Husn Ka Taaj Purkashish Sehat Mand Baal - Article No. 3199

Husn Ka Taaj Purkashish Sehat Mand Baal

حسن کا تاج پرکشش صحت مند بال - تحریر نمبر 3199

اپنی زلفوں کو اپنے حسن کا تاج بنائے رکھنے کے لئے ان کی حفاظت و نگہداشت پر خصوصی توجہ دیں

پیر 9 اکتوبر 2023

ایک باوقار اور پرکشش شخصیت کی تخلیق میں صحت مند‘چمکیلے اور خوبصورت اسٹائل میں سجے ہوئے بال اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ہمارے سر کا یہ قدرتی قابل فخر تحفہ یقینی طور پر باقاعدگی سے معمول کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی چاہتا ہے۔روکھے‘پھیکے‘بے کیف اور بے جان سے بال دوبارہ سے زندگی پا سکتے ہیں اگر آپ بالوں کی دیکھ بھال کے معمول کو ایک مذہبی فریضے کی مانند پابندی سے ادا کرنا شروع کر دیں۔
اس بارے میں ذیل میں چند مشورے دیئے جا رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ بھی اپنی زلفوں کو ملائم‘ریشم سی چمک دار اور دوسروں کے لئے قابل رشک بنا سکتی ہیں۔
صحت مندانہ بالوں کے لئے اپنی زلفوں کو مکمل طور پر ہر وقت صاف ستھرا رکھنا اس جانب پہلا قدم ہے۔آپ کے بالوں کی دیکھ بھال کے معمول کا انحصار آپ کے بالوں کی ساخت پر منحصر ہو گا یعنی یہ کہ آپ کے بال خشک ٹائپ کے ہیں‘چکنے ہیں یا نارمل ہیں۔

(جاری ہے)

عام طور پر ٹین ایجرز (نو عمر لڑکیوں) کے بال نہایت چکنے ہوتے ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ اپنے بال ایک دن چھوڑ کر ایک دن دھوئیں۔وہ لڑکیاں جن کے بال نارمل یا خشک ٹائپ کے ہیں انہیں اپنے بال ہفتے میں دو مرتبہ شیمپو کرنے کی ضرورت ہو گی۔
وہ لڑکیاں اور خواتین جو آلودگی کے ماحول میں رہتی ہیں انہیں اپنے بالوں کو زیادہ مرتبہ شیمپو کرنے کی ضرورت ہو گی۔
گرمیوں میں بال پسینے میں تر ہو جاتے ہیں لہٰذا انہیں زیادہ مرتبہ دھونا ضروری ہو جاتا ہے۔سنہری اصول یہ ہے کہ جب کبھی بھی آپ کے بال گندے دکھائی دیں یا چپچپے محسوس ہوں تو آپ انہیں شیمپو کر لیں۔
ہیئر کنڈیشننگ سے بال بھرپور اور لچکدار دکھائی دیتے ہیں۔اپنے بالوں کی ساخت کے مطابق ایک عمدہ کنڈیشنر کا انتخاب کریں۔بالوں کو دھونے کے بعد بالوں پر کنڈیشنز لگائیں (کھوپڑی پر مت لگائیں جیسا کہ بعض خواتین بالوں کے ساتھ کھوپڑی پر بھی مالش کر لیتی ہیں)۔
اسے دس منٹ تک لگا چھوڑ دیں اور پھر اچھی طرح سے دھو لیں۔
ہفتے میں ایک مرتبہ گرم تیل کی مالش کرنا کھوپڑی اور بال دونوں کے لئے بہترین محرک ہے۔تیل‘بالوں کی کنڈیشننگ کرتا ہے جبکہ مالش سے کھوپڑی میں خون کی گردش کو تحریک ملتی ہے اور ذہن کو سکون حاصل ہوتا ہے۔
تیل کو رات بھر بالوں میں لگا رہنے دیں اور اگلے روز ایک معتدل شیمپو استعمال کریں۔
اس ٹریٹمنٹ سے بے جان بالوں میں نئی زندگی آ جاتی ہے اور ان کی طاقت اور تازگی بحال ہو جاتی ہے۔
بے جان اور بے کیف بالوں کے لئے ایک انڈے میں لیمن جوس کے 6 قطرے مکس کر لیں اور اچھی طرح سے پھینٹ لیں۔بالوں کی ہر لڑی پر ترتیب سے لگاتی جائیں۔بالوں کو ایک شاور کیپ سے ڈھانپ لیں اور 2 گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ایک نرم شیمپو سے بالوں کو دھو لیں۔
آپ کے بال گھنے اور بھرے بھرے دکھائی دیں گے۔
بالوں کو دھونے کے بعد نصف بالٹی کنکنا (نیم گرم) پانی لے لیں۔اس میں 5 قطرے سرکہ ڈال دیں۔اس پانی کو آخری بار بالوں کو نتھارنے کے لئے استعمال کریں۔اس سے آپ کے بالوں میں اضافی چمک دمک آ جائے گی اور اس آب و تاب سے آپ خود بھی حیران رہ جائیں گی۔
ہر مہینے بالوں کے سروں کو تراشنا کٹے پھٹے اور مڑے تڑے کناروں کے مسئلے کو حل کر دیتا ہے۔
اس سے بال بھی صحت مند دکھائی دیتے ہیں۔
ہر مرتبہ بالوں کو دھونے کے بعد انہیں تولیہ سے نرمی سے خشک کریں۔ڈرائزر کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ یہ بالوں کے قدرتی تیلوں کو اُتار پھینکتے ہیں یعنی بالوں کی قدرتی چکنائی ختم ہو جاتی ہے اور بال روکھے‘بے جان اور بے کیف دکھائی دینے لگتے ہیں۔
اپنے بالوں میں اس وقت کنگھی بالکل نہ کریں جب وہ گیلے ہوں کیونکہ اس سے بال آسانی سے ٹوٹ جائیں گے۔
انہیں اپنی انگلیوں کی مدد سے سلجھائیں۔چوڑے دندانوں والی کنگھی استعمال کریں۔وہ بھی اس وقت جب بالوں میں ہلکی سی نمی باقی رہ جائے۔ہیئر برش کا استعمال صرف اس وقت کریں جب بال مکمل طور پر خشک ہو جائیں۔
بالوں کو بہت زیادہ کھینچنے یا بل دینے کی کوشش نہ کریں۔اگر بال الجھے ہوئے ہیں تو پہلے کناروں کو برش سے سلجھائیں اور پھر دھیرے دھیرے بتدریج اوپر کھوپڑی کی جانب بڑھیں۔

خشک آملے کو رات بھر کے لئے پانی میں بھگو دیں اور پھر بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد اس پانی سے بالوں کو نتھار لیں۔آخر میں ڈھیروں پانی سے اپنے بالوں کو اچھی طرح سے نتھار لیں۔اسے باقاعدگی سے استعمال کریں۔آملہ سے بالوں میں سفیدی دیر سے آتی ہے۔
ایک متوازن غذا اور ڈھیروں پانی پینے سے بال صحت مند اور مضبوط رہتے ہیں۔باقاعدہ ورزش بھی صحت مند بالوں کی افزائش میں مدد دیتی ہے۔

ہیئر برش اور کنگھیوں کی ہفتہ وار صفائی کیا کریں۔انہیں 10 منٹ کے لئے کسی ڈٹرجنٹ کے محلول میں ڈبو دیں اور ایک پرانے ٹوتھ برش سے رگڑیں۔کنگھیوں اور برشوں کے دندانے اور برسٹلز ہموار‘ملائم اور یکساں ہونے چاہئیں۔
کھردرے کناروں والے ہیئر پن اور کلپ کبھی استعمال نہ کریں کیونکہ ان سے آپ کے بال ٹوٹ سکتے ہیں۔
جہاں تک ممکن ہو سکے بالوں کے اسپرے اور جیل سے گریز کریں کیونکہ ان میں جو کیمیکلز ہوتے ہیں وہ آپ کے بالوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ایسے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں جو آپ کے چہرے پر جچے۔
بالوں کی دیکھ بھال کے مندرجہ بالا مشوروں پر عمل کریں اور پھر دیکھیں کہ آپ کی شخصیت میں کیسی تبدیلی رونما ہوتی ہے․․․․․ایک خوشگوار تبدیلی جس سے آپ بھرپور لطف اندوز ہو سکتی ہیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Husn Ka Taaj Purkashish Sehat Mand Baal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.