ریجنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ نے ڈگری کالج لاڑکانہ میں بائیو میٹرک مشین کا افتتاح کیا

جمعرات 19 جنوری 2017 22:22

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) ریجنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ پروفیسر شفیق احمد رند نے ڈگری کالج لاڑکانہ میں بائیو میٹرک مشین کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھکوٹ میں بائیو میٹرک مشینیں پہنچادی گئی ہیں جس میں اساتذہ اور لوئر اسٹاف کے حاضری کی بائیو میٹرک ہوگی، مشینوں کو بیک وقت سیکریٹری تعلیم اور ریجنل ڈائریکٹر آفس سے منسلک کیا گیا ہے جس سے غیر حاضر ملازمین کا پتہ چل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی گھوسٹ اساتذہ یا ملازم کو برداشت نہیں کریں گے اگر جو عملہ غیر حاضر ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک کوشش ہوگی کہ طلبہ کی بھی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک نظام متعارف کروایا جائے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ طلبہ سال میں کتنے روز کالجز میں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ اس موقع پر ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر غلام سرور قریشی، پروفیسر لعل بخش کلہوڑو، پروفیسر عتیق الرحمٰن سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں