Baloon Ke Liye Muasar Mehendi - Article No. 2598

Baloon Ke Liye Muasar Mehendi

بالوں کے لئے موٴثر مہندی - تحریر نمبر 2598

اچھی مہندی وہی ہوتی ہے،جس میں لاسون کا جزو زیادہ ہوتا ہے

جمعہ 21 مئی 2021

مہندی آرائش جمال کے علاوہ سامان صحت بھی کرتی ہے۔طبی اعتبار سے اس میں جراثیم کشی کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ملائیشیا میں اس کے پولٹس (Poultice) سے پھوڑوں اور زخموں کا علاج کیا جاتا ہے۔اس کے جوشاندے سے کلیاں اور غرغرے کرنے سے مسوڑوں کے پھوڑے اور آواز بیٹھ جانے کی شکایت جاتی رہتی ہے۔ہندوستان اور ہندچینی (ویت نام،لاؤس اور کمبوڈیا) میں اس کی نرم کونپلوں اور پھولوں سے ایک دوا تیار کی جاتی ہے،جسے جذام کے لئے مفید سمجھا جاتا ہے۔

مہندی مصر میں
مصری آج بھی مہندی سے ہاتھ اور پیر کے علاوہ بال بھی رنگتے ہیں۔ملکہ قلوپطرہ اپنے آرائش جمال کے لئے اسے استعمال کرتی تھی۔ممی (Mummy) تیار کرنے کے بعد اس کے رنگ میں رنگے کپڑے کی پٹیاں اس پر لپیٹی جاتی تھیں،بلکہ بالخصوص خواتین ممیوں کے ہاتھ اور پیر کے ناخن بھی اس سے رنگے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

روس میں قزاق اسے حفاظت اور خوش بختی کا رنگ سمجھ کر اپنے گھوڑوں اور بھیڑوں کے بال بھی رنگا کرتے تھے۔

یہ رواج ہمارے ہاں بھی ہے،خاص طور پر قربانی کے جانوروں کو مہندی سے رنگا جاتا ہے۔ایک ماہر نباتات ڈاکٹر لاسون نے 1709ء میں اس کا موٴثر جزو الگ کیا،جو انھی کے نام سے”لاسون“ کہلاتا ہے۔یوں مہندی پر سائنسی تحقیق کا بہت پہلے سے آغاز ہوا اور آج کی جدید تحقیق بھی اس کے بارے میں قدیم نظریات اور معلومات کی تصدیق کر رہی ہے۔
بالوں پر اثر
مہندی بالوں پر دو طرح سے اثر کرتی ہے۔
پہلے یہ بالوں کو رنگتی ہے،دوسرے اس کے سالمات (Molecules) چونکہ بالوں کے سالمے کیراٹن (Keratin) سے ملتے جلتے ہوتے ہیں،لہٰذا یہ بالوں کو کوئی نقصان پہنچائے بغیر ان کے اندر تک اتر جاتے ہیں،جن سے بال توانا ہونے کے علاوہ چمک دار بھی ہو جاتے ہیں۔
اچھی مہندی
اچھی مہندی وہی ہوتی ہے،جس میں لاسون کا جزو زیادہ ہوتا ہے اور اس اعتبار سے پاکستان،ایران،مصر اور ہندوستان کی مہندی بہترین سمجھی جاتی ہے،جب کہ پاکستان میں صوبہ سرحد کی مہندی کو اعلیٰ قرار دیا جاتا ہے۔
بازار میں اس مہندی کے سفوف مختلف ناموں سے بھی فروخت ہوتے ہیں۔ان میں چونکہ رنگ نکھارنے کے لئے سٹرک ایسڈ (لیموں کا تیزاب) اور یورک ایسڈ بھی شامل کیا جاتا ہے،اس لئے اسے بہ طور دوا نہیں کھانا چاہیے۔اس مقصد کے لئے تازہ یا خشک پتے ہی استعمال کرنے چاہییں۔بال رنگنے کے لئے اعلیٰ معیار کی مہندی کا ہی انتخاب کرنا چاہیے اور غیر معیاری مہندی پر پیسے اور وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

بال رنگنے کا طریقہ
اس سلسلے میں سب سے بنیادی بات وقت اور درجہ حرارت کی ہے۔مہندی کا رنگ فوری طور پر نہیں چڑھتا اور اس کے لئے حرارت بھی ضروری ہوتی ہے۔بالوں کا چکنائی سے صاف ہونا بھی ضروری ہے۔اس کے علاوہ اعلیٰ معیار کی مہندی کا تازہ سفوف پیالے یا برتن میں گھول کر اس میں کوئی ترش شے مثلاً لیموں کا رس‘سرکہ یا پھر کسی اور ترش پھل کا رس بھی شامل کرنا چاہیے۔
اس میں ریوند چینی بھی شامل کی جا سکتی ہے۔گہرے شوخ سرخ رنگ کے لئے مہندی میں چقندر کا رس شامل کرنا چاہیے۔آلو بخاروں کا زلال شامل کرنے سے بھی اچھا رنگ آتا ہے۔بالوں کے گہرے رنگ کے لئے ایک پیالی تیز سیاہ کافی یا چائے بھی شامل کر سکتے ہیں۔ایک صورت یہ بھی ہے کہ اخروٹ کی چھال کو ایک ہفتے تک پانی میں بھگو کر اس میں مہندی گھول کر لگائی جائے۔
یہ چیزیں شامل کرنے کے بعد مہندی کو دھیمی آنچ پر پکا کر تھوڑا سرد کرکے بالوں میں اچھی طرح لگانا چاہیے۔
مہندی لگانے سے پہلے یہ بھی ضروری ہے کہ ماتھے پر کوئی چکنی کریم یا تیل لگا لیا جائے،تاکہ جلد پر اس کا رنگ نہ جمے۔مہندی انگلیوں سے لگانا زیادہ بہتر ہے۔ہاتھ رنگنا مقصود نہ ہو تو پھر دستانے پہن کر مہندی لگانا ضروری ہے۔مہندی لگانے کے بعد سر کو پلاسٹک کی ٹوپی یا تھیلی سے اچھی طرح ڈھک کر اوپر سے تولیا لپیٹنا ضروری ہے۔
اس طرح حرارت سے رنگ خوب رچے گا اور یوں گھنٹوں انتظار کرنے کی زحمت بھی نہیں اٹھانی پڑے گی۔ایک گھنٹے میں خوب رنگ آجائے گا۔اس کے بعد سر کو پانی سے اچھی طرح دھونا چاہیے۔
مہندی بالوں کے لئے ایک بہترین ٹانک ہے۔چونکہ یہ بالوں میں سرایت کر جاتی ہے،اس لئے اس کا اثر ہفتوں برقرار رہتا ہے۔پھر یہ اطمینان بھی تو بہت قیمتی ہے کہ آپ ہزاروں سال کی آزمودہ شے سے اپنے بالوں کے حسن میں اضافہ کر رہے ہیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Baloon Ke Liye Muasar Mehendi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.