Mausam Garma Mein Fresh Rahiye - Article No. 2925

Mausam Garma Mein Fresh Rahiye

موسم گرما میں فریش رہیئے - تحریر نمبر 2925

حسن کی نگہداشت کے لئے کچن کاسمیٹکس

جمعہ 15 جولائی 2022

موسم گرما میں جب بھی سورج کی تپش خواتین کے نازک اور دلکش چہرے کو جلانے لگتی ہے تو دھوپ کی تمازت سے چہرے کو محفوظ رکھنے اور رنگت نکھارنے کے لئے اکثر خواتین زیادہ تر بازار میں دستیاب مہنگی کریموں کا سہارا لیتی ہیں۔اگر آسان گھریلو نسخوں سے ہی چہرے کی دلکشی اور خوبصورتی برقرار رکھی جا سکتی ہو تو پھر مہنگی اور بعض غیر معیاری کریموں کے چکر میں پڑنا کہاں کی عقل مندی ہے․․․․؟جلد کی حفاظت کے لئے گھر میں ہی مختلف اقسام کے ماسک بنانے کی تراکیب آپ کی جلد کو نکھارنے میں معاون ہو سکتی ہیں۔

انڈے کا ماسک
خشک جلد کو نرم کرنے کے لئے ایک انڈے کی سفیدی میں ایک لیموں کا رس ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔اس پیسٹ کو پندرہ منٹ تک چہرے پر لگا رہنے کے بعد تازہ پانی سے دھو لیں۔

(جاری ہے)


بیسن،دہی اور لیموں کا ماسک
بیسن،دہی اور لیموں سے تیار کردہ ماسک بہترین نتائج کا حامل ہے۔تھوڑا سا بیسن،دہی چند قطرے لیموں کا رس لے کر پیسٹ بنا لیں اور اسے چہرے پر لگا لیں۔

جب پیسٹ خشک ہو جائے تو چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔یہ ماسک ہفتے میں تین دن استعمال کر سکتی ہیں۔
شہد اور لیموں کا ماسک
ایک چمچ شہد میں چند قطرے لیموں کا رس مکس کر لیں اس ماسک کو چند منٹ کے لئے چہرے پر لگا لیں اور پھر خشک ہونے پر دھو لیں۔
ہلدی اور دودھ کا ماسک
ہلدی کے پاؤڈر میں تھوڑا سا دودھ ملا کر اس ماسک کو چند منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں۔

چہرے کی رنگت صاف
دیسی باداموں کی مٹھی بھر گریاں باریک پیس لیں پھر ان میں حسب ضرورت خالص دودھ اور بیسن شامل کرکے لئی سی تیار کر لیں۔چہرہ اچھی طرح دھو کر اس لئی کو چہرے پر ملیں۔چند ہی روز میں رنگت صاف ہو جائے گی اور چہرے پر گرمی اور لو کا اثر بھی نہیں ہو گا۔ایک حصہ دودھ لیں تین حصے پانی ملا کر کیوبز (Cubes) کی شکل میں فریز کر لیں۔
اب ایک کیوب کو ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر اسے چہرے پر آہنگی سے ملیں۔اس سے نہ صرف آپ کو ٹھنڈک کا احساس ہو گا بلکہ لو اور تپش سے پیدا شدہ سیاہی بھی دور ہو جائے گی۔
چہرے پر چھائیاں کیوں پڑتی ہیں․․․؟
چہرے پر چھائیاں وٹامن بی اور آئرن کی کمی کی وجہ سے نمودار ہوتی ہیں۔ان کا علاج ممکن ہے۔ذرا سی توجہ سے ہم انہیں ختم کر سکتے ہیں۔ان کے لئے پھل اور دودھ بہت مفید ہیں اور متوازن غذا کا استعمال بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پانی کا زیادہ استعمال صحت کے لئے نہ صرف ضروری ہے بلکہ چہرے کو شاداب رکھنے میں بھی اہم ہے۔صبح ناشتے سے قبل ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک عدد لیموں کا رس ملا کر پینے سے چہرے پر چھائیاں ختم ہو جاتی ہیں۔رنگت نکھرتی ہے اور معدہ ٹھیک کام کرتا ہے۔سونف کو رات بھر گرم پانی میں بھگو کر رکھیں صبح نہار منہ شہد ملا کر تقریباً ڈیڑھ ماہ تک استعمال کریں۔
اس سے چہرے پر چھائیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ہفتے میں ایک مرتبہ عرق گلاب میں پسا ہوا کافور ملا کر لگائیں۔چھائیوں کے لئے سنگترے کے چھلکوں کو سکھا کر عرق گلاب میں لہسن پیس کر چہرے پر ملنے سے چہرے کا رنگ صاف ہوتا ہے اور چھائیاں ختم ہوتی ہیں۔ایک عام سوال ہے کہ چھائیاں کیوں پڑتی ہیں․․․؟
چہرے کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو میل کی اک باریک تہہ جلد پر جم جاتی ہے۔
جس سے جلد مردہ ہو کر اپنی رونق کھو دیتی ہے اور چہرہ کھردرا ہو کر چھائیاں پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔چھائیوں کے تدارک کے لئے جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔کلینزنگ ملک سے پانچ منٹ تک روزانہ چہرے پر مساج کریں اور کاٹن سے صاف کر دیں۔اس کا روزانہ استعمال جلد کو صاف شفاف کرتا ہے۔اس کے علاوہ ہلدی،لیموں اور خوبانی کے عرق بھی مفید ہیں۔خوبانی جلد پر جراثیم کش عمل رکھتی ہے۔
یہ جلد کو صاف شفاف کرتی ہے۔اس کے علاوہ ہلدی،لیموں اور خوبانی کے عرق بھی مفید ہیں۔خوبانی جلد کو بہت زیادہ موئسچرائز رکھنے میں بھی اہم ہے۔مولی کے بیج ایک چمچ باریک پیس کر دہی میں ملا کر ماسک لگائیں۔چہرے کی تازگی اور چھائیوں کے لئے مفید ہے۔چھائیاں دور کرنے کے لئے گھریلو اُبٹن کا استعمال بھی نہایت اہم ہے۔مسور کی دال،انڈے کا چھلکا اور سوکھے مالٹے کے چھلکے ہم وزن لے کر پیس لیں۔
پھر اس مرکب کو تھوڑا سا پانی ملا کر لیپ بنا کر چہرے پر لگائیں۔بہت فائدہ مند اُبٹن ہے۔چنے کی دال دودھ میں بھگو کر ایک یا دو دن کے لئے رکھ دیں جب خشک ہو جائے تو دال کو پیس کر اُبٹن کی طرح لگائیں۔خاص طور پر چھائیوں کے لئے بہت مفید ہے۔
گاجر کا ماسک
چکنی جلد پر نکھار لانے کے لئے گاجر کا جوس نکال کر اسے اچھی طرح ٹھنڈا کرنے کے بعد روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور یہ عمل ہر روز تقریباً تین مرتبہ دہرائیں۔

اروما تھراپی فیشل
جلد کے نکھار اور تازگی کے لئے اروما تھراپی فیشل بھی مفید بتایا جاتا ہے۔آئیے جانتے ہیں اروما تھراپی کیا ہوتی ہے اور کس طرح اسے کیا جا سکتا ہے گھر پر․․․․؟
جلد پر تیل کے فوائد:اروما تھراپی میں کافی خوشبودار تیل کا استعمال کیا جاتا ہے،ہر جلد کے مطابق تیل منتخب کیا جائے گا۔
جلد کی صفائی:یہ تھراپی بھاپ دینے کے ساتھ شروع ہوتی ہے،اسی دوران پانی میں جو تیل ڈالے جاتے ہیں،وہ جلد کے روم چھدروں میں اپنا کام کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

ڈیڈ اسکن ہٹائے:فیشل کے دوران جلد ایلسفولی ایٹ کیا جاتا ہے،اس سے جسم سے ڈیڈ اسکن ہٹتی ہے اور جلد بن جاتی ہے ایک دم نرم و ملائم اور چمکدار۔
ریلیکسیشن:اگر جسم تھکا ہوا سا ہے تو اروما تھراپی فیشل سے روم روم اور دماغ کو سکون حاصل ہو گا۔خوشبودار تیل اور خوشبودار مصنوعات سے آپ ہشاش اور خوش ہو جائیں گی،ساتھ ہی تھکن بھی اُتر جائے گی۔

گھر پر آسانی سے کیا جا سکتا ہے:
آپ اسے فیشل کو اپنی جلد کے مطابق خوشبودار تیل کے استعمال سے گھر پر بھی کر سکتی ہیں۔
کس طرح گھر پر اروما تھراپی فیشل․․․؟
اگر جلد آئلی ہے تو،لیمن آئل،ٹی ٹری آئل،لیمن گراس آئل اور اورنج آئل اچھے رہیں گے۔اگر جلد روکھی ہے تو،جیسمن،روز یا سیڈلوڈ اچھے رہیں گے۔نارمل جلد کے لئے،لیونڈر یا کیمومائل اچھے رہیں گے۔
اگر جلد حساس ہے تو نیرول آئل یا ویٹور آئل ٹھیک ہے۔
فیشل کا طریقہ
سب سے پہلے اپنے کمرے کی لائٹیں کم کر دیں،اپنے چہرے پر اولیو آئل اور ٹی ٹری آئل کو ایلو ویرا جیل کے ساتھ مکس کرکے چہرے پر صابن کی طرح لگائیں اور دھو لیں،چہرے کو پانی سے بھاپ دیں پانی میں کچھ بوند خوشبودار تیل کی ضرور ڈالیں۔اپنے چہرے کو مساج کریم میں دو بوند خوشبودار تیل ڈال کر مساج کریں۔
مساج کرنے کے بعد کریم کو کسی گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔ایک بنیادی فیس پیک مرتب کریں،جس میں دہی،شہد اور صندل پاؤڈر ڈالیں۔اس میں کچھ بوند ٹی ٹری آئل کی بھی ڈالیں،کچھ منٹوں کے بعد فیس پیک دھو لیں،پھر چہرے پر گھر کا بنا ٹونر لگائیں۔ٹونر بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ اگر جلد روکھی ہے تو ٹونر میں کیمومائل تیل اور گیرانم تیل مکس کرکے لگائیں۔اگر جلد آئلی ہے تو چار بوند ٹی ٹری آئل اور چھ بوند لیونڈر کے تیل کے قطرے کو ڈسٹلڈ واٹر میں مکس کر لیجیے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Mausam Garma Mein Fresh Rahiye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.