گنے کی ملکی مجموعی پیداوار کا 69 فیصدحصہ پنجاب میں پیدا ہوتا ہے، محکمہ زراعت

جمعہ 20 جنوری 2017 17:59

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) پاکستان میں گنا قریبا 1129 ہزار ہیکٹر رقبہ پر کاشت کیا جاتا ہے جس سے 64 ملین ٹن پیداوار حاصل کی جاتی ہے۔ رقبہ اور پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا شمار دنیا بھر میں گنا پیدا کرنے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہوتا ہے جبکہ اوسط پیداوار میں پاکستان دسویں پوزیشن پر ہے جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

گنے کی ملکی مجموعی پیداوار کا قریباً 69 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے۔ گنے کی منظور شدہ اقسام کی پیداواری ٹیکنالوجی کے مقابلہ میں ہماری اوسط پیداوار نصف ہے۔ کاشتکار زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام کی پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرکے فی ایکڑ پیداوار میں قابل لحاظ اضافہ کرسکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں کئی مثالی کاشتکار گنے کی ایک ہزار من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں جبکہ ہماری اوسط فی ایکڑ پیداوار کم ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہم اس پیداواری فرق کو کم کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو گنے کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ دنیا کے 105 ممالک میں 26533 ہزار ہیکٹر رقبہ پر گنا کاشت کیا جاتا ہے جس سے 1877 ملین ٹن پیداوار حاصل کی جاتی ہے۔ محکمہ زراعت ملتان کے ترجمان کے مطابق گنے کی کم اوسط پیداوار کی بہت سی وجوہات میں زمین کی ناکافی تیاری بھی ایک وجہ ہے۔ گنے کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے زمین کو ہموار کرنا اور گہرا ہل چلانا ضروری ہے۔

اسی طرح بروقت کاشت، سفارش کردہ شرح بیج کا استعمال اور گہری کھیلیوں میں گنے کی کاشت سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ کاشت کے جدید طریقوں پر عمل کرکے گنے کی پیداوار میں 30 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔ گنے کی غیر منظور شدہ اقسام کی کاشت سے پیداوار میں کمی ہوتی ہے جبکہ جڑی بوٹیوںکی وجہ سے پیداوار میں 25 فیصد تک کمی ہوتی ہے۔ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے سائنسدانوں نے گنے کی آبپاشی کیلئے متبادل کھیلیوں میں آبپاشی کا طریقہ وضح کیا ہے جس سے پانی کی بچت ہوتی ہے۔

اسی طرح کھادوں کے متناسب استعمال سے گنے کی پیداواری لاگت کو کم کیا جاسکتا ہے۔ جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرکے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جاسکتا ہے جو کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی معیشت میں استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں