Balon Ka Andaz Chehray Ke Mutabiq Jachta Hai - Article No. 2997

Balon Ka Andaz Chehray Ke Mutabiq Jachta Hai

بالوں کا انداز چہرے کے مطابق جچتا ہے - تحریر نمبر 2997

یہ ریشمی زلفیں یہ خوبصورت چہرہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2022

راحیلہ مغل
خواتین پُرکشش رہنے اور دوسروں سے منفرد نظر آنے کے لئے بہت محنت کرتی ہیں،جس میں کئی خواتین قدرے کامیاب بھی ہو جاتی ہیں۔مگر کچھ خواتین خود کو پُرکشش اور خوبصورت کرنے کے چکر میں مزید بگاڑ دیتی ہیں۔خواتین کی خوبصورتی اور شخصیت میں بالوں کا کردار اہم ہوتا ہے،متعدد عالمی سطح کی خواتین بھی صرف خوبصورت بالوں کی وجہ سے وہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں،جس کی وہ آرزو مند ہوتی ہیں۔
بالوں کی ہیئر کٹنگ یا بالوں کو سجانے کے کچھ ایسے انداز بھی ہیں،جن کو اپنانے سے خواتین کی عمر کم سے کم 10 برس کم لگنے لگتی ہے۔یہ دعویٰ ہم نہیں بلکہ بالوں کو بہتر بنانے کے مختلف انداز اپنانے والی عالمی اداکارائیں کرتی ہیں۔اداکاراؤں کے مطابق بالوں کی کٹنگ اور انداز تبدیل کرنے سے لوگ انہیں ان کی اصل عمر سے 10 برس جوان سمجھنے لگتے ہیں۔

(جاری ہے)


دراصل قدرت نے ہر چہرہ مختلف بنایا ہے،اس لئے ہیئر اسٹائل بھی مختلف اپنانا چاہیے۔بعض خواتین کے چہرے گول ہوتے ہیں بعض کے بیضوی اور بعض کے لمبے۔آج ہم آپ کو مختلف ساخت کے چہروں والی خواتین کے ہیئر اسٹائل کے بارے میں بتاتے ہیں۔مثال کے طور پر گول چہرے والی خواتین کو چاہیے کہ وہ جو ہیئر اسٹائل اپنائیں،اس میں ان کا چہرہ کم گول نظر آئے،اس کیلئے انہیں چاہئے کہ وہ سر پر بال پھولے پھولے رکھیں،اس کے علاوہ چہرہ کے اطراف میں اس انداز سے بال ڈالیں جس سے چہرے کی گولائی کم نظر آئے۔
لمبے چہرے کی خواتین چہرے کی لمبائی کم کرنے کیلئے ماتھے پر بالوں کو پھیلائیں اور پھولا ہوا اونچا اسٹائل نہ بنائیں۔اسی طرح ان کا چہرہ مناسب لگے گا۔چوکور چہرے کی مالک خواتین چہرے کے اطراف میں بالوں کو پھیلائیں تاکہ چہرے کی چوڑائی میں کمی نظر آئے۔بیضوی یا کتابی چہرے پر ہر قسم کے بال اور ہر قسم کا میک اپ سج سکتا ہے۔آپ میک اپ کر رہی ہوں یا ہیئر اسٹائل بنا رہی ہوں،اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ پہلے اپنے چہرے کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ آپ کیلئے کون سا طریقہ کار مناسب رہے گا،اس کیلئے آپ آئینے کے سامنے بیٹھ جائیں،بالوں کو پیچھے کی طرف کھینچ کر پونی ٹیل باندھ لیں اور ایک چھوٹا شیشہ لے کر اپنے چہرے کو غور سے دیکھیں۔
آنکھیں،ناک،گال،ہونٹ،ماتھا ہر ایک چیز کا بغور جائزہ لیں پھر دیکھیں کہ ان میں سے کس کو خوب سے خوب تر بنانے کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ یہ بھی سچ ہے کہ شخصیت کی انفرادیت کو ظاہر کرنے کے لئے ہیئر اسٹائل کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔آج کل ہیئر فیشن میں ہاف اپ بن بہت پسند کئے جا رہے ہیں۔اس میں خاص بات یہ ہے کہ بالوں کا صرف اونچا جوڑا ہی نہیں بنتا بلکہ بالوں کی چوٹی کا فرینچ ٹچ بھی آ جاتا ہے۔
سب سے پہلے بالوں کو لوز کرلز میں سیٹ کریں اور پھر بیک کو مبنگ کر لیں۔اب بالوں کو تین حصوں میں تقسیم کر لیں۔ایک حصہ پیچھے اور دو آگے کی جانب ہوں۔اب سامنے کے بال علیحدہ کرکے ان پر کلپ لگا لیں اور پیچھے کی جانب بال اٹھا کر ایک پونی کی شکل میں کراؤن بنا لیں۔اب علیحدہ کئے ہوئے بالوں سے فرینچ چوٹی بنائیں جو بہت زیادہ ٹائٹ نہ ہو بلکہ انداز ڈھیلا سا ہو۔
بالوں کی ایک لڑی سامنے والے حصے سے لیں اور دوسری لڑی کے لئے پیچھے بنائے گئے کراؤن کا ایک حصہ منتخب کریں۔اس طرح فرینچ چوٹی بنانا آسان ہو جائے گا۔اب اس فرینچ چوٹی کو ہیئر کراؤن کے گرد لپیٹ کر نیچے تک لے جائیں اور لوز بن کی شکل میں باندھ لیں۔ہیئر کراؤن کو فرینچ چوٹی پر لپیٹنے سے اس کی دلکشی میں زبردست اضافہ ہو جائے گا۔جب فرینچ چوٹی آخر تک مکمل ہو جائے تو اسے ربر بینڈ کی مدد سے باندھ دیں اور ہیئر کراؤن پر گول دائرہ کی شکل میں لپیٹ دیں۔
پیچھے بال کھلے رہیں گے ضرورت محسوس ہو تو کھلے بالوں کو گھونگریالے انداز میں سیٹ کر لیں۔اس طرح بالوں میں ایک خاص جان نظر آئے گی۔یہ ہاف سپ ہیئر اسٹائل کسی بھی تقریب کے لئے آپ کی تیاری کو چار چاند لگا دے گا۔
ہیئر کلر سے بھی بالوں میں خوبصورتی اور نیا پن پیدا ہوتا ہے تاہم اس کے اثر کو دیرپا برقرار رکھنے کے لئے احتیاط اور حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ بال روکھے پن کا شکار ہو جاتے ہیں اور رنگ بھی بہت جلد پھیکا پڑنے لگتا ہے۔
بالوں کی حفاظت اور رنگت کو دیرپا بنانے کے لئے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں۔
شاور لینے سے پہلے شاور کے نلکے پر فلٹر چڑھائیں۔یہ فلٹر پانی سے غیر ضروری کیمیکلز،کلورین اور معدنیات کو نکال کر بالوں کو روکھا اور بے رونق ہونے سے بچاتا ہے۔یہ کیمیکلز بالوں سے قدرتی تیل کو جذب کر لینے کا سبب بنتے ہیں۔فلٹر استعمال کرنے سے بالوں کا رنگ زیادہ عرصہ تک برقرار رہتا ہے۔

اس کے علاوہ بالوں کی رنگت کو برقرار رکھنے کے لئے مہینے میں ایک بار ایک حصہ سیب کا سرکہ اور تین حصے پانی لے کر،انہیں اچھی طرح مکس کر کے شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کرنے کے بعد بالوں پر لگائیں۔یہ مکسچر بالوں پر جمنے والی معدنیات کی تہہ کو ہٹا کر بالوں کے رنگ کو نکھارنے کا سبب بنتا ہے۔
سورج کی تیز الٹراوائلٹ‘شعاعیں بھی رنگے ہوئے بالوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
یہ شعاعیں بالوں سے ان کی رنگت کو چھین لیتی ہیں۔ان سے محفوظ رہنے کے لئے ہیٹ یا اسکارف کا استعمال ضروری ہے۔اس کے علاوہ،چاہیں تو اپنے بالوں پر SPF اسپرے بھی چھڑک سکتی ہیں۔بار بار شیمپو کرنا بھی بالوں کے رنگ کو وقت سے پہلے پھیکا اور بے رونق بنا سکتا ہے۔تاہم زیادہ دن تک شیمپو نہ کرنے سے آپ کے بال چکنے ہو جاتے ہیں،بالوں کو چکنا ہونے اور شیمپو کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے کسی معیاری ڈرائی شیمپو کا استعمال کریں۔
اس کے علاوہ آپ اپنے بالوں کو جس قدر زیادہ موئسچرائز رکھیں گی،ان کا رنگ اتنا زیادہ عرصہ تک برقرار رہے گا۔اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کام کاج شروع کرنے سے پہلے اپنے بالوں پر کھوپرے کا تیل گا کر انھیں جوڑا لگا دیں۔جسمانی مشقت کے دوران،آپ کے جسم میں پیدا ہونے والی گرمی سے بالوں کو زیادہ موئسچرائز یعنی نمی میسر آئے گی۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Balon Ka Andaz Chehray Ke Mutabiq Jachta Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.