Aao Sakhi Choti Banaain - Article No. 3170

Aao Sakhi Choti Banaain

آؤ سکھی چوٹی بنائیں - تحریر نمبر 3170

بل دار یا فش ٹیل

پیر 10 جولائی 2023

ہماری شخصیت کا اچھا تاثر پیش کرنے میں ہیئر اسٹائل خاصی اہمیت کا حامل ہے۔بسا اوقات تو ہیئر اسٹائل ہی لوگوں کی پہچان بن جاتا ہے۔فیشن کے بدلتے ہوئے رجحانات کے ساتھ نت نئے ہیئر اسٹائل بھی متعارف ہوتے رہتے ہیں اور جب بات ہو چوٹی کی تو اس کا کوئی ثانی نہیں۔ہم میں سے کتنی ہی لڑکیاں اور خواتین ایسی ہوں گی جنہیں بچپن میں چوٹی بنوانا سخت ناپسند ہوتا تھا مگر اب زمانہ بدل چکا ہے اور جب ہر کوئی روایتی انداز اپنا رہا ہے تو پھر آپ چوٹی کیوں نہ بنائیں۔
کیا بچیاں کیا خواتین اب تو ہر کوئی تقریبات کے موقع پر بھی چوٹی بنانے کو ترجیح دیتا ہے اور کیوں نہ دیں یہ آپ کے بالوں کی شان بڑھانے کے ساتھ ساتھ شخصیت میں نکھار بھی تو لاتی ہیں۔تو اگر آپ بھی چاہتی ہیں خوبصورت سی چوٹی سے اپنے بالوں کو سنوارنا اور سب سے منفرد نظر آنا تو ہم چوٹیاں بنانے کے مختلف اسٹائلز پیش کر رہے ہیں دیکھئے تو کون سی چوٹی خوب جچتی ہے آپ پر؟
رسیوں کی شکل میں گوندھی جانے والی چوٹی Rope Braid
اس چوٹی کو بنانے کے لئے سب سے پہلے بالوں کو سلجھا کر پونی ٹیل کی شکل دیجئے۔

(جاری ہے)

اب پونی بنانے کے بعد اسے دو حصوں میں تقسیم کریں اور دونوں حصوں کو ایک ہی جانب گھمانا شروع کر دیں جیسے رسی میں بل ہوتے ہیں بالکل اسی انداز میں۔اب ان دونوں حصوں کو کراس (X) کی شکل میں ایک دوسرے پر رکھتی جائیں اور آخر میں کسی دلکش سے یا کلپ کی مدد سے انہیں باندھ دیں۔کم وقت میں بنانے کے لئے یہ چوٹی سب سے بہترین انتخاب ہے۔آپ چاہیں تو یہ چوٹی آفس یا یونیورسٹی جاتے ہوئے بھی بنا سکتی ہیں۔

Fishtail Braid
اس چوٹی کی پیچیدگی ہی اسے انتہائی پُرکشش بناتی ہے لیکن اس پیچیدگی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ صبر اور مشق سے آپ بھی مہارت سے اسے بنا سکتی ہیں۔سب سے پہلے آپ ایک نیچی پونی باندھئے (گردن سے اوپر)۔اگر آپ کی گرفت اچھی ہے تو آپ بنا پونی باندھے بھی چوٹی بنا سکتی ہیں۔اب بالوں کو دو برابر حصوں میں تقسیم کریں۔
دونوں حصوں کو ایک ہی ہاتھ میں پکڑیئے اور دوسرے ہاتھ سے دونوں حصوں میں سے دائیں حصے سے ایک پتلی سی لٹ لے کر اسے اسی حصے کے اوپر سے لاتے ہوئے بائیں حصے میں شامل کر دیجئے۔اب اسی طرح بائیں حصے سے ایک لٹ لے کر اس کے اوپر سے لاتے ہوئے دائیں حصے میں شامل کیجئے اور اب یہ عمل باری باری دائیں بائیں کرتے ہوئے دہراتی جائیں یہاں تک کے چوٹی مکمل ہو جائے۔
اب اسے کسی پونی یا ہیئر بینڈ کی مدد سے باندھ دیجئے اور شروع میں باندھی ہوئی پونی کو کھول دیجئے یا اگر ربڑ بینڈ لگایا ہو تو کاٹ دیجئے۔مہارت حاصل کر لینے کے بعد اس میں بھی آپ پھولوں والی کلپس یا موتیوں کا اضافہ کر سکتی ہیں۔تو پھر سردی ہو یا گرمی،خزاں یا بہار،ہر موسم اور ہر موقع پر آپ بھی پسندیدہ چوٹی بنا کر برسوں کی روایت کو جدید انداز میں اپنا کر، بن سکتی ہیں سب سے الگ،سب سے منفرد۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Aao Sakhi Choti Banaain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.