Sardiyon Mein Balon Par Khusoosi Tawajah Dijiye - Article No. 3265

Sardiyon Mein Balon Par Khusoosi Tawajah Dijiye

سردیوں میں بالوں پر خصوصی توجہ دیجیے - تحریر نمبر 3265

جاڑوں کی آمد کے ساتھ ہی اگر آپ بالوں کو نظر انداز کرتی رہیں گی تو اپنی دلکشی اور جاذبیت کھو بیٹھیں گی

بدھ 17 اپریل 2024

امبر سلیم
شدید سردی کے موسم میں آپ کافی پی رہی ہوں اور سامنے میز پر خشک میووں کی پلیٹ بھی رکھی ہو، ٹیلی ویژن پر آپ کا پسندیدہ پروگرام چل رہا ہو اور آپ نے کمبل اوڑھ رکھا ہو تو بستر سے نکلنے کو دل نہیں چاہتا۔جاڑوں میں پریشانی اور مصیبت اس وقت اٹھ کھڑی ہوتی ہے، جب آپ کی جلد پر خراب اثرات پڑنے لگتے ہیں اور سر کے بالوں میں خشکی نظر آنے لگتی ہے۔
بال کھردرے، مسام دار اور کمزور ہو جاتے ہیں۔خواتین کے بال جب تک چمک دار، مضبوط اور لمبے نہ ہوں، ان کی شخصیت جاذب نظر نہیں ہوتی۔چنانچہ انھیں صاف ستھرا، چمک دار اور صحت مند رکھنے کے لئے خصوصی توجہ دینی پڑتی ہے۔جاڑوں کی آمد کے ساتھ ہی اگر آپ بالوں کو نظر انداز کرتی رہیں گی تو اپنی دلکشی اور جاذبیت کھو بیٹھیں گی۔

(جاری ہے)


سردی کے موسم میں چونکہ پسینہ نہیں آتا، لہٰذا سر کے بالوں کو روز دھونا ضروری نہیں ہے۔

کوئی اچھا شیمپو استعمال کریں اور نیم گرم پانی سے سر دھوئیں۔تیز گرم پانی سے یہ نقصان پہنچتا ہے کہ آپ کے بال زیادہ خشک اور کھردرے ہو جاتے ہیں۔
ہاتھوں اور پیروں پر کوئی لوشن ضرور لگائیے، ورنہ جلد بے جان ہوتی چلی جائے گی۔گھر میں کنڈیشنر بنا لیجیے۔ایک چمچہ شہد، ایک انڈے کی زردی اور آدھا چمچہ دہی کو ملا کر آمیزہ بنا لیں۔پھر اس آمیزے کو بیس منٹ تک کے لئے بالوں پر لگا لیں۔
اس کے بعد نیم گرم پانی سے بال دھو ڈالیں۔آپ کے لئے یہ کنڈیشنر بہترین ثابت ہو گا اور بال چکنے اور چمکدار ہو جائیں گے۔
جاڑوں میں بالوں کا مساج کرنا ضروری ہے۔اس سے کنڈیشنر بالوں میں اچھی طرح سے جذب ہو جاتا ہے۔خشک بالوں اور سرد ہوا سے کھوپڑی میں چبھن ہونے لگتی ہے۔سر کے بال سخت، کھردرے اور کمزور ہو جاتے ہیں۔اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بال ٹوٹنے لگتے ہیں۔
مساج کے لئے آپ زیتون یا ناریل کا تیل استعمال کر سکتی ہیں۔سر کے چاروں طرف مساج کریں اور کوئی حصہ نہ چھوڑیں، پھر نرم، مگر گرم تولیا لے کر اسے سر پر لپیٹ لیں۔تولیا نصف گھنٹے تک لپٹا رہنے دیں۔ہلکی گرمی سے تیل بالوں میں جذب ہو جاتا ہے۔یہ عمل ہفتے میں دو بار کریں، جس سے بال ملائم اور لمبے ہو جائیں گے۔
خشک ہونے پر بالوں کی نوکیں پھٹ جاتی اور دو حصوں میں تقسیم ہو جاتی ہیں، لہٰذا بالوں کی نوکوں کو کاٹ دیجیے۔
بالوں کو مہینے میں ایک بار ضرور تراشیے۔ہفتے میں ایک بار ان میں موئسچرائزر بھی لگائیے۔
موئسچرائزر بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ ایک کیلا چھیل کر اس کے ٹکڑے کر لیجیے، چوتھائی پیالی دودھ یا دہی لیجیے اور تین چمچے بادام کا تیل، پھر انھیں ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔اس آمیزے کو بالوں پر لگا لیں اور پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیں۔اس کے بعد شیمپو لگا کر دھو ڈالیں۔
آپ کے بال چمکدار اور خوبصورت ہو جائیں گے۔
جاڑوں میں خشکی بھی بالوں کے لئے مصیبت بن جاتی ہے۔اسے ختم کرنے کے لئے گھریلو نسخے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔خشکی دور کرنے کے لئے تقریباً پانچ چائے کے چمچے گھیکوار کا گودا لے کر کھوپڑی پر لگائیے۔نصف گھنٹے تک اسے کھوپڑی پر لگا رہنے دیجیے اور اس کے بعد شیمپو لگا کر دھو ڈالیے۔اگر آپ ہفتے میں ایک بار بھی اس نسخے کو استعمال کر لیں گی تو بالوں سے خشکی دور ہو جائے گی۔

جاڑوں میں بال گھنگریالے ہو جاتے ہیں۔انھیں سیدھا رکھنے کے لئے گرم پانی استعمال نہ کیجیے، بلکہ جیلی لگا کر انھیں دھوئیے۔آپ جو غذائیں کھاتی ہیں، وہ بھی آپ کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔لحمیات (پروٹینز) بالوں کے لئے بہت مفید ہوتی ہیں۔چنانچہ اگر آپ لحمیات کھائیں گی تو آپ کے بالوں کو توانائی ملتی رہے گی۔اس کے علاوہ ایسی غذائیں کھائیں،جن میں حیاتین الف، ج (وٹامنز اے،سی) فولاد اور اومیگا۔3 ہوں۔نارنگی، کیلا، پپیتا، پنیر، انڈا، مچھلی، مرغی، پالک اور ہرے پتوں والی سبزیاں کھانے سے بھی بالوں کی نشوونما اچھی ہوتی ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Sardiyon Mein Balon Par Khusoosi Tawajah Dijiye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.