Reshaam Jaise Zulfoon K Liye Karamad Batain - Article No. 2337

Reshaam Jaise Zulfoon K Liye Karamad Batain

ریشم جیسی زلفوں کے حصول کے لئے کار آمد باتیں - تحریر نمبر 2337

آپ چمکیلے ریشم سے ملائم بالوں کے خواب کو تعبیر عطا کر سکتی ہیں۔

منگل 21 اپریل 2020

نادیہ عامر
ذیل میں ہم چند گر کی باتیں بیان کررہے ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ چمکیلے ریشم سے ملائم بالوں کے خواب کو تعبیر عطا کر سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں سب سے پہلا اور اولین کام یہ ہے کہ آپ اپنے بالوں کو پوری احتیاط کے ساتھ صاف ستھرا رکھیں ۔ایک گندی کھوپڑی سر میں خشکی کا سبب بنتی ہے اور بالوں کے مسائل جنم لے لیتے ہیں جس سے بال گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔
جب بھی آپ ضرورت محسوس کریں ۔اپنے بالوں کو دھولیں اور اس کے لئے ایک معتدل شیمپو استعمال کریں ۔شیمپو کرنے کے بعد اپنے بالوں کو کنڈیشن بھی ہمیشہ کیا کریں کیونکہ اس سے بال نرم اور ملائم ہو جاتے ہیں اور ان میں ریشم کی سی چمک دمک آجاتی ہے ۔کنڈیشننگ کے بعد بالوں کو گرم تو لیا کا ٹریٹمنٹ دیں تاکہ کھوپڑی کنڈیشنر کو جذب کرلے۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے میں ایک مرتبہ اپنے بالوں کو گرم تیل کا ٹریٹمنٹ دیں ۔

تیل لگانے کے بعد بالوں میں زور دار طریقے سے مالش (مساج) کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے کمزور اور خشک بال جھڑ سکتے ہیں۔
مہندی (حنا) بالوں کے لئے ایک نہایت ہی شاندار کنڈیشنر ہے ۔اگر آپ کو وہ رنگ پسند نہیں جو مہندی لگانے سے بالوں میں آجاتاہے تو آپ مہندی لگانے سے پہلے بالوں میں تیل لگا لیں ۔تیل بالوں کو مہندی کی رنگت جذب کرنے سے روکتا ہے ۔
اس طرح کنڈیشننگ بھی ہو جائے گی اور بالوں پر مہندی کا رنگ بھی نہیں چڑھے گا۔
گیلے بالوں میں کبھی برش یا کنگھی نہ کریں کیونکہ اس سے بالوں کے ٹوٹنے کا خطرہ رہتاہے ۔جب آپ بالوں کو بن یاپونی ٹیل کی شکل میں باندھ رہی ہوں تو انہیں قوت کیساتھ کھینچنے(کھینچ کر باندھنے)سے گریز کریں ۔اگر بالوں کی جڑوں سے مستقل دباؤ قائم رہے تو بال با آسانی ٹوٹ جاتے ہیں ۔
اگر آپ بالوں کو کلر یا پرم کرنا چاہتی ہیں تو وہ شیمپو استعمال کریں جو کہ خاص طور پر رنگے ہوئے بالوں کے لئے ہوتے ہیں ۔بالوں کو نتھارنے کے قدرتی انداز اختیار کریں جیسے کہ بیئر، دہی، ابلی ہوئی چائے جس سے کہ خشک بالوں کو اضافی چمک مل جاتی ہے۔
چکنے بالوں کے لئے آپ اطمینان کیساتھ تیل اور کنڈیشنر کا استعمال کر سکتی ہیں۔انڈے ،لیموں اور ایک چمچہ بھر سرکہ چکنے بالوں کے لئے آئیڈیل ہیں۔
سطحی احتیاط سے قطع نظر اندرونی صحت بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ اپنے بالوں کی حفاظت صحت مند غذا سے بھی کیجئے۔ ایسی غذا کھائیں جس میں کاربو ہائیڈریٹس، پروٹینز اور قدرے چکنائی شامل ہو۔ مچھلی، انڈے، مرغی اور ہرے پتے والی سبزیاں صحت مند بالوں کے لئے بے انتہا ضروری ہیں ۔وٹامن کی کمی سے بھی بال روکھے، پھیکے اور بے رونق ہو جاتے ہیں۔
اپنے وٹامن کھانے کو صحت مند ڈانٹ سے سپلیمنٹ کریں ۔
البتہ وٹامن سپلیمنٹ لینے سے پیشتر اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کرلیں جہاں تک ممکن ہو سکے کاہلی اور سستی ،غیر ضروری دباؤ اور فکر مندی سے باز رہیں جو کہ نہ صرف بالوں کے حسن کی بربادی کا اہم سبب ہوتے ہیں بلکہ اس سے صحت کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور بیماریاں عود کر آتی ہیں ۔ایسے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں جو آپ کے چہرے پر جچے اور سوٹ کرے ۔ایک غیر دلکش ہیئر اسٹائل بہترین کنڈیشن کی زلفوں کو بھی بدوضع بنا دے گا اور بالوں کا تمام تر حسن ماند پڑ جائے گا ۔

گھریلو کنڈیشنر
میں آپ کو گھریلو کنڈیشنر بنانے کا بہت آسان طریقہ بتا دیتی ہوں ۔عام بالوں کے لئے ایک برتن میں تین انڈوں کی سفیدی اور زردی جمع کریں ۔اس میں دو چھوٹے ٹیبل اسپون زیتون کا تیل شامل کریں اور ایک چمچہ سر کہ ملائیں ۔آپ کے لئے لا جواب کنڈیشنر تیار ہے۔ اب اس کنڈیشنر کو اپنے بالوں میں لگا کر چھوڑ دیں ۔
اس کے بعد شیمپو سے بال دھو ڈالیں ۔اس کنڈیشنر کا استعمال مہینے میں ایک بار ضرور کریں ۔دیکھا یہ کتنا آسان اور سستا نسخہ ہے ۔اب چکنے بالوں کی طرف آئیں ۔اگر آپ کے بال چکنے ہیں تو کسی برتن میں لیموں نچوڑ کر اس کی عرق جمع کریں اور اس میں ایک چمچ سرکہ ملا لیں ۔بس آپ کے چکنے بالوں کے لئے لا جواب کنڈیشنر تیار ہے ۔اب بالوں کو شیمپو کریں اور جب آپ کے بال گیلے ہوں تو یہ کنڈیشنر پورے بالوں پر استعمال کرلیں ۔
اس کے بعد انگلیوں کی مدد سے سر میں خوب مالش کریں ۔کم از کم پانچ منٹ تک گیلے بالوں میں لگا کر انگلیوں سے مالش کرتی رہیں ۔پھر تازہ پانی سے سر کو دھو ڈالیں۔
خشک بالوں کے لئے
خشک بالوں کے لئے انڈے کی زردی میں ایک چمچ زیتون کاتیل شامل کرلیں ۔اس کے بعد ان دونوں کو خوب اچھی طرح ملا کر اپنے سر پر استعمال کریں ۔اس کو بھی اپنے گیلے بالوں پر لگائیں اور پانچ منٹ تک انگلیوں کی مدد سے مساج کرتی رہیں ۔
اس کے بعد شیمپو اور پانی کے ذریعے بالوں کو دھو ڈالیں۔ اس کنڈیشنر کا استعمال ہفتے میں صرف ایک بار کرنا چاہیے۔اگر آپ کو بالوں میں انڈے کی زردی لگانا پسند نہیں ہے تو اس کی جگہ دہی استعمال کر سکتی ہیں لیکن دہی لگانے کے بعد بالوں کو کم از کم دو گھنٹوں کے لئے اسی طرح رہنے دیں ۔
بالوں میں مستقل کنگھی
بالوں کی حفاظت کے لئے یہ عمل بھی بہت ضروری ہے ۔
دن میں کم از کم تین بار بالوں میں ضرور کنگھی کریں ۔آپ یوں سمجھ لیں کہ بالوں میں کنگھی کرنا بالوں کے لئے ایک مفید ورزش ہے اس سے خون کی روانی تیز ہو جاتی ہے اور آپ کے بال صحت مند ہو جاتے ہیں ۔بالوں میں کنگھی کا طریقہ یہ ہے کہ ہمیشہ اوپر سے نیچے کی طرف کریں اور کبھی گیلے بالوں میں کنگھی نہ کریں ۔دوسروں کی کنگھی کبھی استعمال مت کریں بلکہ کسی اور کا تو لیہ اور تکیہ بھی استعمال نہیں کرنا چاہیے ۔
استعمال کی ہوئی کنگھی کو ہفتے میں دس دنوں میں ضرور صاف کر لیا کریں ۔بالوں کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لئے صرف اتنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ آپ کو اپنی غذا پر بھی دھیان دینا ہے۔ایسی غذائیں استعمال کریں جن میں لوہا(آئرن) بکثرت موجود ہو ۔جیسے گوشت، مچھلی ،سویا بین وغیرہ آپ کے کھانے کے مینو میں سلاد، تازہ پھل ،سبزیاں ،دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی چیزیں ضرور شامل ہوں اور وہ بھی اچھی خاصی مقدار میں ۔
پروٹین کی کمی بالوں کے لئے بہت نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ آپ کو اندازہ ہو گیا ہو گا کہ بالوں کی صحت بر قرار رکھنے کے لئے آپ کو کیا کیا کرنا ہے ۔لیکن صرف اتنا ہی کافی نہیں ہے آپ کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی ۔مثال کے طور پر ذہنی پریشانی اس دور میں سب سے مکمل نجات تو ممکن نہیں ہے ۔پھر بھی اپنے آپ کو اس عذاب سے محفوظ رکھنے کے لئے خوش رہنے کی کوشش کریں اور غیر ضروری الجھنوں اور پریشانیوں سے گریز کریں ۔
بالوں کے بہت جلد سفید ہو جانے کا ایک بڑا سبب ذہنی پریشانیاں یا ٹینشن بھی ہے۔
گرم پانی
بہت سی خواتین سر دھونے کے لئے گرم پانی استعمال کرتی ہیں ۔یہ بالوں کے لئے بہت مضر ہے ۔کبھی گرم پانی سے سر نہیں دھونا چاہیے ورنہ بال بہت جلد پھیکے اور خشک ہو جائیں گے ۔گر م پانی بالوں کی قدرتی رطوبت کو خشک کرکے انہیں بے جان کر دیتا ہے ۔
لہٰذا بال بہت جلد سفید ہونے لگتے ہیں ۔گرم پانی سے پرہیز کرتے ہوئے بالوں کو ہمیشہ تازہ صاف پانی سے دھویا کریں۔سوئمنگ کرنے والی خواتین کے لئے مشورہ ہے کہ سوئمنگ کے وقت سوئمنگ کیپ ضرور پہن لیا کریں ۔کیونکہ اس پانی میں طرح طرح کے کیمیکل موجود ہوتے ہیں ۔جو بالوں کو تباہ کرکے رکھ دیتے ہیں ۔اسی لئے یہ مشورہ بھی دیا جاتاہے کہ سوئمنگ کے بعد بالوں کو صاف پانی سے دھولیں ۔سورج کی تیز شعاعیں بھی بالوں کے لئے بہت نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں ۔یہ شعاعیں بالوں کو بہت جلد خشک کرکے سفید بنانا شروع کر دیتی ہیں ۔لہٰذا تیز دھوپ سے بچنے کے لئے چھتری اور کیپ کا استعمال بھی بہت ضروری ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Reshaam Jaise Zulfoon K Liye Karamad Batain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.