Chashma - Durust Intekhab Shakhsiyat Pur Waqar - Article No. 2823

Chashma - Durust Intekhab Shakhsiyat Pur Waqar

چشمہ ۔ درست انتخاب شخصیت پُر وقار - تحریر نمبر 2823

لباس،جیولری اور سینڈلز کے ساتھ ساتھ اب خواتین سن گلاسز بھی میچنگ استعمال کرتی ہیں

پیر 28 فروری 2022

راحیلہ مغل
موسم بدلنے لگا ہے سردیاں جا رہی ہیں اور موسم بہار کی آمد آمد ہے ایسے میں سورج کا رنگ روپ بھی بدل گیا ہے۔پہلے تو سورج دھند کے بادلوں کی اوٹ سے نکلتا ہی نہ تھا مگر اب پورا آب و تاب سے چمک کر سب کی خوشیاں دوبالا کر رہا ہیں لوگ جہاں دھوپ سے لطف اُٹھا رہے ہیں وہیں آنکھوں پر چشمے لگائے بھی نظر آ رہے ہیں۔
دراصل سورج کے تیور دیکھتے ہی اس سے بچنے کی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں اور اس ضمن میں مردوزن سن گلاسز کی خریداری کے لئے بازار کا رُخ کرتے ہیں۔اب فیشن کی بڑھتی ہوئی دوڑ میں سن گلاسز بھی خواتین میں فیشن کے مطابق منتخب کیے جاتے ہیں۔لباس،جیولری اور سینڈلز کے ساتھ ساتھ اب خواتین سن گلاسز بھی میچنگ استعمال کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت مارکیٹ میں غیر ملکی اور برانڈڈ سن گلاسز کی وسیع رینج موجود ہے۔


بازار میں فیشن کے مطابق مختلف طرح کے چشمے دستیاب ہیں جن میں چوکور،مستطیل،بیضوی اور گول چشمے ہماری خواتین اور مردوں میں مقبول عام ہیں۔ان دنوں نسبتاً بڑے بڑے شیشوں کے سن گلاسز خواتین میں ان ہیں۔بیش تر خواتین اسی طرح کے سن گلاسز میں نظر آتی ہیں حتیٰ کہ نمبر والے چشموں کے فریم بھی بڑے بڑے اور چوڑے چوڑے منتخب کیے جا رہے ہیں،حالانکہ یہ بڑے بڑے فریم ہر چہرے پر موزوں نہیں لگتے۔

چشمے کا صحیح انتخاب چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کا سبب بنتا ہے ۔اس کے لئے چہرے کی بناوٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے چشمہ خریدنا ضروری ہے۔اس بات کا خیال رکھیں کہ اپنے چہرے سے بڑا فریم نہ خریدیں اور نہ ہی بغیر کناروں والا فریم استعمال کریں۔اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو آپ چوکور فریم والا چشمہ استعمال کریں۔اگر آپ نے گول چہرے کے ساتھ گول چشمہ لگا لیا تو آپ کا چہرہ کسی فٹبال کا سا تاثر پیش کرے گا۔
چوکور چہرے کے لئے بیضوی شکل کا فریم استعمال کریں۔اور اگر آپ کا چہرہ کتابی ہے تو آپ ہر طرح کا فریم استعمال کر سکتے ہیں۔اگر آپ کی دونوں آنکھوں کے درمیان فاصلہ کم ہے تو اس صورت میں ہلکے رنگ کے فریم کا انتخاب کریں۔فریم کے انتخاب میں چہرے کی شیپ کے ساتھ ساتھ اپنے ہیئر اسٹائل کو بھی مدنظر رکھیں۔سنہرے بالوں والی خواتین کو نیلے،سبز اور گلابی رنگ کے چشمے استعمال کرنے چاہیے۔
وہ افراد جن کی ناک لمبی ہو انہیں چاہیے کہ نچلے پل والا چشمہ لگائیں۔چھوٹی ناک کے لئے لمبے پل والا چشمہ استعمال کریں جبکہ چپٹی ناک کے لئے گہرے رنگ کے پل کا چشمہ بھلا لگتا ہے۔اس سے ناک کے چپٹے پن کا احساس کم ہو جاتا ہے اور چہرے کی دلکشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ایک سروے کے مطابق چہرے پر لگے چشمے سے آپ کی شخصیت 75 فیصد زیادہ پُرکشش نظر آتی ہے۔
اگر آپ بھی اس موسم کیلئے ایک نیا چشمہ خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں،مگر اس بات سے پریشان ہیں کہ چشمے کا صحیح انتخاب کیسے کریں؟
تو آئیں آج ہم آپ کو چند اصول بتائیں جن کے ذریعہ آپ اپنے چہرے کے حساب سے بہترین چشمہ منتخب کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ان اصولوں کے تحت آپ اپنے چہرے کی بناوٹ کی پہچان کر سکتے ہیں۔
عمومی طور پر چہرے کی بناوٹ 6 طرح کی ہوتی ہے۔
مستطیل،بیضوی،گول،ہارٹ شیپ،چوکور اور ڈائمنڈ شیپ۔بناوٹ کی اقسام میں فرق صرف شیشہ دیکھنے سے نہیں پتہ چلتا۔چہرے کی پیمائش سے یہ فرق سمجھ میں آتا ہے۔نیچے بتائے گئے طریقے سے یہ پیمائش کی جا سکتی ہے۔
پیمائش کے فیتے یا میٹر رنگ ٹیپ سے اپنے چہرے کو ناپیں۔خیال رہے کہ اسے بلکل سیدھا رکھنا ہے اور چہرے کی بناوٹ کے حساب سے موڑنا نہیں ہے۔
سب سے پہلے اپنے ماتھے کی چوڑائی ناپیں۔پھر گال اور جبڑے کو بھی چوڑائی میں ناپیں۔آخر میں چہرے کی لمبائی ناپیں۔
مستطیل
اگر چہرہ لمبائی میں چوڑائی سے زیادہ ہے تو چہرہ مستطیل کہلاتا ہے۔اس چہرے میں ماتھا،گال اور جبڑا تینوں ایک جتنے چوڑے ہوتے ہیں۔ اس چہرے پر بڑے اور چوڑے فریم کے چشمے لگانے چاہئیں۔چشموں کا فریم بھی موٹا اور واضح ہونا چاہیے۔

بیضوی
یہ چہرہ بھی لمبائی میں چوڑائی سے زیادہ ہوتا ہے۔اس چہرے میں ماتھا جبڑے سے تھوڑا سا زیادہ چوڑا ہوتا ہے۔اس چہرے پر وہ چشمے اچھے لگتے ہیں جن کے فریم اوپر کی طرف سے موٹے ہوں۔
گول
یہ چہرہ اتنا ہی لمبا ہوتا ہے جتنا چوڑا ہوتا ہے۔ماتھا اور جبڑا دونوں تھوڑے پتلے ہوتے ہیں لیکن ایک ہی تناسب میں ہوتے ہیں۔
گول چہرے پر چوکور اور مستطیل چشمے اچھے لگتے ہیں۔
ہارٹ شیپ
اس چہرے پر جبڑے کے کونے نکلے ہوتے ہیں۔جبکہ گال چوڑے ہوتے ہیں۔ماتھا گالوں کی بنسبت زیادہ چوڑا ہوتا ہے۔اس چہرے پر ایوی ایٹر زیادہ چشمے جو نیچے کی طرف سے نوکیلے ہوں،اچھے لگتے ہیں۔بغیر فریم والے چشمے بھی اس چہرے پر جچیں گے۔
چوکور
اس چہرے کی لمبائی اور گالوں کے بیچ کا فاصلہ تقریباً یکساں ہوتا ہے۔
جبڑے،گال اور ماتھے کی ایک ہی چوڑائی ہوتی ہے۔گول کناروں والے بیضوی یا چوکور چشمے اس چہرے کے لئے مناسب ہیں۔
ڈائمنڈ شیپ
یہ چہرہ ماتھے پر سے تھوڑا پتلا ہوتا ہے۔جبکہ جبڑا چوڑا اور تھوڑی نوکیلی ہوتی ہے۔اس چہرے پر بھی گول کناروں والے چشمے استعمال کرنے چاہئیں۔لیکن ان کی چوڑائی گالوں کی چوڑائی سے باہر نہیں ہونی چاہیے۔

Browse More Shopping Tips for Women

Special Shopping Tips for Women article for women, read "Chashma - Durust Intekhab Shakhsiyat Pur Waqar" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.