محنت کشوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہماری اولین تر جیح ہے‘ نگران وزیر محنت

منگل 10 جولائی 2018 15:40

لاہور۔10 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) صوبائی نگران وزیر محنت و انسانی وسائل میاں نعمان کبیر نے کہاہے کہ محنت کش قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیںاورنگران پنجاب حکومت اپنے محدود مینڈیٹ کے تحت محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘ ضلع سیالکوٹ میںسوشل سکیورٹی کے تحت رجسٹرڈ 49ہزار سے زائد مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک سوشل سکیورٹی ہسپتال اور 13ڈسپنسریاں کام کررہی ہیں‘ سوشل سکیورٹی سے متعلق شکایات کے بلا تاخیر حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی‘ یہ با ت انہوں نے سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کے دورہ کے موقع پر کہی‘صوبائی وزیر نعمان کبیر نے ہسپتال میں محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ کو دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ‘ اس موقع پرہسپتال کے انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ‘ صوبائی وزیرنے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کو ملنے والی طبی سہولیات کے معیار بارے استفسار کیا ‘ انہوں نے آپریشن تھیٹر ، لیبارٹری اور فارمیسی کا بھی معائنہ کیا ‘میاں نعمان کبیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہسپتال میں جدید طبی آلات اورضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں‘انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور انہیں علاج کی بہترین سہولتیں مفت فراہم کرنا ہمارا عزم ہے‘اس لئے پنجا ب حکومت محنت کشوں کو علاج معالجہ کی مفت اور معیاری طبی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے‘وزیر محنت میاں نعمان کبیر نے کہا کہ سوشل سیکورٹی کے ہسپتال اور ڈسپنسریاں صنعتی کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجہ کی جدیدسہولیات فراہم کر رہی ہیں‘صحت کے ان اداروں میں طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں