی بڑھے گی۔قدرتی روشنی کے لئے انتظام رکھنا ضروری ہے۔دن میں خاص کر کمرے میں دھوپ آئے تو اچھا ہے اس موقع پر اپنے شاندار صوفوں پر چادریں ڈال دیں تاکہ صوفے خراب یا میلے نہ ہوں۔

تازہ پھول،پودے گھر میں آکسیجن مہیا کریں گے۔مصنوعی پھول اور پودے آپ کے حسن ذوق کے ترجمان ہوں گے ان دونوں رجحانوں سے فیض اٹھائیے اور اپنے لاؤنج کو ماحول دوست بنا دیجئے۔
ٹیبل لیمپ یا فرشی لیمپ مصنوعی روشنی کے لئے کارآمد رہیں گے۔کبھی کبھار موسم سرما کی بارش میں اگر آپ کے گھر کی لائٹ نہ بھی ہو تو لیمپ کی روشنی میں کوئی کتاب یا اخبار پڑھئے اور ماحول کو تخلیقی رمز عطا کر دیجئے۔کہتے ہیں کہ روشنی آرائش کے اہم ترین عناصر میں سے ایک ہے اس لئے کمروں کا ناکافی روشنی بینائی کو متاثر کرے گی اور کمرے کی وضع بھی متاثر ہو سکتی ہے۔روشنی اور اشیاء کی ترتیب توازن کے ساتھ ہو تو لاؤنج نفیس بھی ہو گا اور آپ خود بھی تازہ دم رہیں گے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Nafees Aur Munfarid Lounge Kaise Bane Ga" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.