لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھٹہ چوک پر جمع ہونے والے ن لیگی کارکنوں کا احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان

قائد نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر کارکن مشتعل ہوگئے، عدلیہ سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل، کئی کارکنوں نے خود کو زخمی کر لیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 جولائی 2018 23:52

لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھٹہ چوک پر جمع  ہونے والے ن لیگی کارکنوں کا احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13جولائی 2018ء) لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھٹہ چوک پر جمع  ہونے والے ن لیگی کارکنوں کا احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان، قائد نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر کارکن مشتعل ہوگئے، عدلیہ سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل، کئی کارکنوں نے خود کو زخمی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی گرفتاری کے بعد لاہور ائیرپورٹ کے قریب امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے طیارے کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرلینڈ کرنے کے ساتھ ہی نیب ٹیم نے احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکوگرفتارکرلیا، گرفتاری سے قبل امیگریشن کی تمام کاروائی مکمل کی گئی۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے دوران جہاز کے اندر رینجرز اور ن لیگی کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

جبکہ اپنے قائد کی گرفتاری کے بعد لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھٹہ چوک پر جمع  ہونے والے ن لیگ کارکن شدید مشتعل ہوگئے۔ اردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی آر جے فرحان سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی کارکنوں نے اپنی آواز دنیا تک پہنچائی۔ اردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی آر جے فرحان سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی کارکنوں نے موقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے قائد کے استقبال کا حق نہ دے کر ان کیساتھ زیادتی کی گئی ہے۔

وہ پرامن طریقے سے نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور ائیرپورٹ پہنچنا چاہتے تھے، تاہم پولیس نے جگہ جگہ ان کے راست میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور ان پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔ اردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی آر جے فرحان سے گفتگو کرتے ہوئے کچھ دلبرداشتہ ن لیگی کارکنوں نے خود کو  تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی بھی کر لیا۔ ن لیگی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کے دل سے نواز شریف کی محبت کوئی نہیں نکال سکتا۔

وہ سوال کرتے ہیں کہ آخر کیوں انہیں اپنے قائد کے استقبال کے حق سے محروم رکھا گیا۔ ن لیگ کے کارکنوں نے ائیرپورٹ تک رسائی کا حق نہ ملنے کے باعث بھٹٰ چوک میں احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ دلبرداشتہ ن لیگی کارکنوں نے عدلیہ سے انصاف کی فراہمی کی اپیل بھی کی ہے۔


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں