Naram Gulabi Dilkash Hont Mere Kyun Nahi - Article No. 2881

Naram Gulabi Dilkash Hont Mere Kyun Nahi

نرم،گلابی دلکش ہونٹ میرے کیوں نہیں - تحریر نمبر 2881

ہونٹوں کے لئے اسکرب گھر پر تیار کریں

جمعرات 19 مئی 2022

نرگس ارشد رضا
پانی کی کمی کے باعث جسم کے عضلات سکڑنے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں ان پر لائنیں اور جھریاں نمودار ہوتی ہیں۔اس لئے سب سے زیادہ توجہ اس بات پر دی جانی چاہئے کہ سردی ہو یا گرمی دن میں دس سے بارہ گلاس پانی ضرور پئیں اس کے علاوہ سردیوں میں چہرے اور جسم کے دوسرے حصوں کو کولڈ کریمز یا لوشن کی مدد سے موئسچرائز رکھیں۔
چہرے کے اعضاء میں ہونٹ اس خشکی سے شدید متاثر ہوتے ہیں خشک ہونے کے باعث یہ پھٹنے لگتے ہیں کبھی کبھی خون بھی رسنے لگتا ہے۔ہونٹوں کو ہموار اور نرم رکھنے کے لئے چپ اسٹک کے علاوہ اسکرب بھی بہترین ہوتا ہے۔بازاری اسکرب کی نسبت ہم آپ کو گھر میں آسانی سے تیار کئے جانے والے ایسے اسکربس کی تراکیب سے آگاہ کر رہے ہیں جو ہونٹوں کے لئے انتہائی مفید ہیں۔

(جاری ہے)

یہ اشیاء آپ کے گھر کے باورچی خانے میں آسانی سے مل سکتی ہیں۔
شوگر یا چینی
ہر گھر میں پائی جانے والی چینی یا شوگر باڈی اسکرب کے علاوہ لپ اسکرب کے لئے بھی فائدہ مند ہو سکتی ہے۔اس کے لئے براؤن شوگر فائدہ مند ہے۔اگر آپ کے ہونٹ حساس اور سوجن والے ہیں تب کاسٹر شوگر استعما ل کرنا بہتر ہے۔لپ اسکرب بنانے کے لئے ایک چٹکی چینی میں چند قطرے شہد کے ملا کر ایک سے دو منٹ تک ہونٹوں کو اسکرب کریں اس کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں بعد ازاں انہیں موئسچرائز رکھنے کے لئے لپ بام لگائیے۔
ایک دوسرے طریقے میں چینی،لیموں کا رس اور اولیو آئل تینوں اجزاء کو یک وزن میں مکس کر لیں اور اسکرب کے طور پر استعمال کریں یہ عمل ہفتہ میں دو بار کیا جا سکتا ہے۔
شہد
ہونٹوں کو نمی سے بھرپور یا موئسچرائز رکھنے کے لئے شہد بہترین شے ہے۔ہونٹوں پر خشکی کی وجہ سے نمودار ہونے والی تکلیف دہ لائنوں پر شہد لگانے سے آرام ملتا ہے۔
اس کے لئے آدھا چائے کا چمچہ شہد میں دہی اور آٹا ملا کر پیسٹ تیار کر لیں اس پیسٹ سے اسکربنگ کرنے کے بعد دس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر پانی سے دھو لیں۔یہ عمل ہفتہ میں ایک بار آزمایا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ رات سونے سے قبل ہونٹوں پر صرف شہد کا لگا لینا ہی بہتر نتائج دیتا ہے۔
بادام
ہونٹوں کو نرم اور ملائم رکھنے کے لئے بادام بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
بادام نہ صرف ہونٹوں کو خوبصورت بناتا ہے بلکہ گہرے سیاہ ہونٹوں کی رنگت بھی تبدیل کرکے انہیں گلابی کرتا ہے۔ایک چائے کا چمچہ پسے ہوئے بادام میں ایک چائے کا چمچہ ریفائن شوگر،شہد اور بادام کا تیل شامل کرکے مکسچر تیار کر لیں دو منٹ تک اس مکسچر سے ہونٹوں پر اسکربنگ کریں اور پھر صاف پانی سے دھو لیں اس کے بعد ہونٹوں پر بادام کا تیل لگا لیں۔

اسٹرابیری
حسن و آرائش کی دلکشی کو بڑھانے اور انہیں برقرار رکھنے میں اسٹرابیری بہترین قدرتی پھل ہے جس کے کھانے کے بھی بے شمار فوائد ہیں۔وہاں اس کا بیرونی استعمال بھی مفید ہے۔اس پھل کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ براؤن یا کالی رنگت والے ہونٹوں کی رنگت کو تبدیل کرکے انہیں گلابی بناتا ہے اگر مستقل مزاجی سے اس کا استعمال کیا جائے تو مطلوبہ نتائج ضرور حاصل ہوتے ہیں کیونکہ منرلز اور وٹامنز سے بھرپور اسٹرابیری اسکربنگ کے لئے نہایت فائدہ مند ہے اس کے لئے آدھی اسٹرابیری کو اچھی طرح میش کرکے دس منٹ تک لگائیں پھر صاف پانی سے دھو لیں۔
اسٹرابیری کو شہد کے ساتھ ملا کر بھی بطور اسکرب استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گلاب کی پتیاں یا پنکھڑیاں
خشک اور پھٹے ہونٹوں کے لئے یہ پتیاں اکسیر کی حیثیت رکھتی ہیں۔ایک چائے کے چمچ کے برابر ان پنکھڑیوں کا پیسٹ بنا لیں (اس کے لئے پتیوں کو باریک پیس لیں) اب اس میں ہم وزن ملک کریم شامل کرکے ہونٹوں پر اسکرب کریں اور پندرہ منٹ تک لگا رہنے کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
ہفتے میں دو بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایلو ویرا
زمانہ قدیم سے ایلو ویرا خواتین میں حسن کی حفاظت کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔خاص طور پر ایلو ویرا کا جیل جلد اور بالوں کے لئے نہایت مفید ہے۔ہونٹوں کا اسکرب بنانے کے لئے چاول کا آٹا ایک کھانے کا چمچ میں ایلو ویرا جیل اتنی مقدار میں شامل کریں کہ یہ ہموار پیسٹ بن جائے۔دو منٹ تک اس سے ہونٹوں پر اسکرب کرنے کے بعد پانچ منٹ تک لگا رہنے دیں۔پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں جیل کو براہ راست بھی اسکرب کے طور پر لگایا جا سکتا ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Naram Gulabi Dilkash Hont Mere Kyun Nahi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.