Girtoon Baloon Se Pareshan Hona Chouriye - Article No. 2458

Girtoon Baloon Se Pareshan Hona Chouriye

گرتے بالوں سے پریشان ہونا چھوڑیئے - تحریر نمبر 2458

دنیا کی کوئی خاتون نہیں چاہے گی کہ اس کے بال گرتے رہیں

منگل 3 نومبر 2020

دنیا کی کوئی خاتون نہیں چاہے گی کہ اس کے بال گرتے رہیں۔پچھلے وقتوں میں بھی بالوں کو حسن کا پیمانہ اور شخصیت کا معیار قرار دیا جاتا تھا آج بھی اکثر لوگوں کی فکر کے زاویے وہی ہیں۔دراصل بال شخصیت کا ایسا حصہ ہیں جو کبھی بھی فیشن یا ماحول سے الگ نہیں کیے جا سکتے۔ بال گرنے لگیں،دو منہ کے ہونے لگیں یا بڑھنا رک جائیں تو پس منظر میں کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
ابتدائی اسباب کی نشاندہی کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔سر کی جلد پر جراثیم یا پھپھوندی کا حملہ بھی ایک اہم وجہ ہو سکتی ہے اور جسم میں کسی جگہ انفیکشن کی صورت میں بھی بال گر سکتے ہیں۔ سکری یا سر میں خشکی کی وجہ سے بالوں کی جڑیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔جسم یا کپڑوں پر خشکی کے ذرات بھی ناخوش گوار تاثر کا سبب بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

خشکی سے نجات کے لئے چند طریقے اور نسخے حسب ذیل ہیں۔


سکری اور خشکی کے لئے
تین یا چار لیموں کا رس نکال لیں اور بالوں کی جڑوں تک اس رس سے مساج کریں۔آدھے گھنٹے بعد سرسوں کے تیل سے اسی طرح مالش کریں۔بعدازاں باریک کنگھی سے سر صاف کر لیں۔اگر بال دو مونہے ہوں تو انہیں بھی ہاتھ میں لے کر اسی طرح مالش کی جائے۔خشکی دور کرنے کی یہ سادہ اور آسان تجویز ہر ایک کے لئے قابل عمل ہے۔
اس سے اندرونی جلد میں موجود خون کی باریک شریانوں میں خون کی فراہمی بہتر ہو جاتی ہے۔تازہ خون کی سر میں گردش سے بال ٹوٹنے کا سلسلہ بھی رک سکے گا۔
بال سادگی سے دھویئے
دیسی انڈے دو عدد،روغن بادام پانچ ملی لیٹر،لیموں کا رس پانچ ملی لیٹر،آملہ دو عدد۔آملہ پیس کر ان تمام اشیاء میں ملا لیں۔ایک پیسٹ بنا کر پانچ منٹ تک بالوں کی جڑوں اور سروں تک لگائے رکھیں۔
ہلکے ہاتھوں سے بالوں کو ملیں اور نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
بالوں کی کمزوری دور کرنے کے لئے
بالوں کی کمزوری کی ایک اہم وجہ متوازن غذا نہ لینا اور لڑکیوں میں بڑھتا ہوا ڈائٹنگ کا رجحان ہے۔یہ ضروری ہے کہ غذا میں مچھلی، سبزیاں،پھل،دالیں،سرخ گوشت،خشک میوہ جات اور دودھ یا دہی کو توازن کے ساتھ شامل کیا جائے اور بھوکا رہنے کی عادت ترک کر دیں۔
ورزش میں یوگا آسن کا بہتر انتخاب کیا جا سکتا ہے کیونکہ یوگا تو سونے کے کمرے میں بھی کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے چہل قدمی کرنے کے لئے دریا،سمندر کنارے یا پارکوں میں جانے کا اہتمام بھی نہیں کرنا پڑتا۔بس یہ دھیان رہے کہ جس جگہ ورزش کر رہے ہوں وہاں تازہ ہوا کا گزر ہونا لازمی ہے۔
بالوں کے لئے چند مفید نسخے اور ترکیبیں
دال ماش 200 گرام،مہندی کے پتے 100 گرام،کلونجی 50 گرام۔
ان اشیاء کو باریک پیس کر دہی میں ملا لیں۔اس پیسٹ کو بالوں میں لگا لیں اور دو گھنٹے بعد دھو لیں۔بے بی شیمپو استعمال کرنا قدرے بہتر ہے کیونکہ یہ نسبتاً ہلکا اور تیز خوشبودار نہیں ہوتا۔چند تیلوں کو ملا کر لگانے سے بال بہتر ہو جاتے ہیں۔مثال کے طور پر ․․․روغن ارنڈ 100ملی لیٹر،روغن بادام 100 ملی لیٹر،روغن ناریل 100 ملی لیٹر اور روغن تارا میرا بھی 100 ملی لیٹر۔
سرسوں کا تیل بھی اسی وزن میں ملا کر شیشے کی بوتل میں محفوظ کر لیں۔اسے ہفتے میں دو مرتبہ استعمال کیا جائے تو بالوں کو روکھا پن دور ہوتا ہے اور قدرتی چمک بھی پیدا ہو جاتی ہے۔چند ہی ہفتوں میں بال گھسنے،سیاہ اور مضبوط ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ چند گھریلو نسخے بالوں کو گرنے سے روکنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
کڑی پتہ اور ناریل کا تیل
ناریل کا تیل بالوں کے لئے مفید ہے۔
بالوں کو گرنے سے محفوظ رکھنے کے لئے کڑی پتہ اور ناریل کے تیل کا ملاپ مفید بتایا جاتا ہے۔ تھوڑا ناریل کا تیل لیں اور اس میں کڑی پتہ شامل کریں۔اب ان دونوں اجزاء کو گرم کریں،جب کڑی پتے اچھی طرح اپنا عرق ناریل کے تیل میں چھوڑ دیں تو مرکب کو ٹھنڈا ہونے دیں اور اسے صاف ستھری بوتل میں ڈال لیں۔اس تیل سے سر پر اچھی طرح مالش کی جائے۔اسے جڑوں سے آخر تک کچھ گھنٹوں کے لئے بالوں پر لگائیں۔
بعد میں بالوں کو دھو لیں۔
ملیٹھی کی جڑ
ملیٹھی کی جڑ کے متعدد فوائد ہوتے ہیں۔یہ بالوں کے گرنے کا قدرتی علاج بھی بتائی جاتی ہے۔اس جڑ کو خشک اور خارش زدہ سر پر استعمال کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے،یہ بالوں کی کمزور جڑوں کو مضبوط کرتی ہے۔
ناریل
اکثر شیمپو اور کنڈیشنرز کا بنیادی جز ناریل ہوتا ہے جس کی وجہ اس کی نمی بحال کرنے کی صلاحیت ہے،بالوں کے گرنے کی ایک بڑی وجہ نمی بہت کم ہو کر خشکی بڑھ جانا ہے۔
دن میں ایک مرتبہ ناریل کے دودھ کی مالش کرکے دس منٹ تک کے لئے چھوڑنا جلد اس مسئلے سے نجات دلا سکتا ہے۔ناریل کا تیل اور لیموں کا رس ملا کر لگانے سے بالوں کو لمبے عرصے تک سفید ہونے سے بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
سیب کا سرکہ
اس سرکے کی تیزابیت سر کی سطح میں تبدیلیاں لا کر خشکی کو دور کرتی ہے۔چوتھائی کپ سیب کے سرکے کو چوتھائی کپ پانی میں ملا کر کسی اسپرے بوتل میں ڈال لیں اور سر پر اس کا چھڑکاؤ کریں۔
اس کے بعد سر پر تولیہ لپیٹیں اور پندرہ سے بیس منٹ تک کے لئے بیٹھ جائیں اور پھر بالوں کو دھو لیں۔
انڈے
انڈے کا ماسک بھی بالوں کے گرنے کی روک تھام میں مفید ہو سکتا ہے ،جس کی وجہ انڈوں میں پروٹین کی بھرپور مقدار ہے۔انڈوں کے استعمال کے لئے ایک انڈے کو ایک چائے کے چمچ زیتون کے تیل میں مکس کریں،بالوں کو دھونے کے بعد اس پیسٹ کو بالوں پر لگا کر دس منٹ کے لئے چھوڑ دیں،اس دوران ٹوپی پہن لیں۔جب وہ پیسٹ خشک اور جذب ہو جائے تو بالوں کو کسی کنڈیشنر سے دھو لیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Girtoon Baloon Se Pareshan Hona Chouriye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.