دانش سکولز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام ہے،جمیل احمد جمیل

منگل 17 جنوری 2017 13:38

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ دانش سکولز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام ہے جس کے باعث معاشرے کے غریب ، مستحق اور نادار خاندانوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع میسر آ ئے اور آج وہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی ماحول میں زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دانش سکولز کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دانش سکول گورننگ باڈی کا اجلاس باقاعدگی سے دانش سکول میں منعقد کیا جائے گا اور اس کے لئے پرنسپل /سیکرٹری دانش سکول اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دانش سکول کے ساتھ جذباتی رشتہ ہے کیونکہ اس ادارہ میں معاشرے کے اس طبقات کے ہونہار طالبعلم تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کے لئے اعلیٰ تعلیم کا حصول محض ایک خواب تھا مگر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ذاتی دلچسپی کے باعث دانش سکولوں میں یتیم، غریب ، مستحق اور نادار خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طالبعلم حصول تعلیم کے بعد ملک و قوم کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دانش سکول کی گوررننگ باڈی مکمل طور پر با اختیار ہے اور گرلز و بوائز کے پرنسپل اپنے تمام مسائل بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں لائیں انہیں فوری حل کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بورڈ آف گورنرز کے اراکین باقاعدگی سے ہفتہ وار سکول کا وزٹ کریں گے اور بچوں و اساتذہ سے مسائل دریافت کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ طلباء و طالبات کے ہاسٹلز میں اساتذہ کی موجودگی یقینی بنائیں اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے جس کے لئے ضروری ہے کہ اساتذہ کے بھی ریفریش کورسز کرائے جائیں۔

اجلاس میں گرلز اینڈ بوائز کیمپس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے علاوہ متعدد فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کوارڈینیشن محمد حنیف، ممبران بورڈ آف گورنرز میجر(ر)محمد طارق، میاں اکرام الحق، مسز تسنیم فضلی، روبینہ بدر، کرنل(ر)محمد عرفان،نجیب اللہ خان سمیت دیگر نے دانش سکول کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں