Yeh Reshmi Zulfein Yeh Khubsurat Chehra - Article No. 3069

Yeh Reshmi Zulfein Yeh Khubsurat Chehra

یہ ریشمی زلفیں یہ خوبصورت چہرہ - تحریر نمبر 3069

خواتین کی خوبصورتی اور شخصیت میں بالوں کا کردار اہم ہوتا ہے

بدھ 8 فروری 2023

آمنہ ماہم
خواتین پرکشش رہنے اور دوسروں سے منفرد نظر آنے کے لئے بہت محنت کرتی ہیں،جس میں کئی خواتین قدرے کامیاب بھی ہو جاتی ہیں۔مگر کچھ خواتین خود کو پرکشش اور خوبصورت کرنے کے چکر میں مزید بگاڑ دیتی ہیں۔خواتین کی خوبصورتی اور شخصیت میں بالوں کا کردار اہم ہوتا ہے،متعدد عالمی سطح کی خواتین بھی صرف خوبصورت بالوں کی وجہ سے وہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں،جس کی وہ آرزو مند ہوتی ہیں۔
بالوں کی ہیئر کٹنگ یا بالوں کو سجانے کے کچھ ایسے انداز بھی ہیں،جن کو اپنانے سے خواتین کی عمر کم سے کم 10 برس کم لگنے لگتی ہے۔یہ دعویٰ ہم نہیں بلکہ بالوں کو بہتر بنانے کے مختلف انداز اپنانے والی عالمی اداکارائیں کرتی ہیں۔ان اداکاراؤں کے مطابق بالوں کی کٹنگ اور انداز تبدیل کرنے سے لوگ انہیں ان کی اصل عمر سے 10 برس جوان سمجھنے لگتے ہیں۔

(جاری ہے)


دراصل قدرت نے ہر چہرہ مختلف بنایا ہے،اس لئے ہیئر اسٹائل بھی مختلف اپنانا چاہیے۔بعض خواتین کے چہرے گول ہوتے ہیں بعض کے بیضوی اور بعض کے لمبے۔آج ہم آپ کو مختلف ساخت کے چہروں والی خواتین کے ہیئر اسٹائل کے بارے میں بتاتے ہیں۔مثال کے طور پر گول چہرے والی خواتین کو چاہیے کہ وہ جو ہیئر اسٹائل اپنائیں،اس میں ان کا چہرہ کم گول نظر آئے،اس کیلئے انہیں چاہئے کہ وہ سر پر بال پھولے پھولے رکھیں،اس کے علاوہ چہرہ کے اطراف میں اس انداز سے بال ڈالیں جس سے چہرے کی گولائی کم نظر آئے۔
لمبے چہرے کی خواتین چہرے کی لمبائی کم کرنے کیلئے ماتھے پر بالوں کو پھیلائیں اور پھولا ہوا اونچا اسٹائل نہ بنائیں۔اسی طرح ان کا چہرہ مناسب لگے گا۔چوکور چہرے کی مالک خواتین چہرے کے اطراف میں بالوں کو پھیلائیں تاکہ چہرے کی چوڑائی میں کمی نظر آئے۔بیضوی یا کتابی چہرے پر ہر قسم کے بال اور ہر قسم کا میک اپ سج سکتا ہے۔آپ میک اپ کر رہی ہوں یا ہیئر اسٹائل بنا رہی ہوں،اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ پہلے اپنے چہرے کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ آپ کیلئے کون سا طریقہ کار مناسب رہے گا،اس کیلئے آپ آئینے کے سامنے بیٹھ جائیں،بالوں کو پیچھے کی طرف کھینچ کر پونی ٹیل باندھ لیں اور ایک چھوٹا شیشہ لے کر اپنے چہرے کو غور سے دیکھیں۔
آنکھیں،ناک،گال،ہونٹ،ماتھا ہر ایک چیز کا بغور جائزہ لیں پھر دیکھیں کہ ان میں سے کس کو خوب سے خوب تر بنانے کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ یہ بھی سچ ہے کہ شخصیت کی انفرادیت کو ظاہر کرنے کے لئے ہیئر اسٹائل کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔آج کل ہیئر فیشن میں ہاف اپ بن بہت پسند کئے جا رہے ہیں۔اس میں خاص بات یہ ہے کہ بالوں کا صرف اونچا جوڑا ہی نہیں بنتا بلکہ بالوں کی چوٹی کا فرینچ ٹچ بھی آ جاتا ہے۔
سب سے پہلے بالوں کو لوز کرلز میں سیٹ کریں اور پھر بیک کومبنگ کر لیں۔اب بالوں کو تین حصوں میں تقسیم کر لیں۔ایک حصہ پیچھے اور دو آگے کی جانب ہوں۔اب سامنے کے بال علیحدہ کر کے ان پر کلپ لگا لیں اور پیچھے کی جانب بال اٹھا کر ایک پونی کی شکل میں کراؤن بنا لیں۔اب علیحدہ کئے ہوئے بالوں سے فرینچ چوٹی بنائیں جو بہت زیادہ ٹائٹ نہ ہو بلکہ انداز ڈھیلا سا ہو۔
بالوں کی ایک لڑی سامنے والے حصے سے لیں اور دوسری لڑی کے لئے پیچھے بنائے گئے کراؤن کا ایک حصہ منتخب کریں۔اس طرح فرینچ چوٹی بنانا آسان ہو جائے گا۔اب اس فرینچ چوٹی کو ہیئر کراؤن کے گرد لپیٹ کر نیچے تک لے جائیں اور لوز بن کی شکل میں باندھ لیں۔ہیئر کراؤن کو فرینچ چوٹی پر لپیٹنے سے اس کی دلکشی میں زبردست اضافہ ہو جائے گا۔جب فرینچ چوٹی آخر تک مکمل ہو جائے تو اسے ربر بینڈ کی مدد سے باندھ دیں اور ہیئر کراؤن پر گول دائرہ کی شکل میں لپیٹ دیں۔
پیچھے بال کھلے رہیں گے ضرورت محسوس ہو تو کھلے بالوں کو گھونگریالے انداز میں سیٹ کر لیں۔اس طرح بالوں میں ایک خاص جان نظر آئے گی۔یہ ہاف سپ ہیئر اسٹائل کسی بھی تقریب کے لئے آپ کی تیاری کو چار چاند لگا دے گا۔ہیئر کلر سے بھی بالوں میں خوبصورت اور نیا پن پیدا ہوتا ہے تاہم اس کے اثر کو دیرپا برقرار رکھنے کے لئے احتیاط اور حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ بال روکھے پن کا شکار ہو جاتے ہیں اور رنگ بھی بہت جلد پھیکا پڑنے لگتا ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Yeh Reshmi Zulfein Yeh Khubsurat Chehra" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.