Rang Andaaz Eid Ke Sang - Article No. 2917

Rang Andaaz Eid Ke Sang

رنگ،انداز عید کے سنگ - تحریر نمبر 2917

تہوار کی خریداری اور موسم کے تقاضے

ہفتہ 2 جولائی 2022

راحیلہ مغل
عید قربان آنے میں تھوڑے ہی دن رہ گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ عید کی تیاریاں زور و شور اور پورے جوش و خروش سے کی جا رہی ہیں۔یوں تو ہر شخص دوسروں سے خوبصورت اور منفرد نظر آنا اور نگاہوں کا مرکز بننا پسند کرتا ہے مگر خواتین خصوصاً نوجوان لڑکیاں تو جنون کی حد تک ایسا چاہتی ہیں۔وہ رنگا رنگ کے اسٹائلش اور قیمتی ملبوسات کی خریداری کرتی ہیں مگر اکثر اوقات وہ لباس ان کی شخصیت اور جسم کے مطابق نہیں ہوتے لہٰذا ملبوسات کی شاپنگ کے وقت اپنے قد،جسم کی بناوٹ اور جلد کی رنگت سے ملبوسات کی مناسبت کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔

عید کے لئے ملبوسات کی خریداری کرتے ہوئے بھی موسم کے تقاضوں کو مدنظر رکھنا چاہئے۔موسم گرما اور برسات کے دنوں میں حبس کو مدنظر رکھتے ہوئے،خواتین عام طور پر لان کے ملبوسات پہننا پسند کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ آج کل ہر بازار اور شاپنگ مال میں لان اور لان کی تیار شدہ ملبوسات کی خریدار خواتین جوق در جوق آتی ہیں۔

(جاری ہے)

دکانوں میں جدید سے جدید اور خوبصورت اسٹائلش پرنٹس ہر طرف نظر آتے ہیں۔


پاکستان جیسے گرم ملک میں لان موسم گرما اور برسات کے دنوں کی خاص ضرورت ہے۔خواتین شدید گرمی اور حبس کے دنوں میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کا مقابلہ لان کی مدد سے کرتی ہیں۔لان کے چند جوڑوں سے وہ موسم گرما اور برسات آسانی سے گزار لیتی ہیں۔
آج کل خواتین ڈیزائنر لان میں خاصی دلچسپی لیتی ہیں۔مختلف خواتین کی پسندیدہ فیشن ڈیزائنرز بھی مختلف ہوتی ہیں۔
عید کی خریداری کے لئے تو اچھی فیشن ڈیزائنرز کی ڈیزائن کردہ لان کے ملبوسات کو ہی ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ وہ بہت دلفریب اور دیدہ زیب ہوتے ہیں۔ڈیزائنر لان کی ملبوسات کے متعلق تمام ذرائع ابلاغ یعنی ٹی وی،ریڈیو،اخبارات اور میگزین میں اشتہارات کے ذریعہ خواتین کو آگاہی دی جا رہی ہے اور تمام اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر بڑے بڑے ہولڈنگ اور بورڈ نظر آ رہے ہیں جس میں دلکش ڈیزائن کی لان یا لان کے ملبوسات دکھائی دیتے ہیں۔
ہر ٹی وی پروگرام کی ہوسٹس خاتون کسی مشہور ڈیزائنر کا تیار کردہ دیدہ زیب لباس زیب تن کئے ہوئے ہوتی ہیں۔عید کے موقع پر تو عام طور پر خواتین فیشن کی دوڑ میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتی ہیں اور اس پر فخر بھی کرتی ہیں۔یہ ایک صحت مندانہ رجحان ہے اور انسانی فطرت کے عین مطابق ہے۔خواتین پر ہی کیا منحصر،مرد بھی اپنی پسندیدہ اشیاء مثلاً موبائل فون،لباس،گاڑی اور بنگلوں کے معاملے میں ایسے ہی سوچتے ہیں۔

رنگ برنگے دلکش ڈیزائن کے پرنٹس اور مہارت سے منفرد انداز میں تیار کردہ ملبوسات آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔خصوصاً شادی بیاہ اور عید ملن پارٹیوں میں باذوق خواتین مرکز نگاہ ہوتی ہیں۔اگر آپ نے ابھی تک عید کی خریداری نہیں کی ہے تو یاد رکھیں کہ عام طور پر گہرے رنگ کی قمیضوں کے ساتھ سفید شلوار اور سفید دوپٹہ بہت خوبصورت لگتا ہے کیونکہ سفید رنگ گہرے رنگ کی شوخی کو نفاست میں تبدیل کر دیتا ہے،جس سے اس کا تاثر ٹھنڈا معلوم ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ عام طور پر بلیک کے ساتھ اورنج کلر کا اچھا کمبی نیشن ہوتا ہے اور اس پر اگر ایمبرائیڈری کا کام بھی ہو تو سونے پر سہاگہ۔دیگر بہت سے کمبی نیشن بھی اپنی اپنی پسند کے مطابق منتخب کئے جا سکتے ہیں۔سادہ یا پرنٹڈ لان پر لیس یا ربن لگی ہوئی فراک یا قمیض،مختلف انداز کے پاجاموں یا فلیپرز کے ساتھ پہنی جائے تو بہت خوبصورت لگتی ہیں۔
اگر آپ کے مالی وسائل زیادہ نہ ہوں تو عید کے لئے ایسی ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات کی خریداری کو ترجیح دیں جو بے شک زیادہ معروف نہ ہوں مگر باصلاحیت ہوں اور ان کی تخلیق ان کی جدت طرازی اور دلکشی کی شہادت دیتی نظر آئے۔جب ایک مرتبہ آپ کسی ڈیزائنر کی تخلیقات کے حسن کی قائل ہو جائیں گی تو پھر آپ کو بار بار ڈیزائنرز کے انتخاب کی زحمت کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور آپ کا بہت سا قیمتی وقت بچ سکے گا۔

Browse More Shopping Tips for Women

Special Shopping Tips for Women article for women, read "Rang Andaaz Eid Ke Sang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.